قرآن کی جامع انسائیکلوپیڈیا

ڈاکٹر مظفر اقبال کینیڈامیں مقیم پاکستانی(1954) دانش ور ہیں۔ آپ کا اصل میدان سائنس ہے لیکن سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ علوم اسلامیہ میں بھی گہری نگاہ اور وسیع مطالعہ رکھتے ہیں۔ مغربی فکر و فلسفہ پر بھی انھیں ید طولیٰ حاصل ہے، فکر اسلامی کی تاریخ،علم الکلام اور اسلام اور سائنس کے مباحث کا ماہرسمجھا جاتا ہے۔اس تعلق سے انھوں نے عالم اسلام کے اکثر ممالک کا دور ہ کیا اور تشنگانِ علم و تحقیق کو علم و فکر سے فیض یاب کرتے رہے۔آپ 1979ء سے کینیڈا میں قیام پذیر ہیں۔ڈاکٹر اقبال نے اکیس کتابیں تصنیف، ترجمہ اور تدوین کیں اور ان تصنیفات کے علاوہ آپ نے اسلام اور سائنس، اسلام اور مغرب کے درمیان تعلق، مسلمانوں کی عصری صورت حال اور اسلامی سائنس کی تاریخ پر تقریباً ایک سو سے زائد تحقیقی مقالے لکھے ہیں۔ آپ ایک معروف شش ماہی تحقیقی مجلہIslam and Science کے مدیر بھی ہیں۔[1]

The Integrated Encyclopaedia of the Quran

ڈاکٹر مظفراقبال کی نگرانی اور ادارت میںThe Centre for Islamic Sciences, Canada نے2009ءمیں پہلی مرتبہ انگریزی زبان میں قرآن مجید پر ایک مستند علمی پروجیکٹ شروع کیا جس کا نامThe Integrated Encyclopaedia Of the Quran رکھا گیا۔اس کی پہلی جلد 2012ء میں شائع ہوئی اور اب تک اس کی دوجلدیں شائع ہوچکی ہیں۔یہ علمی پروجیکٹ در اصل مستشرقین کی علمی کارستانیوں اور قرآن مجید کے متعلق ان کے پھیلائے ہوئے شکوک و شبہات کا جواب ہے اوربالخصوص جین ڈیمن میک الف (Jane Dammen McAuliffe)کی ادارت میں شائع شدہ Encyclopaedia of Quran کے جواب میں تیار کیا جارہا ہے۔ جین ڈیمن میک الف نے انسائیکلو پیڈیا آف قرآن کے ذریعے سے بہت سے شکوک و شبہات کو جنم دیا اور جنھیں وسیع پیمانے پر پھیلایا جارہا ہے۔ یہ انسائیکلو پیڈیا چھ ضخیم جلدوں پر مشتمل ہے اوراس میں علمی اپروچ کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے ذریعے سے قرآن مجید اور اس کے پیغام کو مشکوک کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔[2] اس کا ازالہ کرنے کے لیے ڈاکٹر مظفر اقبال نے The Integrated Encyclopaedia Of the Qura‘n تیار کرنے کا عظیم منصوبہ بنایا ہے اور اسی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے محوِ جدو جہد ہیں۔ اس کمی کودور کرنے کےلیے ڈاکٹر اقبال نے Integrated Encyclopaedia of the Quran مرتب کرنے کا ایک عظیم کام اپنے ہاتھ میں لیا۔اس تعلق سے انھوں نے عالم اسلام کے معروف اہل علم سے تعاون لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر مظفر اقبال نے اس کے علاوہ Encyclopaedia of Quran پر ایک مفصل و مدلل تنقیدی مضمون بھی لکھا ہے جوThe Quran, Orientalism, and the Encyclopaedia of the Quran کے عنوان سےMuslim World Book Review میں2008 ءشائع ہوا اور بعد میں اس پر مزید اضافہ کر کے الگ سے کتابچہ کی شکل میں بھی شائع کیا گیا ہے۔[3]

