Opens in a new tab

دنیا کے مسائل اور آخرت کی فکر

جب ہم یہاں جمع ہوئے ہیں اور اپنا قیمتی وقت اپنی بھلائی کے لیے کچھ سوچنے پر صرف کر رہے ہیں تو ہمیں یہ نادانی نہیں کرنی چاہیے کہ صرف اِسی زندگی کے لیے سوچیں جو بہرحال ختم ہوجانے والی ہے۔ ہر فرد کی زندگی چاہے وہ آج اپنی عمر کے کسی مرحلے میں ہو آئندہ پچاس، ساٹھ ستّر برسوں میں ختم ہو جائے گی۔ آج سے ستّر اسّی برس بعد اُن لوگوں میں سے کوئی بھی زندہ نہ رہے گا جو اس وقت یہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہاں جو لوگ موجود ہیں، خواہ وہ ہندو ہوں، مسلمان ہوں یا کسی بھی خیال کے ہوں ان کی ننانوے فی صد سے زیادہ اکثریت کسی نہ کسی شکل میں اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ اس زندگی کے بعد ایک اور زندگی آنے والی ہے۔ دانشمند انسانوں کی حیثیت سے ہر ایک کو اس کی فکر ہونی چاہیے کہ اس دوسری زندگی میں بھی بھلائی حاصل ہو۔ آج ہم غذائی قلت سے دوچار ہیں، نظم و نسق (Law And Order) کا مسئلہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے، بہت سے اور مسائل بھی ہیں۔ یہ مسائل کسی نہ کسی طرح حل ہوں گے۔ یہ زندگی گرتے پڑتے گزر ہی جائے گی۔ زندگی کبھی مسائل سے عاری نہیں رہی۔ آج جن تکلیفوں سے ہم دوچار ہیں ان کے باوجود یہ زندگی کسی طرح بسر ہوگی اور یقینًا ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ مسائل حل ہوں تکلیفیں کم ہوں اور زندگی سہولت و آرام سے بسر ہو۔ مگر ایسا نہ ہو کہ انہی مسائل میں الجھ کر ہم اس زندگی کے بعد آنے والی زندگی سے یکسر غافل ہوجائیں۔ اُس زندگی کو بنانے کی فکر بھی اسی زندگی میں کرنی ہے۔ اس کے لیے جو کوشش کرنی ہو آج ہی کی جاسکتی ہے۔ اُس میں فلاح کا انحصار بھی اِس زندگی میں گزر بسر کے طریقوں، انہی مسائل کے حل کے انداز اور اِس دنیا کی زندگی کی تعمیر کے نقشے پر ہے۔ عقل کا تقاضا یہی ہے کہ ہر آن اُس کو بھی سامنے رکھا جائے اور ہر مسئلے کے حل میں اُس کی رعایت بھی ملحوظ رہے۔ (۱۱ نومبر ۱۹۶۷ کے جماعت اسلامی ہند کے کل ہند اجتماع کے موقع پر کی گئی تقریر کا اقتباس۔ تحریک اسلامی عصر حاضر میں، ص ۴۶)

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

دنیا کے مسائل اور آخرت کی فکر

حالیہ شمارے

اکتوبر 2026

شمارہ پڑھیں

ستمبر 2026

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 500 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223