Opens in a new tab

جین زی (Gen Z)

امید کی موہوم کرن یا تاریخِ انسانی کا عظیم چیلنج؟

جین زی — آزادی اور اخلاقی وجود کا بحران

ایک نسل یا تیار کیا ہوا ایک ماڈل؟ کبھی کبھی جین زی کو دیکھتے ہوئے ایک عجیب احساس پیدا ہوتا ہے: جیسے ہم کسی نسل کو صرف تاریخی اور عمرانی حقیقت کے طور پر دریافت نہیں کر رہے بلکہ اسے ایک خاص نمونے کے مطابق تشکیل پاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں؛ جیسے پہلے ایک خاکہ بنا، پھر اس کے خدوخال متعین ہوئے، پھر یہ طے ہوا کہ اسے کیسے سوچنا، کس طرح زندگی بسر کرنا اور کن اقدار کو اپنی شناخت کا حصہ سمجھنا ہے۔ یہ احساس کسی خفیہ سازش کا قطعی ثبوت تو نہیں ہو سکتا، لیکن اس سوال کو نظر انداز بھی نہیں کیا جاسکتا کہ جدید معاشی، تکنیکی اور ثقافتی قوتیں کس طرح انسانی خواہشات، ترجیحات اور شناختوں کی تشکیل میں شریک ہورہی ہیں۔

یہاں مسئلہ کسی ایک ادارے یا گروہ کا نہیں بلکہ پورے نظام کا ہے۔ بازار خواہشات کو متاثر کرتا ہے، میڈیا توجہ کو اپنی طرف کھینچتا ہے، سوشل میڈیا مقبولیت کے پیمانے بناتے ہیں اور الگورتھم یہ طے کرنے میں حصہ لیتے ہیں کہ انسان کو کیا دکھائی دے۔ اس طرح انسان کو ایک ایسی ترتیب دی ہوئی دنیا دکھائی جاتی ہے جو اس کی توجہ اور انتخاب پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اس لیے یہ سوال اہم ہے کہ جدید تہذیب نوجوان انسان کے لیے آزادی، شناخت، خوشی، تعلق اور خودمختاری کا ایک مخصوص تصور تو تشکیل نہیں دے رہی ہے؟

روایتی معاشروں میں انسانی زندگی کے دیگر امور کی طرح فرد کی شناخت محض ذاتی انتخاب کا نتیجہ نہیں ہوتی تھی بلکہ بڑی حد تک خاندان، مذہب، مقامی معاشرے اور باہمی تعلقات کے اندر تشکیل پاتی تھی۔ نوجوان کی زندگی کو مکمل طور پر اس کی ذاتی ملکیت نہیں سمجھا جاتا تھا؛ خاندان اس کی تعلیم، دوست و احباب، اوقات اور مستقبل کے فیصلوں میں کسی نہ کسی درجے میں شریک ہوتا تھا۔ جدید فردیت نے اس تصور کو بنیادی طور پر تبدیل کیا ہے۔ فرد کے لیے اپنی زندگی، وقت، خیالات اور سرگرمیوں کو ذاتی دائرۂ اختیار سمجھنے کا احساس نئی نسل کا طرۂ امتیاز بن گیا ہے۔ انسانی وقار اور شخصی آزادی کے اعتبار سے یہ تبدیلی اہم اور قابلِ قدر بھی ہو سکتی ہے۔ مسئلہ نجی زندگی کے حق کا بھی نہیں؛ مسئلہ وہاں پیدا ہوتا ہے جہاں نجی زندگی کا حق رفتہ رفتہ ایسے تصور میں تبدیل ہونے لگے جس میں فرد کو تعلق، وابستگی اور دوسرے انسان کی موجودگی ہی غیر ضروری محسوس ہونے لگے۔

ڈیجیٹل دنیا اور آزادی کی نئی صورت

ڈیجیٹل انقلاب نے اس تبدیلی کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔ ایک نوجوان اپنے طبعی ماحول سے الگ ایسی مجازی( Virtual World ) دنیا تشکیل دے سکتا ہے جس میں اس کی پسند کی معلومات، تفریح، موسیقی، گفتگو اور سماجی روابط مسلسل موجود رہیں۔ الگورتھم اس کی سابقہ سرگرمیوں کی بنیاد پر اس کے لیے مواد منتخب کرتے ہیں، تجارتی نظام اس کی ترجیحات کو سمجھ کر نئی خواہشات کو تحریک دیتے ہیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم اس کی توجہ کو مسلسل اپنی طرف متوجہ رکھتے ہیں۔