قرآن حکیم کا جامع انسائیکلو پیڈیا : ایک ضرورت

قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے اور ہر مسلمان کااس پر ایمان ہے۔اس پر ایمان وعقیدے کے بغیر وہ مسلمان نہیں ہوسکتا اور نہ ہی اس کی کوئی عمل درست ہوسکتاہے۔ قرآن مجید مسلمانوں سے مطالبہ کرتا ہے اس کی جملہ تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ اس کے پیغام اور احکامات کو دوسروں تک پہنچایا جائے۔ قرآن مجید نے ہر انسان کو اس بات کا مکلف بنایا کہ دوسروں کو پیغام خدا وندی سے آگاہ کرے۔اس سلسلے میں سورۃ الحج (77-78)اور سورۃ البقرہ (143)میں تفصیل کے ساتھ رہ نمائی کی گئی ہے۔مسلمانوں پراولین ذمہ داری یہ ہے کہ وہ قرآن مجید اور اس کےپیغام کو خود بھی سمجھے اور دوسروں کو بھی سمجھائے،خود بھی اس کی تعلیمات سے روشناس ہوجائے اور دوسروں کو بھی اس کے پیغام سے مستفید فرمائے۔ معاصر دنیا میں اس تعلق سے مسلمانوں پر مزید یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاصر زبانوں میں کلام الٰہی کی درست تفہیم اور نہج پر لوگوں تک کلام الٰہی پہنچائیں اور اس سے متعلق جو غلط فہمیاں پیدا کی گئی ہیں ان کا ازالہ کریں اور قرآن مجید کی درست تفہیم اورتعبیر کی اشاعت وتبلیغ کریں۔

آئی ای کیو کا پس منظر

دور جدید میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد وہ ہے جو عربی سے بالکل لاعلم ہے۔ اس کی وجہ سے وہ قرآن مجید سمجھنے سے قاصر ہیں۔بہت ہی قلیل تعداد ایسے لوگوں کی ہے جو عربی زبان سے واقف ہیں اور قرآن کو براہ راست عربی زبان سے ہی سمجھ سکتے ہیں۔ ان مسلمانوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو ناظرہ پڑھنے سے بھی معذور ہیں، اس سلسلے میں اس زبان سے محبت اور تعلق رکھنا ا اور اس کا سیکھنا ان کے لیے ازحد ضروری ہے۔ اس وقت زمین پر رہنے والے تقریباً آٹھ ارب انسانوں میں سے ہر چوتھا یہ تسلیم کرتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمد ﷺ اس کے رسول ہیں۔یہ گواہی ہر مسلمان دیتا ہے۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ قرآن اللہ کی طرف سے بھیجی گئی آخری کتاب ہے جو انسانیت کو صراط مستقیم کی طرف رہ نمائی کے لیے بھیجی گئی ہے اور یہ کہ حضرت محمد ﷺ کی زندگی اس کا بہترین نمونہ ہے۔ اسلام کی تفہیم اور اس کی تعلیمات سمجھنے کے لیے قرآن کا گہرا مطالعہ اور قرآن کے علوم اور رسول ﷺکی سیرت کا مطالعہ نہایت ضرورت ہے۔ یہ سب ذرائع کلاسیکی عربی زبان و مصادر میں ہیں لیکن آج کل صرف 8 سے 10 فیصد مسلمانوں کے پاس ان نصوص کو سمجھنے کے لیے کلاسیکی عربی زبان پر قدرت حاصل ہے۔[4]اس سلسلے میں The Integrated Encyclopaedia of the Quran کے ایڈیٹر اور اس کے معاونین کا کہنا ہے کہ اسی فیصد مسلمانوں کو عربی زبان میں قرآن تک براہ راست رسائی حاصل نہیں ہے اور یہاں تک کہ وہ لوگ جو اسے اس کی اصل زبان یعنی عربی میں پڑھ سکتے ہیں، اکثر اس صحت مند روایت کے عادی نہیں ہے جو قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور اس کی اشاعت کے لیے ضروری ہے۔اس کی وجہ سے قرآن کی تفہیم کی ترسیل کے سلسلے میں مزید مسائل پیدا ہوگئے ہیں، انسائیکلو پیڈیا کے ذمہ داروں کے نزدیک اگر مسلمانوں کے لیے قرآن تک رسائی مشکل ہو گئی ہے، توغیر مسلموں کی ایک بڑی اکثریت کے لیے قرآن سمجھنے کی راہیں تقریباً مکمل طور پر محدود ہوجائیں گی۔ یہ نہ صرف ان لوگوں کے لیے ایک بہت بڑی آفت ہے جو قرآن اور خالق کے ساتھ تعلق نہیں رکھتے بلکہ پوری نوع انسانی کے لیے بھی آفت ہے۔ [5]IEQ قارئین کو قابل اعتماد، مربوط اور مستند اسکالرشپ کے ساتھ پیش کرتا ہے جو کلاسیکی اسلامی تفسیری کاموں کے وسیع ذخیرے کے ساتھ ساتھ قرآنی علوم سے متعلق متعدد دیگر کاموں سے اخذ کیا گیا ہے اور اس کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس تاریخی پس منظر میں سنٹر فار اسلامک سائنسز نے ایک پروجیکٹ تیار کیا تاکہ قرآن کا ایک جامع انسائیکلو پیڈیا منصئہ شہود پر لایا جائے۔ [6]

