محنت دونوں نے کی، فرق کہاں تھا؟
ایک درس گاہ کا منظر سامنے رکھیے۔ استاد اپنے کام کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے۔ اگلے دن کا سبق تیار کرنے کے لیے رات کو کتاب پڑھتا، ضروری باتیں لکھتا اور مثالیں سوچتا ہے۔ کلاس میں پوری توجہ سے پڑھاتا اور مشکل بات کو دوبارہ بھی سمجھاتا ہے۔ طلبہ سے سوالات بھی کرتا ہے۔ کچھ بچے فوراً جواب دیتے ہیں، کچھ خاموش بیٹھے رہتے ہیں۔ آخر میں وہ پوچھتا ہے کہ سمجھ میں آیا، تو بیشتر بچے سر ہلا دیتے ہیں۔ اسے اطمینان ہوتا ہے کہ اس نے اپنی ذمہ داری اچھی طرح ادا کی ہے۔ لیکن امتحان کے نتائج آتے ہیں تو کئی بچوں کے نمبر کم ہوتے ہیں اور کچھ ناکام ہوجاتے ہیں۔ ان کی کاپیاں دیکھ کر اسے حیرت ہوتی ہے۔ یہ سب تو وہ کلاس میں پڑھا چکا تھا۔ پھر اسے اچھے نمبر لینے والے بچے یاد آتے ہیں اور وہ نتیجہ نکالتا ہے کہ جن بچوں نے محنت کی، وہ کام یاب ہوئے؛ بقیہ نے پڑھائی پر توجہ نہیں دی۔
استاد کم زور بچوں کو مزید مشق دیتا ہے اور والدین سے کہتا ہے کہ گھر میں ان کی پڑھائی پر نظر رکھیں۔ کئی بچے کتاب کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے لگتے ہیں۔ وہ سبق بار بار پڑھتے، جواب یاد کرتے اور حل کیے ہوئے سوال دوبارہ لکھتے ہیں۔ مگر جس بات کو وہ پہلے نہیں سمجھ پائے تھے، وہ بار بار دہرانے سے بھی واضح نہیں ہوتی۔ سوال کتاب جیسا ہو تو جواب لکھ دیتے ہیں، سوال کی صورت بدل جائے تو لاچار ہوجاتے ہیں۔ ان کی کاپیاں بھرتی جاتی ہیں، لیکن اس تناسب سے سبق کی سمجھ میں اضافہ نہیں ہوتا۔ استاد بھی پہلے سے زیادہ سوال حل کراتا ہے۔ بچے اور استاد، دونوں کی محنت بڑھ رہی ہے، مگر دونوں ایک ہی جگہ اٹکے ہوئے ہیں: بچے اپنی مشکل کو ٹھیک طرح بیان نہیں کر پاتے اور استاد اس کا پوری طرح ادراک نہیں کرپاتا۔
اگلے امتحان میں بھی کئی بچے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ استاد انھیں پھر زیادہ محنت کی نصیحت کرتا ہے۔ کچھ کوشش جاری رکھتے ہیں، مگر بار بار ناکامی کے بعد بعض کو اپنی صلاحیت پر شک ہونے لگتا ہے۔ انھیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ وقت بھی دیتے ہیں، پھر بھی سوال حل نہیں کر پاتے۔ آگے کے سبق ان کے لیے اور مشکل ہوجاتے ہیں، کیوں کہ پہلے کی کئی باتیں اب بھی الجھی ہوئی ہیں۔ آہستہ آہستہ ان کی دل چسپی کم ہونے لگتی ہے اور چند بچے اسکول چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کے ڈراپ آؤٹ سے استاد کو اپنی پہلی رائے درست معلوم ہوتی ہے کہ وہ پڑھائی میں سنجیدہ نہیں تھے۔ اسے یہ خیال نہیں آتا کہ طلبہ کی جس بے رغبتی کو وہ ناکامی کی وجہ سمجھ رہا ہے، وہ مسلسل ناکامی کا نتیجہ بھی ہوسکتی ہے۔ کلاس چلتی رہتی ہے اور وہ اسی محنت سے پڑھاتا رہتا ہے۔
ایک دوسرے استاد کی کلاس میں بھی کم زور نتائج آتے ہیں۔ وہ بھی سبق تیار کرتا ہے اور بچوں کو کام یاب دیکھنا چاہتا ہے۔ اسے بھی خیال آتا ہے کہ شاید بچوں نے کافی محنت نہیں کی، مگر وہ اس خیال کو جانچنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ چند بچوں کو اپنے پاس بٹھاتا ہے اور ان سے سوال حل کرنے کو کہتا ہے۔ اس بار وہ صرف جواب نہیں دیکھتا بلکہ یہ جاننا چاہتا ہے کہ بچے ہر قدم پر کیا سوچ رہے ہیں۔ کسی کو سوال میں استعمال ہونے والے لفظ کا مطلب معلوم نہیں، کسی نے قاعدہ یاد کرلیا ہے مگر اسے استعمال کرنے کی وجہ نہیں سمجھی اور کوئی پہلے ہی قدم پر ایسی بات فرض کررہا ہے جو سوال میں دی ہی نہیں گئی۔ مشق کی کاپیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ کئی بچے وقت بھی دے رہے ہیں۔ محنت موجود ہے، لیکن ان کی الجھن دور کرنے کے بجائے وہ ساری محنت اسی طریقے کو دہرانے میں لگ رہی ہے جسے وہ پوری طرح سمجھ نہیں پائے۔