اس طرح انسان کو پہلی مرتبہ اس پیمانے پر ایسا ماحول میسر آیا ہے جسے وہ اپنی ترجیحات کے مطابق ترتیب دے سکتا ہے۔ سابقہ ادوار میں فرد بنیادی طور پر ایک ایسی دنیا میں داخل ہوتا تھا جو پہلے سے موجود تھی اور جس کے اندر اسے اپنے لیے جگہ بنانی پڑتی تھی۔ ڈیجیٹل عہد نے اس کے ساتھ ایک دوسرا امکان پیدا کردیا ہے: ایسی دنیا کی تشکیل جس میں فرد اپنی پسند کے عناصر کو زیادہ سے زیادہ جمع اور ناپسندیدہ عناصر کو کم سے کم کرسکتا ہے۔

یہ صورتِ حال بیک وقت آزادی بھی ہے اور ایک گہرا فکری بحران بھی۔ آزادی اس لیے کہ اظہار، انتخاب، معلومات اور رابطے کے امکانات غیر معمولی طور پر بڑھ گئے ہیں؛ بحران اس لیے کہ اگر انسان مسلسل ایسی دنیا میں رہنے لگے جسے وہ اپنی خواہش کے مطابق ترتیب دے سکتا ہے تو کیا وہ اس حقیقت کے ساتھ رہنے کی صلاحیت بھی برقرار رکھ سکے گا جسے وہ اپنی خواہش کے مطابق تبدیل نہیں کرسکتا؟

حقیقی زندگی انسان کی خواہش کے مطابق نہیں چلتی۔ والدین ہمیشہ توقع کے مطابق نہیں ہوتے، استاد ہر وقت طالب علم کی پسند کے مطابق نہیں ہوتا، دوست ہمیشہ مطلوبہ رویہ اختیار نہیں کرتے، معاشرہ فرد کی خواہش کے مطابق نہیں بدلتا اور خود انسان بھی اپنی ہر خواہش پوری نہیں کرسکتا۔ اختلاف، مزاحمت، انتظار، محرومی اور محدودیت محض رکاوٹیں نہیں؛ یہی تجربات شخصیت میں پختگی، تحمل، حقیقت پسندی، جذبۂ ایثار اور دوسروں کو قبول کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔

اس لیے آزادی کو صرف پابندیوں کی کمی سے ناپنا درست نہیں۔ ایک ایسی شخصیت جو ہر بیرونی مزاحمت سے محفوظ ہو مگر اپنی جبلی خواہشات، عادات اور فوری تسکین کی محتاج ہو، ضروری نہیں کہ وہ حقیقی معنوں میں آزاد بھی ہو۔

انتخاب کی کثرت اور خودمختاری کا سوال

ڈیجیٹل عہد نے آزادی کے سوال کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔ پہلے انسان زیادہ تر یہ سوال کرتا تھا کہ مجھے کون روک رہا ہے؟ اب اس کے ساتھ یہ سوال بھی بنیادی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ میری خواہشات کو کون تشکیل دے رہا ہے؟ میری توجہ کس سمت لے جائی جارہی ہے؟ میرے انتخاب کے پیچھے کون سے عوامل کارفرما ہیں؟

یہ کہنا درست نہیں کہ آج انسان کی ہر خواہش ٹیکنالوجی سے متاثر ہے۔ انسانی خواہشات ہمیشہ خاندان، تعلیم، معاشرت، ثقافت، بازار اور ماحول سے متاثر ہوتی رہی ہیں۔ فرق یہ ہے کہ ڈیجیٹل ماحول میں یہ اثر زیادہ مسلسل، زیادہ شخصی اور زیادہ اعداد و شمار پر مبنی ہوگیا ہے۔ فی زمانہ فرد کی سابقہ سرگرمیاں اس کے آئندہ تجربات کو متاثر کرتی ہیں؛ اس کی پسند کو ملحوظ رکھتے ہوئے اسے مزید اسی نوع کا مواد پیش کیا جاتا ہے اور اس کی توجہ خود ایک معاشی وسیلہ بن جاتی ہے۔

