مکالمہ بین المذاہب

آج کل’ مذاہب کے درمیان مکالمہ‘﴿Dialougue﴾ کا خاص چرچا ہے۔ اس کا مقصد یہ بیان کیا جاتا ہے کہ مذاہب کے درمیان قربت بڑھے، غلط فہمیوں کا ازالہ ہو، ان کے درمیان جو اختلافات ہیں وہ دور ہوں اور وہ ایک دوسرے سے قریب آئیں۔ اس سلسلے میں مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان تبادلۂ خیال ہورہا ہے، مذاکرے اور سمینار ہورہے ہیں اور بھی مختلف سطحوں سے کوشش ہورہی ہے۔ اس تگ و دو کے پیچھے جو ذہن کارفرما ہے وہ یہ ہے کہ مذاہب کے درمیان اختلافات حقیقی نہیں ہیں، سب کی اصل ایک ہے، سب روح کی تسکین اور اپنے خالق و معبود کی رضا چاہتے ہیں، انسانوں کی بھلائی اور خیرخواہی ان میں سے ہر ایک کے پیش نظر ہے، ظلم و زیادتی اور جبروتشدد کو سب ہی غلط باور کرتے ہیں اور ہر ایک کے ساتھ عدل و انصاف کا رویہ اختیار کرنا چاہتے ہیں، ان کے درمیان بنائے اختلاف کم ہے اور اتحاد کی بنیادیں زیادہ ہیں۔ یہلَے جب بڑھتی ہے تو وحدتِ ادیان کے تصور تک پہنچتی ہے یعنی یہ کہ منزل سب مذاہب کی ایک ہے، البتہ راہیں جدا ہیں۔

لیکن واقعہ یہ ہے کہ وحدتِ ادیان ایک مہمل اور بے بنیاد تصور ہے۔ جو لوگ وحدتِ ادیان کی بات کرتے ہیں وہ مذاہب کی بنیادی تعلیمات سے صرفِ نظر کررہے ہیں۔یہ ایک حقیقت ہے کہ مذاہب کے درمیان اختلافات ہیں اور بنیادی اختلافات ہیں، اس لیے ان کو ایک زمرے میں نہیں رکھا جاسکتا۔ یہ فرق اسلام اور دوسرے مذاہب کے مطالعہ سے بآسانی سمجھا جاسکتا ہے۔

اس معاملہ میں اسلام کا موقف یہ ہے کہ وہی ہمیشہ اللہ کا دین رہا ہے، اسی کی تعلیم ہر دور میں ہر پیغمبر نے دی، لیکن ان کی تعلیم اصل شکل میں باقی نہیں رہی، زمانہ گزرنے کے ساتھ اس میں تحریف ہوتی چلی گئی۔ اللہ کا یہی دین محمد ﷺپر آخری بار نازل ہوا۔ آپ سلسلۂ رسالت کی آخری کڑی ہیں، آپﷺ پر جو کتاب نازل ہوئی وہ قرآنِ مجید ہے اور وہ پوری طرح محفوظ ہے۔ آپﷺ کی سیرت اور قول و عمل سے اس کی تشریح ہوتی ہے، اب دنیا و آخرت کی فوز و فلاح اسی کتاب سے وابستہ ہے، اس کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ یہ باتیں قرآن مجید میں بڑی وضاحت کے ساتھ کہی گئی ہیں۔ ارشاد ہے:

قُلْ یٰآَیُّہَا النَّاسُ اِنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ اِلَیْکُمْ جَمِیْعاً۔ ﴿الاعراف: ۱۵۸﴾

’’﴿اے پیغمبرﷺ!﴾ کہہ دو اے لوگو! بے شک میں تم سب کی طرف رسول بناکر بھیجا گیا ہوں۔‘‘

ایک اور جگہ فرمایا:

وَمَا اَرْسَلْنَاکَ اِلَّا کَافَّۃً لِّلنَّاسِ بَشِیْراً وَّ نَذِیْراً وَلٰ کِنَّ اَکْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَo  ﴿السبا:۲۸﴾

’’ہم نے تو آپ کو تمام لوگوں کے لیے ‘بشیر و نذیر’ بناکر بھیجا ہے لیکن اکثر لوگ جانتے نہیں ہیں۔‘‘