بچوں کی بات سن کر استاد کو اپنے سبق کی کچھ کم زوریاں بھی نظر آتی ہیں۔ وہ بعض باتوں کو آسان سمجھ کر جلدی آگے بڑھ جاتا تھا، جب کہ بچے وہیں رک جاتے تھے۔ اب وہ سبق کی ترتیب بدلتا ہے۔ نئی بات سے پہلے اس کی بنیاد واضح کرتا ہے، مانوس مثالیں لیتا ہے اور بچوں سے کہتا ہے کہ اپنی زبان میں بتائیں کہ انھیں کیا سمجھ آیا۔ اس سے معلوم ہونے لگتا ہے کہ کہاں مزید وضاحت چاہیے اور کہاں مشق فائدہ دے گی۔ بچے بھی صرف جواب یاد کرنے کے بجائے اپنی مشکل بتانے لگتے ہیں۔ بہتری آہستہ آتی ہے؛ کچھ بچوں کو زیادہ وقت اور الگ مدد درکار ہوتی ہے۔ کسی کے لیے گھر کے حالات بھی رکاوٹ ہیں۔ استاد ان سب مشکلات کو ایک ہی وجہ سے نہیں سمجھتا، اس لیے ان کی مدد کے راستے بھی الگ الگ تلاش کرتا ہے۔
اس طرح استاد کو اپنے کام کے بارے میں زیادہ سمجھ حاصل ہوئی۔ اس نے جانا کہ سبق کا خود اس پر واضح ہونا، اس بات کی ضمانت نہیں کہ بچوں پر بھی وہ سبق واضح ہوگیا۔ اس طرح بچوں کو بھی اپنی کوشش کا بہتر راستہ ملا۔ محنت ضروری تھی، مگر اس کا حاصل اس بات سے جڑا تھا کہ اسے کس کام میں لگایا جارہا ہے۔ غلطی کو دہرانے میں صرف ہونے والا وقت اور غلطی کو سمجھ کر درست کرنے میں صرف ہونے والا وقت ایک جیسے نتائج نہیں دیتے۔ سمجھ محنت کی جگہ نہیں لیتی؛ وہ اسے بتاتی ہے کہ کہاں اور کیسے کام کرنا ہے۔
دونوں استاد اپنی سمجھ کے مطابق پڑھا رہے تھے۔ پہلے نے نتائج سے اپنے پرانے خیال کو مضبوط کیا؛ دوسرے نے انھی نتائج سے اپنے خیال کو دوبارہ جانچا۔ دوسرے استاد نے بچوں کی ذمہ داری کم نہیں کی، بلکہ یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان کی محنت کیوں کام نہیں آرہی اور وہ خود اس میں کیا مدد کرسکتا ہے۔ عمل اور فہم کا رشتہ یہیں کھلتا ہے۔ ہم اپنی سمجھ کی روشنی میں قدم اٹھاتے ہیں، پھر ہمارے قدم کا اثر ہمیں اپنی سمجھ کے بارے میں کچھ بتاتا ہے۔ کیا ہم اس بات کو سن سکتے ہیں، خاص طور پر جب وہ ہمارے دل پسند طریقے پر سوال اٹھائے؟ یہی سوال درس گاہ سے نکل کر ہر اس ادارے اور تحریک تک پہنچتا ہے جو دوسروں کی زندگی بہتر بنانے کا دعویٰ کرتی ہے۔
فہم کی پرتیں، عمل کی دو سمتیں
زندگی کے ساتھ حرکت جاری رہتی ہے۔ سانس آتی ہے، دل دھڑکتا ہے اور جسم کے اندر بہت سے کام ہوتے رہتے ہیں۔ یہاں ہمارا موضوع وہ انسانی عمل ہے جس میں ہماری مرضی، عادت یا فیصلہ شریک ہوتا ہے۔ ہم کسی کی مدد کرتے ہیں،کسی کا راستہ روکتے ہیں، وعدہ کرتے ہیں یا کوئی قدم اٹھانے سے رک جاتے ہیں۔ ان کاموں کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا پڑتا ہے کہ ہمیں حالات کیسے دکھائی دیے اور ہم ان میں کیا کرنا چاہتے تھے۔ ہر بار دیر تک سوچنا ضروری نہیں؛ بہت سے کام مشق سے آسان ہوجاتے ہیں۔ پھر بھی وہ مشق اور عادت کسی تجربے، تربیت یا سیکھی ہوئی بات سے بنی ہوتی ہے اور حالات بدلنے پر اسے دوبارہ دیکھنے کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
فہم بھی صرف معلومات کا نام نہیں۔ کوئی بات معلوم ہونا اور اس کا مطلب سمجھنا دو الگ حالتیں ہیں۔ ہم کسی مسئلے کے بارے میں بہت کچھ جان سکتے ہیں، مگر یہ رشتہ نہ پہچانیں کہ کون سی بات کس پر اثر ڈال رہی ہے۔ ہماری سمجھ تنہائی میں نہیں بنتی۔ گھر، درس گاہ، معاشرہ اور روزمرہ تجربہ ہمیں کچھ باتوں کی طرف متوجہ کرتے ہیں اور کچھ سے بے خبر رکھتے ہیں۔ اسی لیے ایک ہی واقعہ مختلف لوگوں کو الگ دکھائی دے سکتا ہے۔ اپنی نظر کو وسیع کرنے کے لیے ہمیں ان حالات کو بھی سمجھنا ہوتا ہے جن میں ہماری رائے بنی، اور ان لوگوں کو بھی سننا ہوتا ہے جن کا تجربہ ہم سے مختلف ہے۔
فہم کی پرتوں کو ایک دوسری مثال سے بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ کھیتوں کو پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ ایک شخص نہر کی مرمت کرنا جانتا ہے؛ یہ مہارت بہت مفید ہے۔ مگر اسے یہ بھی معلوم کرنا ہوگا کہ پانی کم کیوں ہے۔ نہر ٹوٹی ہو تو مرمت کام آئے گی، لیکن پانی اوپر ہی روک لیا گیا ہو تو دیوار درست کرنے سے مشکل حل نہیں ہوگی۔ پھر معلوم ہوتا ہے کہ تقسیم کا فیصلہ چند بااثر لوگ کرتے ہیں اور کھیتوں کے مالکان کی بات نہیں سنی جاتی ہے، یہاں نہر کے ساتھ لوگوں کے تعلق اور اختیار کو سمجھنا ضروری ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد انصاف کا سوال اٹھتا ہے کہ کس کا کتنا حصہ ہے اور اسے کیسے پہنچایا جائے۔ طریقہ جاننا، وجہ سمجھنا، لوگوں کے حالات دیکھنا اور ان کے حق کو پہچاننا، ایک ہی معاملے میں فہم کے مختلف پہلو ہیں۔