چناں چہ انتخاب کی کثرت لازماً خودمختاری کی فراوانی نہیں۔ اگر کسی فرد کی خواہشات مسلسل بیرونی محرکات سے تحریک پارہی ہوں، اس کی توجہ مخصوص سمتوں میں منتقل کی جارہی ہو اور اس کے کم زور پہلوؤں کو تجارتی یا سماجی اثراندازی کے لیے استعمال کیا جارہا ہو تو یہ سوال ناگزیر ہے کہ جس خواہش کو فرد اپنی سمجھ رہا ہے، وہ کس حد تک واقعی اس کی اپنی ہے؟

یہاں آزادی اور خودمختاری کے درمیان بنیادی فرق سامنے آتا ہے۔ آزادی کا ایک مفہوم بیرونی جبر کی کمی ہے؛ خودمختاری اس سے آگے کی کیفیت ہے۔ اس میں انسان اپنے ارادے اور خواہشات کو تشکیل دینے والے عوامل کو پہچانتا، ضرورت اور خواہش میں امتیاز کرتا اور کسی بیرونی محرک کا محض ردِعمل بننے سے اپنے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔

اسی لیے کبھی خاموش رہنا، انتظار کرنا، انکار کرنا اور اپنی خواہش کو محدود کرنا بھی آزادی کی صورت ہوسکتی ہے۔ جو انسان ’’نہیں‘‘ کہنے کی صلاحیت کھو دے، وہ بظاہر بے شمار انتخاب رکھنے کے باوجود اپنی خواہشات کا آزاد مالک نہیں رہتا۔

ممکنات اور اخلاقی جواز

انسان ٹیکنالوجی کے ذریعے بہت کچھ ممکن بنا سکتا ہے، لیکن ’’کیا کرنا چاہیے؟‘‘ کا سوال محض قدرتِ عمل سے حل نہیں ہوتا۔ کسی چیز کو ممکن بنا دینا اس کے اخلاقاً درست ہونے کی دلیل نہیں اور کسی خواہش کو پورا کر سکنا اس بات کا ثبوت نہیں کہ اس کی تکمیل انسان کے لیے مفید بھی ہے۔ ٹیکنالوجی بیماری کے خاتمے کی طرف پیش رفت کرسکتی ہے، مگر کیا بیماری کے خاتمے سے انسانی وجود کے معنی بھی بدل جائیں گے؟ مصنوعی ذہانت معلومات فراہم کرسکتی ہے، مگر کیا اس سے انسانی حکمت کی ضرورت ختم ہوجائے گی؟ مجازی دنیا نئے تجربات پیدا کرسکتی ہے، مگر کیا انسان طبعی حقیقت سے بے نیاز ہوسکتا ہے؟ جسمانی حدود کو تبدیل کرنا ممکن ہوسکتا ہے، مگر کیا ہر قابلِ تغیر چیز کو تبدیل کرنا اخلاقاً مطلوب بھی ہوگا؟

یہ سوال ٹیکنالوجی کی مخالفت نہیں کرتا؛ یہ ٹیکنالوجی کے مقصد، سمت اور اخلاقی حدود کا سوال اٹھاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت اور فکری خودمختاری

انسان کی خودمختاری کا زیادہ گہرا اور اہم مرحلہ اس کی فکری خودمختاری ہے۔ اس لیے اسے اپنی سوچ، فیصلوں اور نتائج تک پہنچنے کے عمل میں فعال رہنا ضروری ہے۔ اگر وہ ہر مشکل سوال کا جواب فوراً باہر سے حاصل کرنے لگے اور ہر پیچیدہ فیصلے کو کسی تکنیکی نظام کے سپرد کردے تو اس کی فکری تربیت بتدریج کم زور پڑ سکتی ہے۔