محمد ﷺ کے آخری رسول اور خاتم النبیین ہونے کا اعلان ان الفاظ میں کیا گیا:

مَاکَانَ مُحَمَّدٌ اَبَآ اَحَدٍ مِّنْ رِّجَالِکُمْ وَلٰ کِنْ رَّسُوْلَ اللّٰہِ وَ خَاتَمَ النَّبِیِّیْنَ وَکَانَ اللّٰہُ بِکُلِّ شَیٍٔ عَلِیْماًo             ﴿الاحزاب:۴۰﴾

’’محمد﴿ﷺ﴾ تمہارے مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، لیکن اللہ کے رسول ہیں اور ‘خاتم النبیین’ ہیں اور اللہ ہر چیز کا جاننے والا ہے۔‘‘

دنیا کے تمام انسانوں کو آپ پر ایمان لانے کی دعوت دی گئی اور کہا گیا کہ اسی میں ‘خیر’ ہے۔ کفر کا راستہ اختیار کرکے انسان اللہ کو نقصان نہیں پہنچاسکتا، خود ہی نقصان میں رہے گا:

یٰآَیُّہَا النَّاسُ قَدْ جَآئَ کُمُ الرَّسُوْلُ بِالْحَقِّ مِنْ رَّبِّکُمْ فَاٰمِنُوْا خَیْراً لَّکُمْ وَاِنْ تَکْفُرُوْا فَاِنَّ لِلّٰہِ مَا فِیْ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَکَانَ اللّٰہُ عَلِیْماً حَکِیْماًo         ﴿النساء:۱۷۰﴾

’’اے لوگو! تمہارے پاس رسول ﴿ﷺ﴾ تمہارے رب کی طرف سے حق لے کر آگیا ہے۔ پس تم ﴿اس پر﴾ ایمان لے آؤ، اسی میں تمہارے لیے خیر ہے، لیکن اگر کفر کروگے تو ﴿یاد رکھو﴾ کہ جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے وہ سب اللہ ہی کا ہے اور اللہ جاننے والا اور حکمت والا ہے۔‘‘

مذہب کے اساسی عقائد کا انسان کی پوری زندگی پر اثر پڑتا ہے۔ اس سے پورا نظامِ عمل اور طریقۂ حیات وجود میں آتا ہے۔ ہر مذہب کی عبادات اس کے عقیدے کی تابع ہوتی ہیں۔ عقیدے کی بنیاد پر تہذیب و معاشرت وجود میں آتی ہے۔ اسی کے تحت شادی بیاہ، پیدائش اور موت تک کے رسوم انجام پاتے ہیں۔ کاروبار اور لین دین کے طریقے اور مختلف افراداور طبقات کے حقوق و فرائض طے ہوتے ہیں۔ اسی طرح مذہب عقیدہ کے ساتھ اس سے ہم آہنگ اخلاقیات اور قانون بھی رکھتا ہے۔ اسے اس کا ‘نظام شریعت’ کہا جاسکتا ہے۔ اسی سے اس کی انفرادیت قائم ہوتی ہے اور وہ پہچانا جاتا ہے۔

قرآنِ مجید کا بیان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں کو اصولِ دین کے ساتھ حسبِ حال اور حسبِ ضرورت شریعت اور قانون بھی دیا تھا۔ اس نے مختلف مواقع پر توریت اور انجیل کے بعض قوانین کا ذکر بھی کیا ہے، جو حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو دیے گئے تھے اور جن کی پابندی کا ان سے عہد لیا گیا تھا۔ اس نے بعض دوسرے پیغمبروں کی شریعتوں کا بھی حوالہ دیا ہے۔ یہ شریعتیں اپنے وقت اور ماحول کے لیے تھیں۔ آخری رسول اور آخری شریعت کے آنے کے بعد وہ منسوخ ہوگئیں۔ مذاہب کے ماننے والوں کو وہ نجی زندگی میں اپنی شریعت پر عمل کی اجازت دیتا ہے، لیکن اپنے دائرئہ اختیار میں آخری شریعت کو نافذ کرتا ہے:

ثُمَّ جَعَلْنَاکَ عَلٰی شَرِیْعَۃٍ مِنَ الْاَمْرِ فَاتَّبِعْہَا وَلَا تَتَّبِعْ اَہْوَآئَ الَّذِیْنَ لَا یَعْلَمُوْنَo ﴿الجاثیہ: ۸۱﴾

’’ہم نے آپ کو دین کے معاملے میں ایک شریعت دے دی۔ اب آپ اس کی اتباع کریں اور ان لوگوں کی خواہشات کے پیچھے نہ چلیں جو جانتے نہیں ہیں۔‘‘

جدالِ احسن

مذاکرہ یا مباحثہ دو مقاصد کے تحت ہوتا ہے۔ ایک مقصد ہے حق و صداقت کی تلاش، بحث و تمحیص کے ذریعہ‘حق’ کو جاننے کی کوشش۔ دوسرا مقصد یہ ہے کہ نظریات اور عقائد کی صحت و عدم صحت سے بحث نہ کی جائے، بلکہ یہ دیکھا جائے کہ وہ کون سی مشترک اقدار ہیں، جن پر سب کو اتفاق ہوسکتا ہے۔

اسلام اس دوسرے مقصد کا قائل نہیں ہے۔ وہ ایک دعوت ہے اور بحث و مباحثہ کے ذریعہ اس کی حقانیت واضح کرنا مقصود ہے۔

قرآنِ مجید کا براہِ راست خطاب مشرکینِ عرب اور اہلِ کتاب سے تھا۔ سورہ نحل میں مشرکین عرب کے سیاق میں حکم دیا گیا:

اُدْعُ اِلٰی سَبِیْلِ رَبِّکَ بِالْحِکْمَۃِ وَالْمَوْعِظَۃِ الْحَسَنَۃِ وَجَادِلْہُمْ بِالَّتِیْ ہِیَ اَحْسَنُ اِنَّ رَبَّکَ ہُوَ اَعْلَمُ بِمَنْ ضَلَّ عَنْ سَبِیْلِہٰ وَہُوَ اَعْلَمُ بِالْمُہْتَدِیْنَo       ﴿النحل:۱۲۵﴾

’’آپ اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ذریعے بلائیے اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے بحث کیجیے۔ آپ کا رب خوب جانتا ہے کہ کون اس کے راستے سے بھٹک گیا ہے اور وہ ہدایت پانے والوں کو اچھی طرح جانتا ہے۔‘‘

اس آیت میں صاف الفاظ میں اللہ کے راستے کی طرف بلانے، یا یوں کہا جاسکتا ہے کہ اسلام کی دعوت کا حکم ہے۔ اس کے لیے حکمت اور موعظہ حسنہ کے ساتھ‘جدالِ احسن’ کا طریقہ تجویز کیا گیا ہے۔ ‘حکمت’ یہ ہے کہ عقلی دلائل کے ذریعے اللہ کے دین کی دعوت دی جائے۔ موعظہ حسنہ میں تذکیر اور وعظ و نصیحت کا پہلو ہے۔ ‘جدال بہ طریقِ احسن’ یہ ہے کہ بہتر طریقے سے گفتگو ہو، شکوک و شبہات رفع کیے جائیں اور مبنی بر حق موقف کو بہتر طریقے سے سمجھایا جائے۔ ﴿۱﴾

مشرکینِ عرب سے اسلام کا اختلاف بنیادی عقائد میں تھا۔ اسلام توحید کا علم بردار ہے۔ کائنات اور انسان کے بارے میں اس کا نقطۂ نظر اسی عقیدئہ توحید سے نکلتا ہے۔ مشرکین عرب کے ہاں خدا کا تصور تھا، لیکن وہ آلودئہ شرک تھا۔ وہ اسلام کے تصورِ توحید کو قبول کرنے کے لیے تیار نہ تھے۔ اسلام وحی و رسالت کا قائل ہے، مشرکین کے لیے یہ تصور اجنبی سا ہوکر رہ گیا تھا، وہ حضرت محمد ﷺ کی رسالت کو ماننے کے لیے آمادہ نہ تھے۔ اسلام کا ایک بنیادی عقیدہ آخرت اور جزائے عمل کا ہے، لیکن وہ حیات بعد الموت کو کسی طرح قبول نہیں کررہے تھے اور خدا کے قانونِ عدل کے مقابلے میں انھیں اپنے معبودانِ باطل کی سفارش پر تکیہ تھا۔