ان پہلوؤں کو سمجھ لینے سے کوئی شخص لازماً منصف نہیں ہوجاتا۔ فرض کیجیے وہ پانی کی کمی کی وجہ بھی جان لیتا ہے اور تقسیم کے فیصلوں پر اثر ڈالنے کا طریقہ بھی، یہاں اسے اپنی اس سمجھ کی مدد سے اپنا حصہ بڑھانے کی لالچ ہوجاتی ہے۔ اسے معلوم ہوجاتا ہے کہ کون شکایت کرے گا، کون دباؤ میں خاموش ہوجائے گا اور کس قاعدے سے اسے فائدہ پہنچے گا۔ اس کا فہم درست اور کوشش کام یاب ہوجاتی ہے، مگر اس کے کام سے ناانصافی جنم لیتی ہے۔ یہاں دو الگ الگ آزمائشیں ہیں، حق کو جان لینا اور اپنے فائدے کے خلاف بھی اسے مان لینا۔ پہلی میں علم اور سمجھ درکار ہے، دوسری میں ارادے اور انتخاب کا امتحان ہے۔ گہری سمجھ کسی کی مدد کو زیادہ کارآمد بنا سکتی ہے تاہم اسی سے ظلم بھی زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے۔
نقصان پہنچانے والے عمل کی صورتیں مختلف ہوسکتی ہیں۔ کبھی آدمی پوری بات جانے بغیر غلطی کرتا ہے؛ نقصان معلوم ہو تو اسے درست کرسکتا ہے۔ کبھی نقصان جانتا ہے، مگر اپنا فائدہ دیکھ کر نظرانداز کردیتا ہے۔ پھر وہ حالت بھی آتی ہے جہاں دوسروں کو محروم رکھنے کا باقاعدہ نظام بنادیا جائے۔ ایسے نظام میں کام وقت پر ہوتے ہیں، حساب درست رکھا جاتا ہے اور لوگ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے دکھائی دیتے ہیں، مگر ان سب سے کچھ انسانوں کی زندگی مسلسل خراب ہورہی ہوتی ہے۔ فساد صرف شور اور بے ترتیبی میں ظاہر نہیں ہوتا؛ وہ مضبوط انتظام کے بطن میں بھی پرورش پاسکتا ہے۔ کسی نظام کا خوب چلنا ہمیں اس کے اثرات کو جانچنے سے بری الذمہ نہیں کرتا۔
خیر کی طرف بڑھنے والی سمجھ کی بھی کئی صورتیں ہوسکتی ہیں۔ کوئی اپنا کام دیانت سے کرتا ہے؛ کوئی یہ بھی دیکھتا ہے کہ اس کے کام سے دوسروں کی زندگی پر کیا اثر پڑ رہا ہے اور کوئی اس وجہ کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے جو بہت سے لوگوں کو تکلیف میں ڈال رہی ہے۔ ڈاکٹر علاج کرتا ہے، پھر دیکھتا ہے کہ مریض دوا خرید نہیں سکتا۔ استاد سبق پڑھاتا ہے، پھر معلوم کرتا ہے کہ کچھ بچے کوشش کے باوجود پیچھے رہ جاتے ہیں۔ کبھی فرد کی مدد کافی ہوتی ہے، کبھی اس مشکل کے سبب پر بھی کام کرنا پڑتا ہے۔ فہم یوں اپنے کام سے شروع ہوکر ان لوگوں کی زندگی تک پھیلتا ہے جن کے لیے وہ کام کیا جارہا ہے۔
بھلائی اپنے عقیدے یا جماعت کے لوگوں تک محدود نہیں ہوتی۔ کوئی دوسرا ڈاکٹر مریض کی جان بچانے کی کوشش کرے یا مزدوروں کی کوئی دوسری تحریک ان کے حقوق بہتر کرے تو اس اچھائی کو ماننا چاہیے۔ اس سے ان کے ہر نظریے کو قبول کرنا لازم نہیں آتا؛ ہم ان کے عمل میں موجود خیر کو پہچان رہے ہوتے ہیں۔ اسی طرح کسی مسلمان یا دینی ادارے کا ہر قدم صرف اس کی شناخت کی وجہ سے درست نہیں ہوجاتا۔ اپنے حلقے سے باہر اچھائی دیکھنا اور اپنے حلقے کے اندر خرابی ماننا، دونوں کے لیے انصاف چاہیے۔ یہی انصاف ہمیں اپنے کام کو بھی مقصد، طریقے اور اثر کے لحاظ سے دیکھنے پر آمادہ کرتا ہے۔ لیکن جب اس کام کے ساتھ برسوں کی محنت اور اپنی پہچان جڑ جائے تو یہ جانچ آسان نہیں رہتی۔
عمل اور فہم ایک دوسرے کو کس رخ پر لے جاتے ہیں؟
ہم اپنی سمجھ کے مطابق کوئی کام شروع کرتے ہیں، مگر کام شروع ہوجانے کے بعد یہ تعلق یک طرفہ نہیں رہتا۔ ہمارے کیے سے کچھ ہوتا ہے، اس کا تجربہ ہمیں واپس ملتا ہے اور ہماری سمجھ پر اثر ڈالتا ہے۔ پھر اسی سمجھ سے اگلا قدم اٹھتا ہے۔ یوں عمل اور فہم ایک دوسرے کو مسلسل صورت دیتے رہتے ہیں۔ اس تعلق میں سیکھنے کی بڑی گنجائش ہے، مگر غلطی بڑھنے کا امکان بھی موجود ہے۔ ایک راستے پر تجربہ ہماری نظر کھولتا ہے اور اگلا قدم پہلے سے بہتر ہوتا ہے۔ دوسرے راستے پر ہم ہر تجربے کو اپنے پہلے خیال کے مطابق سمجھتے ہیں، یہاں تک کہ ہماری محنت بڑھتی رہتی ہے مگر مسئلے کے بارے میں ہماری سمجھ وہیں ٹھہری رہ جاتی ہے۔