اسی لیے شعور کی ایک داخلی ’’چار دیواری‘‘ ضروری ہے۔ یہ قید نہیں بلکہ وہ ذہنی فضا ہے جس میں انسان ٹھہرتا، سوال کرتا، غور کرتا، شک کرتا، امکانات کو پرکھتا اور خود نتیجہ اخذ کرتا ہے۔ اگر ہر سوال کا جواب فوراً باہر سے مل جائے، ہر مشکل کا حل ٹیکنالوجی فراہم کردے، ہر فیصلہ الگورتھم آسان بنادے اور ہر ذہنی الجھن کے لیے مصنوعی ذہانت تیار جواب پیش کردے تو زندگی بظاہر آسان ہوسکتی ہے، لیکن فکری تربیت کم زور پڑنے کا خطرہ پیدا ہوجاتا ہے۔

مصنوعی ذہانت تعلیم اور تحقیق کے لیے غیر معمولی امکانات فراہم کرتی ہے۔ مشکل تصورات کی مختلف وضاحتیں، تحقیق میں معاونت، مختلف زبانوں میں تراجم اور خیالات کی تنظیم اس کے مثبت استعمالات میں شامل ہیں۔ لیکن انسانی فہم صرف ان حاصلات سے نشو و نما نہیں پاتا۔ سوال اٹھانا، غلطی کرنا، دلیل دینا، ناکام ہونا، دوبارہ کوشش کرنا اور خود نتیجہ اخذ کرنا بھی فکری تربیت کا بہت اہم حصہ ہے۔

اس لیے قضیہ صرف یہ نہیں کہ جین زی مصنوعی ذہانت کا سوء استخدام کر سکتی ہے ؛ بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی ذہن کے لیے آلہ رہتی ہے یا انسانی ذہن ہی کو اپنا آلۂ کار بنا دیتی ہے۔

اگر مصنوعی ذہانت انسانی سوچ کا متبادل بن جائے تو فکری انحصار پیدا ہوسکتا ہے؛ اگر وہ سوچ کو وسعت دینے کا ذریعہ بنے تو یہی ٹیکنالوجی انسانی صلاحیت کو بڑھا سکتی ہے۔ عین ممکن ہے مستقبل میں کام یاب انسان وہ نہ ہو جو مصنوعی ذہانت کے طفیل سب سے زیادہ معلومات حاصل کرے، بلکہ وہ ہو جو معلومات کو سمجھنے، پرکھنے، باہم مربوط کرنے اور انسانی مقصد کے تابع رکھنے کی صلاحیت محفوظ رکھے۔

خود مختاری اور اخلاقی وجود کا بحران

خودمختاری اور خود کفایت کا سوال انسانی تعلقات کے دائرے میں بھی داخل ہوتا ہے۔ اگر فرد اپنی زندگی کے ہر شعبے میں زیادہ سے زیادہ اختیار چاہتا ہے اور ٹیکنالوجی اسے ایک متبادل سماجی ماحول فراہم کرتی ہے تو شادی، خاندان اور رفاقت کے روایتی اور فطری تصورات بھی شکست و ریخت کے زد میں آ جاتے ہیں۔

یہ کہنا درست ہوگا کہ جین زی کا اجتماعی رجحان شادی یا خاندانی ادارہ کی روایتی تقدیس سے إبا کرنے والا ہے۔ کیوں کہ اگر انسانی معاشرہ خود انسان ہی پر انحصار کو کم کرنے کی کوشش کرے اور مصنوعی ذہانت، مجازی ساتھیوں یا ڈیجیٹل کرداروں کے ذریعے رفاقت کے نئے امکانات پیدا ہونے لگے تو انسانی تعلق کی اساسی تعریف پر اثر پڑنا ناگزیر ہے۔

اگر کوئی مصنوعی نظام انسان کی بات سن سکے، جواب دے سکے، اس کی ترجیحات یاد رکھ سکے، اس کے جذبات کو سمجھنے کا تاثر پیدا کرے اور مسلسل دستیاب بھی رہے تو کیا وہ انسانی رفاقت کا متبادل بن سکتا ہے؟

یہاں ایک بنیادی فرق ملحوظ رکھنا ضروری ہے: مصنوعی رفاقت انسانی تعلق نہیں۔ مشینی جواب کتنا ہی دل آویز ہو انسانی محبت نہیں، مصنوعی ہمدردی انسانی تجربہ نہیں اور مسلسل دستیابی انسانی وابستگی، ذمہ داری اور ایثار کا متبادل نہیں ہوسکتی۔ چناں چہ اس امکانی صورت حال کو نظرانداز بھی نہیں کیا جاسکتا کہ ٹیکنالوجی ایسے غیر حیاتیاتی وجودوں کے ساتھ تعامل کی نئی صورتیں پیدا کررہی ہے جو محض اوزار نہیں بلکہ کسی حد تک ’’ساتھی‘‘ محسوس ہوسکتے ہیں۔