اس ماحول میں اسلام نے شرک کی ہر پہلو سے تردید کی اور ثابت کیا کہ اس کی کوئی مضبوط بنیاد نہیں ہے۔ یہ انسان کی عقل اور اس کی نفسیات کے خلاف ہے۔ اس کے نتائج دنیا میں بھی تباہ کن ہیں اور آخرت میں بھی ہلاکت کا باعث ہوں گے۔

مشرکین عرب سے اس نے جس طرح گفتگو کی اس کی ایک چھوٹی سی مثال یہاں پیش کی جارہی ہے:

ضَرَبَ اللّٰہُ مَثَلاً رَّجُلًا فِیْہِ شُرَکَآئ مُتَشَاکِسُوْنَ وَرَجُلًا سَلَماً لِّرَجُلِ ہَلْ یَسْتَوِیَانِ مَثَلًا اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ بَلْ اَکْثَرُہُمْ لَا یَعْلَمُوْنَo ﴿الزمر:۹۲﴾

’’اللہ نے ایک مثال دی۔ ایک شخص ﴿غلام﴾ جس میں کئی شریک ہیں جو باہم دگر ضدی اور ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ دوسرا شخص ایک ہی آدمی کا غلام ہے۔ کیا ان دونوں کی حالت ایک ہوسکتی ہے؟ الحمدللہ، لیکن ان میں سے اکثر نہیں جانتے۔‘‘

قرآنِ مجید نے اپنے موقف پر تاریخ سے استدلال کیا۔ اس نے کہا: دنیا میں اللہ تعالیٰ کے جتنے رسول آئے سب نے توحید کی تعلیم دی اور شرک کی تردید کی۔ رسالت اور آخرت پر ایمان کی دعوت دی، اس کے انکار کے نتائج سے آگاہ کیا۔ مشرک قوموں نے ان کی سخت مخالفت کی اور ان کے ساتھ بدترین سلوک کیا، لیکن انھوں نے صبر و ثبات کے ساتھ اسے برداشت کیا۔ اللہ کے ان رسولوں کی اس سلسلے میں اپنی قوموں اور ان کے سرداروں سے جو گفتگوئیں ہوئیں اور جو مباحثے اور مکالمے ہوئے وہ بھی اس نے تفصیل سے پیش کیے۔ یہ مباحثے ’’جدالِ احسن‘‘ کا بہترین نمونہ ہیں۔ یہ تلاش حقیقت کے لیے نہیں، بلکہ اثباتِ حق کے لیے تھے۔

مشرکین عرب کا حضرت ابراہیم علیہ السلام سے نسلی تعلق تھا۔ حضرت ابراہیمؑ  کی اولاد اور خانۂ کعبہ کے محافظ ہونے کی وجہ سے سارے عرب میں ان کو عزت اور وقار حاصل تھا۔ قرآنِ مجید نے بتایا کہ حضرت ابراہیمؑ توحید کے علم بردار تھے، اسی کی دعوت لے کر وہ اٹھے تھے، ان کی مشرک قوم نے ان کی بدترین مخالفت کی اور دہکتی آگ میں انھیں ڈال دیا، لیکن اللہ نے انھیں صحیح سالم نکال لیا۔ انھوں نے اپنے وطن سے ہجرت کی اور مکہ میں خانۂ کعبہ کی تعمیر کی، اسے اللہ واحد کی عبادت کا مرکز قرار دیا، جسے تم نے بت خانہ بنا رکھا ہے۔ تم ان کی اولاد ہو، پھر بھی دعوتِ توحید کی مخالفت کررہے ہو۔ حضرت ابراہیمؑ نے وقت کے بادشاہ، اپنے باپ اور اپنی قوم سے جو گفتگو یا مباحثے کیے، قرآ نِ مجید نے اسے بڑی وضاحت کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس طرح اس ‘جدالِ احسن’ کی راہ دکھائی ہے، جس کی اس نے اجازت دی ہے۔

قرآنِ مجید نے اہلِ کتاب سے بھی ‘مجادلہ’ کی اجازت دی ہے۔ اس کے لیے بھی وہی شرط رکھی ہے، جو مشرکین سے ‘مجادلہ’ کے لیے ہے کہ یہ مجادلہ ‘بہ طریقِ احسن’ ہونا چاہیے:

وَلَا تُجَادِلُوْآ اَہْلَ الْکِتَابِ اِلَّا بِالَّتِیْ ہِیَ اَحْسَنُ اِلَّا الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا مِنْہُمْ وَقُوْلُوْا آمَنَّا بِالَّذِیْ اُنْزِلَ اِلَیْنَا وَاُنْزِلَ اِلَیْکُمْ وَاِلٰ ہُنَا وَاِلٰ ہُکُمْ وَاحِدٌ وَ نَحْنُ لَہ، مُسْلِمُوْنَo ﴿العنکبوت: ۴۶﴾

’’تم اہلِ کتاب سے مجادلہ نہ کرو، مگر مہذب طریقے سے، لیکن ان میں سے جو ظلم کی راہ اختیار کریں ان سے بحث سے اجتناب کرو اور کہو کہ ہم ایمان رکھتے ہیں ان ﴿تعلیمات﴾ پر جو ہم پر نازل ہوئی ہیں اور ان پر بھی جو تم پر نازل ہوئیں۔ ہمارا اور تمہارا معبود ایک ہے، ہم اسی کے فرماں بردار ہیں۔‘‘

اہلِ کتاب اصولی طور پر توحید، وحی ورسالت، آخرت اور وہاں کی جزا و سزا کے قائل تھے۔ اس سلسلے میں ان کے اور مسلمانوں کے عقائد میں اشتراک تھا، لیکن ایک دوسرے پہلو سے ان کے اور مسلمانوں کے درمیان فرق پایا جاتا تھا۔ وہ توحید کے قائل ہونے کے باوجود گرفتارِ شرک ہوگئے تھے۔ وحی و رسالت پر ایمان کے دعویٰ کے باوجود رسول اللہ ﷺ کی رسالت کو تسلیم نہیں کررہے تھے۔

اس آیت میں اہلِ کتاب سے مجادلہ کی اجازت کے ساتھ اس کی بنیادیں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔ وہ بنیادیں ہیں اللہ کے تمام رسولوں اور ان کی تعلیمات پر ایمان۔ اس میں محمد ﷺکی رسالت اور آپ کی تعلیمات بھی شامل ہیں۔ مسلمانوں کا یہی موقف ہے کہ وہ تمام رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں، ان کے درمیان فرق نہیں کرتے۔ اسی طرح تمہارا اور ہمارا خدا ایک ہی ہے، اس لیے اس کے احکام کی اطاعت ہم سب کے لیے لاز م ہے۔ جہاں تک ہمارا تعلق ہے ہم اس کے مطیعِ فرمان ہیں۔ اس کے ہر حکم کو دل و جان سے قبول کرتے اور اس کی اطاعت کرتے ہیں۔ اس میں اس بات کی ہدایت بھی ہے کہ اگر وہ اس کے لیے آمادہ نہیں ہیں تو تم اپنے ایمان و اسلام کا اعلان کرکے الگ ہوجاؤ۔

قرآنِ مجید میں متعدد مقامات پر میثاق بنی اسرائیل کا ذکر ہے اور بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان سے عہد لیا تھا کہ وہ اللہ واحد کی عبادت کریں گے، ان کی زندگیوں میں نماز اور زکوٰۃ کااہتمام ہوگا، اللہ کی راہ میں اپنا مال خرچ کریں گے، والدین، رشتہ داروں اور سماج کے کم زور افراد، یتیموں اور مسکینوں کے ساتھ حسنِ سلوک کریں گے ﴿اعلیٰ اخلاق کا ثبوت دیں گے﴾ گفتگو میں بدزبانی اور تلخ کلامی کا مظاہرہ نہ کریں گے ﴿کسی کی دل آزاری نہ کریں گے﴾ ناحق کسی کا خون نہیں بہائیں گے، کسی کو اس کے گھر سے بے گھر نہیں کریں گے، اللہ کے رسولوں پر ایمان لائیں گے اور ان کی نصرت و حمایت کریں گے۔ ﴿البقرۃ: ۸۳-۸۴، المائدہ: ۲۱﴾