ایک کاریگر لکڑی سے میز بنارہا ہے۔ اسے اپنے ہنر پر اعتماد ہے، مگر تختے جوڑتے ہوئے ایک جگہ لکڑی چٹخنے لگتی ہے۔ وہ ہاتھ روک کر دیکھتا ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس جگہ لکڑی اتنا دباؤ برداشت نہیں کرسکتی جتنا اس نے سمجھا تھا۔ اب وہ جوڑنے کا طریقہ بدلتا ہے اور دیکھتا ہے کہ اس تبدیلی سے کیا فرق پڑا۔ میز بناتے ہوئے اسے صرف اپنی مہارت استعمال کرنے کا موقع نہیں ملا؛ لکڑی نے اسے کچھ نیا بھی سکھایا۔ اس کی پہلی سمجھ نے عمل کا راستہ بنایا، عمل کے تجربے نے اس سمجھ کو درست کیا، اور درست ہوئی سمجھ نے اگلے عمل کو بہتر بنایا۔ یہاں آدمی اپنی بات دنیا پر نافذ کرنے کے ساتھ دنیا سے آنے والا جواب بھی سن رہا ہے۔
یہ سفر ہر بار اپنی پہلی رائے چھوڑ دینے کا نام نہیں۔ جانچ سے کبھی وہ رائے درست بھی ثابت ہوسکتی ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ تجربے کو ہمارے خیال پر سوال اٹھانے اور اسے بہتر بنانے کی جگہ ملے۔ تب اعتماد صرف اپنی محنت سے نہیں، اس بات سے بھی پیدا ہوتا ہے کہ ہم نے اپنے طریقے کو آزمایا اور اس کے اثر کو سمجھا ہے۔
لیکن یہی دو طرفہ تعلق ایک دوسری صورت بھی اختیار کرسکتا ہے۔ وہ اس طرح کہ ہر نئے نتیجے سے فہم میں اضافہ تو ہو مگر اس طرح کہ پرانا خیال ہی زیادہ پختہ ہوتا جائے۔ کسی کام کے ساتھ برسوں کی محنت، قربانیاں اور پہچان جڑ جائے تو اپنے خیال کی تائید کرتے رہنا آسان ہوجاتا ہے۔ آدمی نقصان کی خبر کو مبالغہ سمجھ سکتا ہے، اختلاف کرنے والے کی نیت پر شک کرسکتا ہے یا کہہ سکتا ہے کہ ابھی مزید وقت چاہیے۔ ان میں سے کوئی بات بعض حالات میں درست بھی ہوسکتی ہے۔ مشکل وہاں شروع ہوتی ہے جہاں کوئی خبر ہماری رائے کو بدل ہی نہ سکے۔ کام بڑھے تو ہمارا راستہ درست ہے، کام گھٹے تو لوگوں میں اخلاص کم ہے اور کوئی اعتراض کرے تو وہ ہمارا مخالف ہے۔ اب تجربہ ہماری سمجھ کو وسعت دینے کے بجائے پہلے فیصلے کی حفاظت کرنے لگتا ہے۔ ہم بہت کچھ کررہے ہوتے ہیں، بہت کچھ سن بھی رہے ہوتے ہیں، مگر ہر بات کو اسی جگہ واپس لے آتے ہیں جہاں سے چلے تھے۔
ادارے کے معمولات اس لگاؤ کو مزید مضبوط کرسکتے ہیں۔ کام کا حساب رکھنے کے لیے چند پیمانے مقرر کیے جاتے ہیں: کتنے پروگرام ہوئے، کتنے لوگ آئے اور کتنی مدد تقسیم ہوئی۔ پھر کارکن انھی چیزوں پر زیادہ توجہ دینے لگتے ہیں جنھیں رپورٹ میں دکھایا جاسکے۔ ان کی رپورٹ اگلے فیصلے کی بنیاد بنتی ہے اور اگلا فیصلہ پھر انھی سرگرمیوں کو بڑھاتا ہے۔ یوں ادارے کا کام اس کی معلومات کو صورت دیتا ہے اور وہ معلومات واپس اس کے کام کا رخ مقرر کرتی ہیں۔ اعداد درست ہوں تب بھی تصو یر ادھوری ہوسکتی ہے، کیوں کہ سننے والے کی سمجھ، مدد لینے والے کی عزت اور خاموش رہنے والے کی مشکل ان میں پوری طرح ظاہر نہیں ہوتیں۔ آہستہ آہستہ ادارہ وہی دیکھنے لگتا ہے جسے دیکھنے کا انتظام اس نے خود بنایا ہے۔
فرض کیجیے ایک امدادی مرکز ہر ماہ پہلے سے زیادہ خاندانوں تک پہنچ رہا ہے۔ کارکن خوش ہیں کہ ان کی محنت لوگوں کے کام آرہی ہے۔ ایک عورت بتاتی ہے کہ مدد لینے سے پہلے اسے کئی لوگوں کے سامنے اپنی تنگی بیان کرنی پڑی۔ اسے اتنی شرمندگی ہوئی کہ ضرورت باقی ہونے کے باوجود وہ دوبارہ نہیں گئی۔ دفتر جواب دیتا ہے کہ طریقہ سب کے لیے ایک ہے اور لوگ اب بھی آرہے ہیں۔ چند مطمئن خاندانوں کی رائے بھی پیش کی جاتی ہے۔ اگلے ماہ آنے والوں کی تعداد بڑھے تو عورت کی شکایت اور معمولی معلوم ہونے لگتی ہے۔ مگر رجسٹر میں صرف آنے والوں کے نام ہیں؛ جو لوٹ گئے یا آنے کی ہمت نہ کرسکے، ان کی خاموشی درج نہیں۔ مرکز کے منتخب کیے ہوئے شواہد اس کے طریقے کو درست دکھاتے ہیں، اور اسی طریقے سے اگلے ماہ پھر و یسے ہی شواہد جمع ہوجاتے ہیں۔ جائزہ جاری ہے، مگر اس میں نئی حقیقت کے داخل ہونے کی جگہ کم ہے۔