یہ انسائیکلو پیڈیا دراصل سات جلدوں پر مشتمل ایک منفرد حوالہ جاتی پروجیکٹ ہے جو قرآن پر چودہ صدیوں سے محیط اسلامی اسکالرشپ کا احاطہ کرتا ہے۔ اس میں قرآن سے متعلق مستند علوم و معارف کا وسیع علمی ورثہ جمع کیا گیا جو کسی مغربی زبان میں آج تک کسی بھی موجودہ حوالہ جاتی پروجیکٹ یا کتاب میں نہیں ملتا۔

اس کی پہلی جلداس ادارےسے جلد(A سے Bتک کے مشمولات) 2013 ءمیں شائع ہوئی اور یہ چار سو (400)صفحات پر مشتمل ہے۔ [7]دوسری جلدBeaسے Dتک2016ءمیں شائع کی گئی ہے اور اس کی باقی جلدیں ہر اٹھارہ ماہ کے بعد شائع کرنے کا منصوبہ ہے۔[8] لیکن ابھی تک اس کی دو ہی جلدیں طبع ہوکر منظر عام پر آچکی ہیں۔ انسائیکلو پیڈیا کی ہر جلد تقریباً 550سے 600صفحات کی ضخامت تک رکھنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے 515مضامین و مقالات (Entries)میں اس کا پانچواں حصہ مکمل ہوگیا ہے۔ 2020 ءمیں اس منصوبے کو آن لائن پروجیکٹ کے طور پر دوبارہ ترتیب دیا گیا تھااور اس اقدام کے ساتھIEQ اب عالمی سطح پر آن لائن مفت دستیاب رکھا گیا۔آن لائن ورژن میں AسےZ تک تمام مضامین ومقالات دستیاب رکھے گئے ہیں۔ویب سائٹ پر Aکے تحت 34مضامین،B کے تحت 29 مضامین،Cکے تحت 43 مضامین، Dکے تحت 32 مضامین،Eکے تحت مضامین،F کے تحت 22 مضامین، Gکے تحت 16 مضامین،Hکے تحت 31 مضامین شانل ہیں، اور یہ سلسلہ Xتک جاری ہے۔ جو مضامین ابھی مکمل یا اپ لوڈ نہیں کیے گئے تو وہاں پر to be completed لکھا گیا ہے۔[9] مضمون کا ڈھانچہ بہت ہی منضبط انداز میں تیار کیا گیا ہے، مثلاً Darkness یعنی ظلمات پر مضمون کا ڈھانچہ مندرجہ ذیل طریقے سے ترتیب دیا گیا ہے :

Darkness

Definitions and Usage

Creation of Darkness

Physical Darkness

Figurative Darkness

Darkness of Disbelief

Bibliography[10]

عربی اور قرآنی اصطلاحات کی نقل حرفی (ٹرانسلٹریشن) کا بھی خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ نیز ہرعربی اصطلاح کا انگریزی حروف تہجی کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ مثلاً Abilityکا معنی istitaa،Ablution،ghusl,wadu,tayammum انگریزی الفاظ ہی میں پیش کیا گیا ہے۔ IEQ تمام تصورات، شخصیات، مقامات، واقعات اور قرآن میں مذکور چیزوں اور علوم کو مخاطب کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مضامین اور مقالات کے عناوین اور ناموں کے انتخاب کے سلسلے میں اس بات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ ان کی حرمت مجروح نہ ہو۔ مثال کے طور پرعیسی علیہ السلام پر مقالہ ’’1‘‘ کے تحت ہی رکھا گیا لیکن جو اسےJesus کے تحت کالم یا مضمون تلاش کرنا چاہیے گا ان کی سہولت کے لیے حرف ’ J ’میں اس کے مناسب مقام پر ایک اضافی حوالہ دے دیا گیا تاکہ ہر ایک آسانی سے تلاش کرسکے۔[11]