قرآنِ مجید نے بتایا کے بنی اسرائیل نے اس عہد و پیمان کی پابندی نہیں کی۔ قدم قدم پر اس کی مخالفت کرتے رہے۔ اس عہد کا لازمی تقاضا تھا کہ وہ اللہ کے رسولوں پر ایمان لاتے، مگرانھوں نے ان میں سے چند ایک کو مانا اور دوسروں کو ماننے سے انکار کردیا۔ ان کے ہاتھ بعض رسولوں کے قتل تک سے رنگین رہے ہیں۔ ﴿آل عمران:۱۸۱-۱۸۲، النسائ: ۱۵۷﴾

ان سے آخری رسول حضرت محمد ﷺ پر ایمان لانے اور ان کی نصرت و حمایت کا بھی عہد لیا گیا تھا، لیکن انھوں نے صاف کہہ دیا کہ ہم اپنے پیغمبروں کے علاوہ کسی دوسرے پیغمبر کو نہیں مانیں گے۔ یہی نہیں، آپ سے عداوت ان کے سینوں میں پرورش پاتی رہی اور انھوں نے آپ کی مخالفت میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ ﴿البقرۃ: ۹۱، آل عمران: ۸۱﴾

یہود و نصاریٰ حضرت ابراہیمؑ  کو اپنا پیشوا اور مقتدیٰ مانتے اور ان سے اپنا دینی رشتہ جوڑتے تھے۔ قرآنِ مجید نے بہت تفصیل سے حضرت ابراہیم ؑ کی تعلیم پیش کی اور بتایا کہ وہ ‘مسلم حنیف’ تھے اور ہر طرف سے کٹ کر اللہ واحد کی عبادت کرتے تھے۔ ان کی زندگی ہر شائبہ شرک سے پاک تھی، وہ خدائے واحد کی عبادت و اطاعت کا پیغام لے کر اٹھے تھے اور زندگی بھر اسی کے لیے جدوجہد کی اور بے مثال قربانیاں دیں۔ آخری رسول حضرت محمد ﷺ اسی دعوت کو لے کر اٹھے ہیں، اس لیے وہ ان کے قریب ہیں۔ حضرت ابراہیمؑ  سے تمہارا تعلق روایتی اور ان کا تعلق حقیقی ہے:

مَا کَانَ اِبْرَاہِیْمُ یَہُوْدِیًّا وَلَا نَصْرَانِیًّا وَلٰکِنْ کَانَ حَنِیْفاً مُّسْلِماً وَمَا کَانَ مِنَ الْمُشْرِکِیْنَo اِنَّ اَوْلَی النَّاسِ بِاِبْرَاہِیْمَ لَلَّذِیْنَ اتَّبَعُوْہُ وَہٰذَا النَّبِیُّ وَالَّذِیْنَ آمَنُوْا وَاللّٰہُ وَلِیُّ الْمُؤْمِنِیْنَo ﴿آل عمران: ۶۷-۶۸﴾

’’ابراہیم نہ یہودی تھے اور نہ نصرانی تھے، بلکہ سب مذاہب سے کنارہ کش اور اللہ کے مطیعِ فرمان تھے اور مشرکوں میں سے نہ تھے۔ لوگوں میں ابراہیم سے زیادہ قریب وہ تھے، جنھوں نے ان کی اتباع کی اور اب یہ نبی اور ایمان والے ہیں۔ اللہ اہلِ ایمان کا ولی و کارساز ہے۔‘‘

اس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ جو لوگ آسمانی مذاہب کے ماننے والے ہیں، انھیں ان مذاہب کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے اور ان کے تقاضوں کی طرف انھیں توجہ دلائی جائے اور دینِ حق ان پر واضح کیا جائے۔ یہ قرآنی طریقہ ہے۔ اس سے دعوت کی راہیں کھلتی ہیں۔ اسی پس منظر میں حسبِ ذیل آیت کو بھی دیکھنا چاہیے:

قُلْ یٰآَہْلَ الْکِتَابِ تَعَالَوْا اِلٰی کَلَمَۃٍ سَوَآئٍ بَیْنَنَا وَ بَیْنَکُمْ اَلَّا نَعْبُدَ اِلَّا اللّٰہَ وَلَا نُشْرِکَ بِہٰ شَیْئاً وَلَا یَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضاً اَرْبَاباً مِّنْ دُوْنِ اللّٰہِ فَانْ تَوَلَّوْا فَقُوْلُوا اشْہَدُوْا بِاَنَّا مُسْلِمُوْنَo          ﴿آل عمران: ۶۴﴾