اس صورتِ حال میں سوال صرف یہ نہیں رہے گا کہ ٹیکنالوجی انسانی رفاقت کی جگہ لے سکتی ہے یا نہیں، بلکہ یہ بھی ہوگا کہ قربت اور رفاقت کی ہماری تعریف کیا ہے۔تاریخِ انسانی میں پہلی بار اس نوعیت کے سوال نمودار ہوگئے کہ کیا محبت اور دوستی کے لیے دوسرے فریق کا انسان ہونا ناگزیر ہے؟اور اگر ٹیکنالوجی ان سوالات کے نئے جوابات پیش کرنے لگے تو شادی، خاندان اور انسانی رفاقت کے مستقبل پر اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

شناخت کا مسئلہ بھی اسی وسیع تر خودمختاری سے جڑتا ہے۔ جدید معاشروں میں صنفی شناخت کے بارے میں مختلف علمی، طبی، قانونی اور سماجی موقف موجود ہیں۔ تاہم یہ واضح ہے کہ جدید تہذیب نے فرد کو اپنی شناخت کی تعبیر میں پہلے کی نسبت زیادہ فعال اور نہایت پر خطر کردار دیا ہے۔ اس کے ساتھ شخصی تجربے، حیاتیاتی حقیقت اور اجتماعی زندگی کے درمیان توازن کا سوال بھی پیدا ہوتا ہے۔ نجی زندگی، مجازی دنیا، متبادل تعلقات اور شناخت کی تعبیر بظاہر الگ موضوعات ہیں، لیکن ان کے پیچھے ایک مشترک فکری دھارا موجود ہے: فرد کی بڑھتی ہوئی خودمختاری۔

یہاں ایک اور بنیادی تہذیبی بحران پیدا ہوتا ہے: اگر فرد کو زندگی کے ہر بڑے دائرے میں زیادہ سے زیادہ اختیار دے دیا جائے تو کیا ہر خواہش شناخت بن سکتی ہے؟ کیا ہر تعلق کا متبادل پیدا کیا جاسکتا ہے؟ کیا ٹیکنالوجی حیاتیاتی حدود کو ختم کرسکتی ہے؟ اور اگر کسی مرحلے پر ایسا کرنا ممکن ہوجائے تو کیا ہر تکنیکی امکان انسانی فلاح کے لیے بھی موزوں ہوگا؟ ان سوالوں کےصحیح جواب کے لیے آزادی کو اخلاق کے ساتھ دوبارہ جوڑنا ضروری ہے۔

انسان صرف ’’میں‘‘ نہیں ہے۔ اس کے وجود میں ’’تم‘‘ اور ’’وہ‘‘ بھی شامل ہیں۔ انسان اپنے آپ کو مکمل طور پر تنہائی میں متعین نہیں کرتا؛ وہ دوسروں کے ساتھ، دوسروں کے مقابل اور دوسروں سے تعلق کے ذریعے بھی اپنی شناخت پاتا ہے۔ انسان کسی کا بیٹا، بیٹی، باپ، ماں، دوست، استاد، شاگرد، شریکِ حیات یا معاشرے کا رکن اور سب سے بڑھ کر ایک خالق کی مخلوق اور ایک رب کا بندہ ہوتا ہے۔ یہ نسبتیں آزادی کو ختم نہیں کرتیں؛ اسے معنی عطا کرتی ہیں۔

اگر ’’میں‘‘ کے ساتھ ’’دوسرے‘‘ کا وجود کم زور پڑ جائے تو انسانی شعور کا اخلاقی توازن متاثر ہوجاتا ہے۔ دوسرے کے وجود ہی سے محبت، ذمہ داری، قربانی اور انصاف کے سوال پیدا ہوتے ہیں۔ اگر دوسرا موجود ہی نہ ہو تو قربانی کس کے لیے دی جائے گی؟ محبت کس سے ہوگی؟ حقوق کا احترام کس کا کیا جائے گا؟ اور اختیار کو محدود رکھنے کی اخلاقی ضرورت کہاں سے پیدا ہوگی؟ اسی لیے انسانی آزادی کی تکمیل میں دوسرے انسان کا وجود رکاوٹ نہیں بلکہ شرط ہے۔