انٹگریٹڈ انسائیکلو پیڈیاآف قرآن کا مقصد

اکثر غیر مسلم افراد قرآن مجید سے غیر مانوس ہوتے ہیں اور بالواسطہ یا بلا واسطہ اس اجنبیت کا ایک گہرا احساس پیدا کر دیتا ہے کہ کس طرح سے وہ اس پیغام کو سمجھنے کے لیے تیار ہوجائے۔ زیادہ سنجیدہ متلاشی قرآن مجید کے پیغام کی تفہیم کے لیے لکھی جانے والی کتابوں سے مدد لینے کی کو شش کرتے ہیں اور اکثر مستشرقین کی انتہائی پر فسوں اور حق و باطل کی مخلوط تحریروں کے جال میں پھنس جاتے ہیں یا ایسی کتب سے دو چار ہوتے ہیں جن سے ان کی تشفی نہیں ہوتی کیوں کہ یہ تحریر یں مسلمانوں کے قلم سے نکلی ہیں لیکن ان کے اساسی مفروضات، زبان وادب، مواد یاطر ز تحریر انھیں راس نہیں آتا۔ان حالات میں قرآن حکیم کا جامع انسائیکلو پیڈیا ایسے مخلص غیر مسلموں کے لیے ایک اہم ذریعہ ثابت ہو گا کیوں کہ اس کے تقریباً ساڑھے چھ سو مقالے قرآن مجید کے پیغام کو اس طرح پیش کریں گے کہ مغربی تعلیم و تربیت سے پروان چڑھنے والے اذہان کے لیے اسے سمجھنے میں کوئی دشواری نہ ہو گی۔اس لیے میں سنٹر فار اسلامک سائنسزجامع اور مربوط انسائیکلوپیڈیا تیار کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو گذشتہ چودہ صدیوں کے علی ذخیرے کو استعمال میں لاتے ہوئے قارئین کے تین طبقوں کے لیے مفید ہوگا:

مسلمان قاری جو تفہیم قرآن کے لیے براہِ راست عربی زبان اور دینی روایات سے فائدہ نہیں اٹھا سکتے۔

ایسے غیر مسلم جو خلوص دل قرآن مجید کے پیغام کو سمجھنا چاہتے ہیں۔

مسلمان اور غیر مسلم محقق اور استاذہ،خواہ وہ تخصیص طور پریا قرآن مجید سے متعلق کسی بھی موضوع پر تحقیقی کر رہے ہوں یا پھر ان کی علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا محور عمومی طور پر اسلام سے متعلق ہو۔ [12]

اس انسائیکلو پیڈیا کے اعلیٰ علمی اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے قرآن سےمتعلق محض مستند معلومات کا ہی خزینہ نہیں بلکہ قرآن مجید کو ایک نازل شدہ متن کی حیثیت سے پیش کرنا اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصدہے۔

حواشی

Abdul Majid khan, Muhmmad Asad: An Intellectual Giant of Contemporary World (Aligarh, Averroes Academy 2018),124۔

Jane Dammen McAuliffe ed. Encyclopedia of the Qur’an. 6 vols. Leiden, The Netherlands: Brill, 2001–2006.

Muzaffar Iqbal, The Qur’an, Orientalism, and the Encyclopaedia of the Qur’an, Journal of Qur’anic Research and Studies Volume 3 Issue 5 2008, Also available at: https://www.muslimlibrary.com/dl/books/English_The_Quran_Orientalism_and_the_Encyclopaedia_of_the_Quran_.pdf(as accessed on june. 04, 2024).

Muzaffar Iqbal, Integrated Encyclopedia of the Quran (IEQ): Raison d’être and Project Summary, Islamic Studies, Vol. 47, No. 4 (Winter 2008), pp. 537-543.

اس انسائیکلو پیڈیا کا پورا نام The Integrated Encyclopedia of the Quran ہے اور اس کی مستند ویب سائٹ www.iequran.com پر اس کی تمام تفصیلات موجود ہیں ۔

https://iequran.com/project/index.php(as accessed on june. 05, 2024)

Muzaffar Iqbal, Integrated Encyclopedia of the Quran (Sherwood Park, Canada: Centre for Islamic Sciences, 2013).

https://iequran.com/project/index.php(as accessed on june. 07, 2024).

Integrated Encyclopedia of the Quran, https://iequran.com/project/index.php(as accessed on june. 08, 2024).

Note about the IEQ project https://online.iequran.com/ (as accessed on june. 08, 2024).

https://iequran.com/project/index.php(as accessed on june. 08, 2024).

Integrated Encyclopedia of the Quran, Ahttps://online.iequran.com/ (as accessed on Oct. 09, 2024).

مشمولہ: شمارہ اپریل 2025

مزید

حالیہ شمارے

اپریل 2025

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223