’’کہیے! اے اہلِ کتاب! آؤ ایک ‘کلمہ سوائ’ کی طرف ﴿وہ کلمہ جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے﴾ کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں گے اُس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کریں گے اور ہم میں سے کوئی بھی اللہ کو چھوڑ کر کسی اور کو رب نہ بنائے گا۔ اگر وہ ﴿اسے قبول نہ کریں﴾ اور اعراض کریں تو تم کہہ دو کہ گواہ رہو کہ ہم تو اس کے حکم کو ماننے والے ہیں۔‘‘

اس آیت کو اس بات کی دلیل سمجھا جاتا ہے کہ مذاہب کے درمیان جو اقدار مشترک ہیں ان کی دعوت دی جائے۔ بنائے اختلاف سے تعرض نہ کیا جائے، ہر ایک کو اس کے طریقہ پر عمل کی اجازت ہو، اس کے درست یا نادرست ہونے سے بحث نہ کی جائے۔ اسے مذاہب کے سلسلے میں ‘رواداری’ یا عدمِ تعصب جو بھی کہا جائے، اسلامی نقطۂ نظر نہیں کہا جاسکتا۔ یہ اس سلسلے کی اسلامی تعلیمات اور اس کے دعوتی مشن کے خلاف ہے۔ اس سے قطع نظر خود آیتِ مذکور سے اس کی تردید ہوتی ہے۔ اس میں اہلِ کتاب کے غلط طرزِ عمل پر تنقید کی گئی ہے اور انھیں اسلام کی دعوت دی گئی ہے۔

اس میں اہلِ کتاب کو ‘کلمہ سواء’ کی دعوت دی گئی ہے۔ یہ ‘کلمہ سواء’ توحید ہے، جو اہلِ کتاب اور مسلمانوں کے درمیان مشترک ہے اور جو تمام مذہبی کتابوں کی بنیاد ہے۔ لیکن توحید کے قائل ہوتے ہوئے بھی یہود نے حضرت عزیر کو ابن اللہ قرار دیا۔ ہوسکتا ہے ان میں سے ایک طبقہ کا یہ عقیدہ ہو، لیکن یہود نے اس سے اپنی برأت ظاہر نہیں کی۔ اسی طرح نصاریٰ نے تثلیث کی راہ اختیار کی، جو توحید کے سراسر خلاف ہے۔

توحید کا لازمی تقاضا یہ ہے کہ خدائے واحد کی عبادت ہو اور کسی دوسرے کو خدائی کا مقام نہ دیا جائے، جب تمھیں اس سے انکار نہیں ہے تو تمہاری عبادت شرک سے پاک ہونی چاہیے۔

اللہ واحد پر ایمان کے بعد اس کا کوئی جواز نہیں ہے کہ کسی دوسرے کو اپنا رب اور فرماں روا تسلیم کیا جائے۔ اللہ تعالیٰ قانون دینے والاہے اور اسی کے قانون کو بالادستی حاصل ہے، لیکن تم نے اپنے احبار و رہبان کو قانون سازی کا حق دے رکھا ہے۔ وہ جس چیز کو حلال کہیں وہ تمہارے نزدیک حلال ہے اور جسے حرام قرار دیں وہ تمہارے لیے حرام ہے۔ اس طرح تم نے احبار و رہبان کو ارباب کا مقام دے رکھا ہے۔ ﴿التوبہ:۱۳﴾ اپنے اس غلط رویہ کو ترک کرکے تمھیں خدائے واحد کے احکام کی اتباع کرنی چاہیے۔ اگر تم اس کے لیے تیار نہیں ہو تو گواہ رہو کہ ہم اللہ کے فرماں بردار اور اس کے احکام کے تابع ہیں۔

یہ درحقیقت اسلام کی دعوت ہے۔ ہرقل ﴿شاہِ روم﴾ کو آپ نے جو مکتوب اسلام کی دعوت قبول کرنے کے لیے لکھا تھا اس میں اس آیت کا حوالہ تھا۔ ﴿قرطبی، الجامع لاحکام القرآن، ج۲، جزئ۴، ص۸۶﴾