اس تعلق کو سیکھنے کا راستہ بنانے کے لیے اپنے کام سے باہر رہ جانے والی باتوں تک پہنچنا ضروری ہے۔ پہلے واضح ہو کہ ہم کس مشکل کو کم کرنا چاہتے ہیں، پھر اپنی سرگرمیوں کے ساتھ لوگوں کی حالت بھی دیکھیں۔ رائے صرف انھی سے نہ لیں جنھیں کام یابی کی مثال بناتے ہیں؛ ان کی بات بھی سنیں جو الگ ہوگئے، جنھیں فائدہ نہ پہنچا یا جن کے لیے ہمارے پاس آنا مشکل تھا۔ ساتھیوں کو اختلاف کی ایسی گنجائش ملے جہاں ان کی نیت پر فوراً سوال نہ اٹھے۔ خود سے یہ بھی پوچھیں کہ ہمارا اندازہ غلط ہو تو کون سی بات ہمیں اس کا احساس دلائے گی؟ اس سوال کا جواب ہمیں اپنے خیال کو ایسی جگہ رکھنے میں مدد دیتا ہے جہاں زندگی اس کی تصدیق بھی کرسکے اور اس کی اصلاح بھی۔
لوگوں کی بات سننے کے بعد اسے جانچنا بھی ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ متاثرہ لوگوں کی رائے ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتی۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگ کسی طریقے سے خوش ہوں اور دوسرے کچھ کو اسی سے تکلیف پہنچی ہو۔ نہ ایک شکایت پورے کام کو غلط ثابت کرتی ہے، نہ بہت سے مطمئن لوگوں کی موجودگی کسی ایک کے دبے ہوئے حق کو ختم کرتی ہے۔ جانچ صرف ان لوگوں کی مرضی پر نہ چلے جن کے فیصلے پر سوال ہے۔ دوسری نگاہ کبھی وہ بات دکھا دیتی ہے جو اپنے کام سے وابستہ شخص کی نظر سے چھوٹ گئی ہوتی ہے۔ شکایت درست نکلے تو طریقہ بدلے، نقصان کی تلافی ہو اور بعد میں دیکھا جائے کہ اصلاح سے واقعی فرق پڑا یا نہیں۔ یہی آخری تجربہ اگلے فیصلے میں شامل ہو تو عمل اور فہم ایک دوسرے کو آگے لے جاتے ہیں۔
نتائج کو سمجھتے ہوئے یہ احتیاط بھی ضروری ہے کہ ہر ناکامی ہمارے فیصلے کی غلطی سے پیدا نہیں ہوتی۔ حالات بدل سکتے ہیں، دوسری قوتیں راستہ روک سکتی ہیں اور اچھے کام کا اثر ظاہر ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان باتوں کو نظرانداز کرنا بھی کم فہمی ہوگی، مگر انھیں اپنی غلطی سے بچنے کا مستقل بہانہ بنانا بھی۔ جہاں ممکن ہو، طریقے کو محدود پیمانے پر بدل کر دیکھا جاسکتا ہے کہ فرق پڑتا ہے یا نہیں۔ مقصد یہ ہے کہ اپنی کوشش جاری رکھتے ہوئے اس کے بارے میں سیکھنے کا راستہ بھی جاری رہے۔ اپنے عمل سے دل بستگی اتنی ہو کہ ہم اسے بہتر بنانا چاہیں اور اپنی رائے سے لگاؤ اتنا نہ ہو کہ اس سے بہتر کا راستہ ہی مسدود ہوجائے۔
اس کے بعد بھی بہتر سیکھنے اور بہتر کرنے کے درمیان ایک فرق باقی رہتا ہے۔ کوئی گروہ تجربے سے اپنی کم زوریاں دور کرکے دوسروں کے حقوق دبانے میں زیادہ کام یاب ہوسکتا ہے۔ اس کا فہم اور عمل ایک دوسرے کو مؤثر بنا رہے ہیں، مگر ان کی سمت ظلم کی طرف ہے۔ اس لیے ہمیں دو باتیں ساتھ دیکھنی ہوں گی: کیا ہم اپنے تجربے سے حقیقت کو زیادہ درست سمجھ رہے ہیں اور اس سمجھ کو کس مقصد کے لیے استعمال کررہے ہیں؟ اپنے خیال اور اپنے کام کا آپس میں میل کافی نہیں؛ انھیں حقیقت اور انصاف کے سامنے بھی رکھنا ہوگا۔ اسی مقام پر حق اور جواب دہی کا سوال پیدا ہوتا ہے، جسے کسی منصوبے کی کام یابی یا کسی جماعت کی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔
اسلامی فہم: حق کو جاننا اور حق کو ماننا
سورۃ العصر انسان کے خسارے کا ذکر کرتی ہے اور اس سے بچنے کے لیے ایمان، عملِ صالح، حق کی باہمی تلقین اور صبر کی باہمی تلقین کو ساتھ رکھتی ہے (سورۃ العصر، 103:1–3)۔ اس ترتیب میں عمل تنہا نہیں ہے۔ ایمان زندگی کو ایک بنیاد دیتا ہے، عملِ صالح اس یقین کو انسان کے کیے میں ظاہر کرتا ہے اور حق و صبر کی باہمی تلقین اس ذمہ داری کو دوسروں کے ساتھ تعلق میں لے آتی ہے۔ مضمون کی موجودہ بحث میں اس سے یہ بات نمایاں ہوتی ہے کہ محنت، کام یابی اور اپنے ساتھیوں کی پسند سے آگے بھی ایک معیار ہے جس کے سامنے انسان کو اپنے کام کو رکھنا ہوتا ہے۔
ایمان کو صرف کسی بات کی معلومات تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ آدمی ایک حکم جان سکتا ہے، پھر بھی اپنی خواہش کے لیے اس سے بچنے کا راستہ تلاش کرسکتا ہے۔ ایمان میں یقین اور وابستگی بھی شامل ہیں اور عمل میں ان کی آزمائش ہوتی ہے۔ حق ماننے کی دشواری خاص طور پر وہاں سامنے آتی ہے جہاں وہ ہمارے فائدے کے خلاف ہو۔ دوسرے کی غلطی بتانا آسان ہوسکتا ہے؛ اپنی پسندیدہ رائے، اپنے ادارے یا اپنے معتبر ساتھی کی غلطی ماننا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ اسی مقام پر علم کے ساتھ دیانت اور ہمت بھی درکار ہیں۔
قرآن انسان کی عبادت کو اللہ سے وابستہ کرتا ہے (سورۃ الذاریات:51:56 )۔ بندگی کے اس تصور میں انسان اپنے اختیار کو آخری اختیار نہیں سمجھ سکتا۔ استاد کے پاس علم ہو، رہ نما کے پاس اثر ہو یا ادارے کے پاس وسائل، ان سب کے استعمال کا حساب ہونا ہے۔ کسی جماعت کی اپنی تعبیر اور فیصلے انسانی کوشش ہیں؛ انھیں دین کی جگہ نہیں دی جاسکتی۔ اللہ کے حضور جواب دہی کا شعور اپنے کام کو سوال سے محفوظ کرنے کے بجائے اسے زیادہ ذمہ داری سے دیکھنے کی دعوت دیتا ہے۔ اس کا اثر تب ظاہر ہوتا ہے جب کم زور آدمی بھی صاحبِ اختیار سے اپنا حق مانگ سکے۔
رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا کہ اللہ جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے، اسے دین کی سمجھ عطا کرتا ہے (صحیح البخاری) دین کی یہ سمجھ انسان کو اپنے عمل کے مقصد اور تقاضے جاننے کی طرف لے جاتی ہے۔ عبادت ہو یا لوگوں کے حقوق کا معاملہ، اسے صرف مانوس معمول کی طرح انجام دینے سے آگے بڑھ کر سمجھنے کی ضرورت ہے۔ لیکن دینی الفاظ جان لینا اپنے رویے کی درستی کا ثبوت نہیں۔ انسان انھی الفاظ سے اپنے پہلے سے طے شدہ فیصلے کا دفاع بھی کرسکتا ہے۔ اسی لیے دین سمجھنے کی کوشش کے ساتھ اپنے ارادے اور اپنے اختیار کا جائزہ بھی ضروری ہے۔
سورۃ العصر میں وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ کے الفاظ حق کی باہمی تلقین بیان کرتے ہیں۔ اس سے ہماری بحث کے لیے ایک عملی سوال نکلتا ہے: کیا ہم صرف دوسروں کو اپنی بات سناتے ہیں، یا ان کی درست بات قبول کرکے اپنی اصلاح بھی کرسکتے ہیں؟ یہ آیت کی باہمی تلقین سے اخذ کیا گیا سوال ہے۔ اسی طرح صبر اپنی پہلی رائے پر ہر حال میں جمے رہنے کا نام نہیں۔ حق کی تلاش میں وقت دینا، مشکل کے باوجود درست کام جاری رکھنا اور اپنی غلطی کی اصلاح کے نتائج برداشت کرنا بھی ثابت قدمی مانگتا ہے۔ وفاداری مقصد اور حق کے ساتھ ہو تو ضرورت پڑنے پر طریقہ بدلا جاسکتا ہے۔
قرآن انصاف پر قائم رہنے کی ہدایت اپنے خلاف گواہی دینے تک لے جاتا ہے۔ (سورۃ النساء: 4:135)۔ اس مطالبے کی سختی تب کھلتی ہے جب درست شکایت کسی مخالف کے خلاف نہیں، ہمارے اپنے معزز آدمی کے خلاف آئے۔ ممکن ہے بات ماننے سے ادارے کی ساکھ متاثر ہو یا کسی کی حیثیت کم ہوجائے۔ یہی وہ وقت ہے جب جواب دہی کا دعویٰ آزمائش بنتا ہے۔ شکایت کی جانچ ضروری ہے، مگر جانچ کے نام پر اسے دبانا، گواہ کو خاموش کرنا یا سچ سامنے آنے کے بعد بھی نقصان کی تلافی سے بچنا انصاف سے دور لے جاتا ہے۔ دوسرے حصے میں بیان کیے گئے طریقے اس جانچ کا راستہ بناتے ہیں؛ ایمان انسان سے تقاضا کرتا ہے کہ نتیجہ اپنے خلاف آئے تو بھی اسے سنجیدگی سے لے۔
اسی انصاف کا رخ اپنے حلقے سے باہر بھی ہے۔ قرآن کسی قوم سے ناراضی کو انصاف سے ہٹنے کی وجہ بنانے سے روکتا ہے۔ (سورۃ المائدہ: ۵ :۸)۔ لہٰذا اپنے مخالف کے اچھے کام کو پہچاننا اور اپنے ساتھی کی زیادتی کو زیادتی کہنا ایک ہی دیانت کا تقاضا ہیں۔ اپنے لوگوں کے لیے نرم اور دوسروں کے لیے سخت معیار رکھنے سے حق کی تلاش گروہی حمایت میں بدل جاتی ہے۔ اسلامی فہم کی خوبی کا دعویٰ اسی وقت وزن پاتا ہے جب وہ ہمارے عملی فیصلوں میں زیادہ انصاف، امانت اور جواب دہی پیدا کرے۔
کوئی ضابطہ انسان کو خود بخود منصف نہیں بناتا۔ جانچ کا اچھا طریقہ موجود ہو، پھر بھی لوگ اپنی سہولت کی آوازیں چن سکتے ہیں۔ اصل آزمائش اس وقت ہے جب سچی بات قبول کرنے کی قیمت دینی پڑے۔ حق ہمارے ادارے کی اجازت سے حق نہیں بنتا؛ ہمیں اپنی سمجھ اور اپنے عمل میں اس کے لیے جگہ پیدا کرنی ہوتی ہے۔
تحریک میں عمل، تعداد اور مقصد
کسی ناانصافی کی خبر پھیلتی ہے اور نوجوان تیزی سے ایک دوسرے تک پہنچتے ہیں۔ ایک بڑا اجتماع خاموشی توڑ سکتا ہے، مگر مشترک آواز کے اندر مختلف توقعات بھی ہوسکتی ہیں۔ کسی کو فوری مدد چاہیے، کوئی قانون بدلنا چاہتا ہے اور کوئی اس سوچ کو بدلنا چاہتا ہے جس سے ناانصافی پیدا ہوئی۔ یہ مقصد ایک دوسرے سے جڑے ہیں، مگر انھیں حاصل کرنے کے راستے اور مدت مختلف ہوسکتے ہیں۔ جوش لوگوں کو جمع کرتا ہے؛ مسئلے کا فہم انھیں یہ جاننے میں مدد دیتا ہے کہ اگلا قدم کیا ہونا چاہیے۔ خبر پھیلانے کی تیزی کے ساتھ اس کی جانچ بھی ضروری ہے، کیوں کہ غلط اطلاع پوری کوشش کو غلط رخ دے سکتی ہے۔