حقیقت یہ ہے کہ مذاہب کے اختلافات فروعی نہیں اصولی ہیں، انھیں ختم نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے لیے کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوسکتی، لیکن اس کے باوجود بعض سماجی اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے اہلِ مذاہب ہی نہیں ، بلکہ تمام سماجی اور سیاسی گروہ مل جل کر کوشش کرسکتے ہیں۔

آج دنیا کے بیشتر ممالک میں مخلوط آبادیاں ہیں۔ ان کے درمیان مذہبی عقائد، مادی افکار و نظریات، تہذیب ومعاشرت کا اختلاف ہے اور کہیں مادری زبان کا فرق بھی پایا جاتا ہے۔ اس کے باوجود وہ ایک تکثیری سماج کا حصہ ہیں۔ اس پہلو سے ان کے مشترک مسائل بھی ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کی ضرورت ہے کہ ملک میں امن و امان ہو، فکر و عمل کی آزادی ہو، ملک کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کام کے مواقع حاصل ہوں، انسانی حقوق کی پامالی نہ ہو، عدل و انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں، سب کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے، غربت اور جہالت ختم ہو، طبی سہولتیں حاصل ہوں، صفائی ستھرائی کا اہتمام ہو اور فضائی آلودگی پر قابو پایا جائے۔ اس نوعیت کے اور بھی مسائل ہوسکتے ہیں۔ اس طرح کے مسائل پر قابو پانے کے لیے معاشرے میں بیداری لانے، ان کے حق میں فضا بنانے اور بسا اوقات قانونی جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی طرح ان مسائل کا تعلق حکومت سے بھی ہے، اس کے لیے اسے متوجہ کرنا اور اس پر اثر انداز ہونا پڑتا ہے۔ اس کے لیے تکثیری معاشرے مشترکہ جدوجہد کا تقاضا کرتے ہیں۔ اس سے بہتر نتائج کی توقع کی جاسکتی ہے۔

اسی طرح موجودہ مادہ پرست تہذیب نے اباحیت کو اس قدر فروغ دیا ہے کہ انسان اپنی جنسی خواہش کی تکمیل کے لیے کوئی بھی بندش گوارا نہیں کرنا چاہتا، ہر طرف بے حیائی اور عریانی کی فضا ہے۔ زنا اور بدکاری عام ہورہی ہے، نشہ آور چیزوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس کے نتیجہ میں خاندان انتشار اور تباہی کا شکار ہورہے ہیں اور طرح طرح کے امراض پھیل رہے ہیں۔دنیا کا کوئی بھی مذہب زنا، بدکاری، بے حیائی اور منشیات کے استعمال کو صحیح نہیں سمجھتا۔ اس کے خاتمہ کے لیے مشترک کوشش ہونی چاہیے۔

مذاہب کے درمیان ایک قدرِ مشترک اخلاقیات ہے۔ صداقت اور راست گوئی، عفت و عصمت، دیانت و امانت، باہم الفت و محبت، رشتوں کا احترام، غریبوں، ناداروں، مریضوں اور معذوروں کے ساتھ ہم دردی اور ان کی خبر گیری، تعصب اور نفرت سے اجتناب، کسی کے حق پر دست درازی اور ظلم و زیادتی کا خاتمہ، اس طرح کی اخلاقیات کی اہمیت تمام مذاہب تسلیم کرتے ہیں اور ان کے مخالف رویہ کو صحیح نہیں سمجھتے۔ اس کے لیے کہیں کہیں کوشش بھی ہوتی ہے۔ اسلام سماج میں اخلاق کو فروغ دینا چاہتا ہے، اس کے لیے اس کا اپنا ایک طریقہ اور لائحۂ عمل بھی ہے، لیکن اس کے ساتھ اخلاق کو عام کرنے کی جو کوشش ہو اس میں وہ اپنے اصول کے تحت شریک ہوسکتا ہے اور اس کے لیے مشترکہ جدوجہد بھی کرسکتا ہے۔

مشمولہ: شمارہ اکتوبر 2010

مزید

حالیہ شمارے

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں

اکتوبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223