پہلے اجتماع کے بعد تسلسل کی آزمائش آتی ہے۔ مطالبات کون واضح کرے گا، مذاکرات میں کون جائے گا اور کسی وعدے پر عمل ہونے کی خبر کون رکھے گا؟ کچھ لوگ سب کی طرف سے بولیں تو ان سے سوال کرنے کا راستہ بھی چاہیے۔ کوئی ذمہ داری قبول نہ کرے تو مشترک فیصلہ مشکل ہوجاتا ہے۔ متاثرہ لوگوں، معلومات جمع کرنے والوں اور نمائندوں کے درمیان رابطہ قائم رہنا ضروری ہے۔ ابتدائی جوش کم ہونا فطری ہے؛ اس کے بعد کام کو چلانے کے لیے تقسیمِ ذمہ داری، وسائل اور اعتماد درکار ہیں۔ ایک تحریک درست مقصد کے باوجود اس لیے بھی بکھر سکتی ہے کہ وہ اپنی پہلی آواز کو مسلسل کوشش میں بدلنے کا طریقہ نہ بناسکی۔
اسی ضرورت سے تنظیم پیدا ہوتی ہے۔ وہ تجربہ محفوظ کرتی ہے، نئے آنے والوں کو کام سمجھاتی ہے اور ذمہ داری ایک شخص سے دوسرے تک پہنچاتی ہے۔ اس کی اپنی قدر ہے، مگر وقت کے ساتھ تنظیم کو قائم رکھنا مقصد کی جگہ بھی لے سکتا ہے۔ تلاوت کا مقصد یہ تھا کہ قرآن کے احکام جان کر ان پر عمل کیا جائے، لیکن مرورِ زمانہ کے ساتھ ہوا یہ کہ تلاوت خود عمل بن گئی۔ اجتماعات کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ ان کے ذریعے تحریکی شعور اور جذبے کی نشوونما ہو، پھر اجتماع ہی تحریک بن جاتا ہے۔ اجلاس فیصلے کے لیے شروع ہوئے تھے؛ پھر اجلاسوں کی تعداد ہی کام کا ثبوت بننے لگتی ہے۔ عہدے ذمہ داری کے لیے بنے تھے؛ پھر ان کے لیے چناؤ کرانا زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔
اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے صرف افراد کے خلوص کو دیکھنا کافی نہیں۔ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اختیار اور وسائل کہاں جمع ہیں اور انھیں بدلنے کی تجویز پر کس کو نقصان محسوس ہوتا ہے۔
بعض تحریکوں کا آغاز دعوت اور اخلاقی اصلاح سے ہوتا ہے۔ لوگ گھروں اور محلوں تک جاتے ہیں، دین کی بات کرتے ہیں اور اپنے معمول بدلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شرکت بڑھے تو کام کرنے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔ تعداد بتاتی ہے کہ بات کتنے لوگوں تک پہنچی، مگر اس سے یہ معلوم نہیں ہوتا کہ سننے والوں کی سمجھ اور رویہ کتنا بدلا۔ ان کے گھر والوں، ہمسایوں اور کام کے ساتھیوں کے حقوق پر کیا اثر پڑا؟ کیا اختلاف سننے کی آمادگی بڑھی؟ دعوت کا مقصد ان سوالوں سے جڑا ہو تو آنے والوں کی گنتی جائزے کا ایک حصہ ہوگی، آخری جواب نہیں۔
ایک دوسری تحریک معاشرے کی گہری تبدیلی کے لیے اٹھتی ہے۔ وہ کتابیں لکھتی ہے، تربیت کرتی ہے اور ناانصافی کی وجوہ سمجھانے کی کوشش کرتی ہے۔ پھر دفتر، چندہ، شاخیں اور قیادت کا تسلسل قائم ہوتا ہے۔ یہ سب ضروری ہوسکتے ہیں، مگر کارکن پوچھیں کہ معاشرے میں کیا بدلا اور جواب میں صرف شاخوں اور پروگراموں کی تعداد ملے تو اصل سوال باقی رہتا ہے۔ بڑھتی ہوئی تنظیم اور بدلتا ہوا معاشرہ دو الگ خبریں ہیں۔ کبھی دونوں ساتھ ہوتی ہیں، کبھی تنظیم کی بڑھوتری مقصد سے دوری کو چھپا دیتی ہے۔ کسی کوشش کا انقلابی آغاز اسے اس امکان سے محفوظ نہیں کرتا۔
تیسری صورت میں کوئی گروہ خوف، محرومی یا برتری کے احساس کو سمجھ کر اپنی قوت بڑھاتا ہے۔ وہ لوگوں کو منظم کرتا ہے، اپنی بات دہراتا ہے اور مقامی واقعات کو اپنے بڑے دعوے سے جوڑتا ہے۔ اس کے اثر سے کچھ لوگوں کا حق اور تحفظ کم ہوسکتا ہے، جب کہ گروہ اپنے مقصد میں کام یاب ہورہا ہو۔ اسے صرف ناکام یا ناسمجھ کہنا حقیقت کو دیکھنے میں رکاوٹ ہوگا۔ اس کی مہارت اور اثر کو سمجھنا ضروری ہے، تاکہ اس کے مقابلے کا راستہ پیدا ہو۔ لیکن اس کی کام یابی اسے اخلاقی جواز نہیں دیتی۔ منظم فساد کا مقابلہ کرنے کے لیے خیرخواہی کے ساتھ مؤثر فہم اور عمل بھی درکار ہیں۔
ان صورتوں میں تحریک کو اپنی قوت اور اپنی اخلاقی سمت، دونوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ لوگ کتنے جمع ہوئے، کام کتنی دیر چلا اور فیصلہ بدلنے کی صلاحیت کتنی بڑھی؟ ساتھ ہی یہ بھی پوچھنا ہوگا کہ مقصد کتنا منصفانہ ہے، ذرائع کیسے ہیں اور لوگوں کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی۔ بعض اثرات دیر سے ظاہر ہوں گے، مگر دور کے فائدے کا وعدہ آج کے نقصان کو چھپانے کی اجازت نہیں دیتا۔ کارکن کی قربانی قابلِ قدر ہے؛ اسی قدر کا تقاضا ہے کہ اسے ایسی کوشش میں نہ لگایا جائے جس کی سمت پر سوال کرنا ممنوع ہو۔
اکثریت اور اقلیت کے تعلق میں طاقت کا فرق بھی سامنے رکھنا ہوگا۔ قانون، اداروں اور عوامی گفتگو پر ایک فریق کا اثر زیادہ ہو تو دوسرے کی شکایت سنوانے میں حقیقی رکاوٹیں ہوتی ہیں۔ کم زور جماعت ہر ناکامی کو صرف اپنی کمی نہ سمجھے، اور اپنی ہر غلطی کوچھپانے کی سعی بھی نہ کرے۔ اسے مخالف کے مختلف حصوں، ممکنہ ساتھیوں اور اپنی جماعت کے کم سنے جانے والے لوگوں کو سمجھنا ہوگا۔ جو قیادت باہر انصاف مانگتی ہے، اسے اندر عورتوں، غریبوں اور نوجوانوں کی بات بھی فیصلے تک پہنچانی چاہیے۔ بیرونی ظلم اور داخلی جواب دہی، دونوں اپنی جگہ حقیقی سوال ہیں۔
تحریک اپنے آغاز کا وعدہ وقتاً فوقتاً موجودہ کام کے سامنے رکھے تو اسے اپنی سمت دیکھنے میں مدد ملتی ہے۔ ہم کس تبدیلی کے لیے نکلے تھے، اب کیا کررہے ہیں اور اس سے کون فائدہ اٹھارہا ہے؟ ان سوالوں کا جواب قیادت اور کارکنوں کے ساتھ ان لوگوں سے بھی لیا جائے جن کی زندگی بدلنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ تنظیم کو بہتر چلانا کبھی ضروری ہوگا، کبھی اس کے طریقے اور اختیار کو بدلنا۔ تحریک کی زندگی اس میں ہے کہ اس کا انتظام اپنے مقصد کی خدمت کرتا رہے اور جن لوگوں کے لیے وہ اٹھی تھی، ان کی آواز اس تک پہنچتی رہے۔
اختتام: اپنے کام سے سیکھنے کی ہمت
یہ ممکن نہیں ہے کہ انسان مکمل آگہی حاصل کرنے کے بعد ہی کام شروع کرے۔ وہ دستیاب سمجھ بوجھ سے عمل کی طرف قدم اٹھاتا ہے، پھر راستے میں نئی باتیں سامنے آتی ہیں۔ ذمہ داری یہ ہے کہ پہلے قدم میں بھی غور ہو اور بعد کے تجربے سے سیکھنے کی گنجائش بھی برقرار رہے۔ اپنی غلطی کا امکان ماننے سے عمل رک جائے، یہ ضروری نہیں؛ اس سے ہم زیادہ احتیاط اور بہتری کے ساتھ کام کرسکتے ہیں۔ کبھی طریقہ بدلنا ہوگا، کبھی مشکل کے باوجود اسے جاری رکھنا ہوگا۔ دونوں فیصلوں کے لیے وجہ چاہیے، تاکہ ثابت قدمی اور ہٹ دھرمی میں فرق قائم رہے۔
اس مضمون کا سخت سوال وہاں پیدا ہوتا ہے جہاں انسان کی محنت اس کی پہچان بن جاتی ہے۔ کسی کام پر برسوں لگانا معمولی بات نہیں، مگر اسی وابستگی سے بعض حقیقتیں دیکھنا مشکل ہوسکتا ہے۔ بچوں کی ناکامی استاد کو، لوگوں کی شکایت ادارے کو اور کارکن کا اختلاف قیادت کو اپنے طریقے کے بارے میں نئی بات بتاسکتا ہے۔ ان آوازوں کو سننا انھیں مان لینا نہیں ہے، یہ در اصل اپنے فیصلے کو جانچنے کا موقع قبول کرنا ہے۔ یہ موقع ضائع ہوجائے تو انسان محنت بڑھاتا رہتا ہے، مگر سمجھ ایک ہی جگہ ٹھہری رہ سکتی ہے۔
فہم ہمیں کام کا راستہ دکھاتا ہے، عمل اس فہم کو آزماتا ہے، اور حق کا سوال دونوں کی سمت جانچتا ہے۔ محنت ان سب کو زندگی میں جگہ دیتی ہے، مگر اپنی مقدار سے ان کی کمی پوری نہیں کرسکتی۔ اسی لیے کام یابی کے ساتھ انصاف اور غلطی معلوم ہونے کے ساتھ اصلاح کی ذمہ داری قائم رہتی ہے۔ ایمان اس ذمہ داری کو مزید سنجیدہ بناتا ہے۔ ہمیں اپنے علم، اختیار اور ان زندگیوں کا حساب بھی دیکھنا ہے جن پر ہمارے کام کا اثر پڑتا ہے۔
مضمون کی پہلی کہانی کے دوسرے استاد نے اپنے کام کی قدر کم نہیں کی تھی۔ اس نے اسے بچوں کے تجربے کے سامنے رکھ کر بہتر بنانے کی کوشش کی تھی۔ شاید کسی استاد، ادارے یا تحریک کی پختگی بھی اسی آمادگی میں ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اپنی محنت سے محبت کرے اور اس کے بارے میں سچ سننے کی جگہ بھی رکھے۔ جس کام پر ہمیں فخر ہے، اس کی خامی پہچان کر اسے درست کرسکنا ہماری کوشش کو ایک نئی زندگی دے سکتا ہے۔ اور یہی احتساب ہے۔