انسانیت کا اہم ترین سوال یہ نہیں کہ ”میں کیا کرسکتا ہوں؟ “ بلکہ بنیادی سوال یہ ہے کہ : “مجھے کیا کرنا چاہیے؟ “ اور یہی سوال انسان کے اخلاقی وجود کی بنیاد ہے۔

آزادی، ذمہ داری اور خوشی

انسانی اخلاق کا جواز محض سماجی مقبولیت سے وابستہ نہیں ہوتا۔ کسی معاشرے کی اکثریت کسی عمل کو قبول کرلے تو اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ وہ عمل اخلاقاً درست بھی ہے۔ اسی طرح کسی شخص کی ہر پسند صرف اس لیے اخلاقی طور پر درست نہیں ہوجاتی کہ وہ اس کی اپنی پسند ہے۔ انسان اتنا الگ تھلگ وجود نہیں کہ ہر اخلاقی معیار کو صرف اپنی خواہش کے تابع کردے۔ آزادی ہمیشہ دوسرے کے وجود سے جڑی رہتی ہے، کیوں کہ آزادی کے ساتھ ذمہ داری کا سوال پیدا ہوتا ہے۔

خوشی کے بارے میں بھی یہی اصول کارفرما ہے۔ اگر خوشی کو صرف خواہش کی تکمیل اور لذت کے حصول تک محدود کردیا جائے تو اس کا انسانی مفہوم ناقص ہوجاتا ہے۔ انسان کبھی کسی دوسرے کے لیے قربانی دے کر، کسی مشکل ذمہ داری کو قبول کرکے یا کسی اخلاقی مقصد سے وابستہ ہوکر ایسی معنویت حاصل کرتا ہے جو محض لذت سے بہت مختلف اور فائق ہوتی ہے۔ محبت، ہمدردی، خدمت، رفاقت اور ایثار خوشی کے مخالف نہیں؛ اس کے انسانی مفہوم کی تکمیل ہیں۔

اسی طرح ہر غم کو فوری طور پر کسی اسکرین، تفریح یا مصنوعی محرک سے ختم کردینا بھی ضروری نہیں۔ خاموشی، انتظار، محرومی اور ناکامی بسا اوقات انسان کو اپنے وجود اور زندگی کے مقصد سے جوڑتے ہیں۔

اسی سیاق میں یہاں سہولت اور تربیت کا فرق بنیادی اہمیت اختیار کرتا ہے۔ سہولت مشکل سے بچاتی ہے؛ تربیت مشکل سے نمٹنا سکھاتی ہے۔ فکری تربیت کے لیے سوال کے ساتھ ٹھہرنے، غلطی سے سیکھنے، ناکامی برداشت کرنے، ’’مجھے معلوم نہیں‘‘ کہنے اور خود جواب تلاش کرنے کی صلاحیت ضروری ہے۔

ٹیکنالوجی اگر استاد کی مدد کرے تو نعمت ہوسکتی ہے؛ اگر طالب علم کے سوچنے کی صلاحیت گھٹا دے تو مسئلہ بن جاتی ہے۔ مجازی دنیا اگر تخیل، تعلیم اور اظہار کو وسعت دے تو مفید ہوسکتی ہے؛ اگر حقیقی زندگی سے فرار کا مستقل ذریعہ بن جائے تو نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ ڈیجیٹل رابطہ اگر انسانی تعلق کو وسیع کرے تو فائدہ مند ہے؛ اگر حقیقی انسانی قربت کا متبادل بننے لگے تو فطرت میں فساد کا ذریعہ۔  اصل مسئلہ ٹیکنالوجی کا وجود نہیں بلکہ اس کا بے شعور استعمال اور انسانی مقصد سے انحراف ہے۔

آزادی اور اختیار سے پہلے مقصد

جین زی کے حوالے سے آزادی کے مفہوم میں ایک بنیادی تبدیلی بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ آزادی اگر صرف بیرونی پابندیوں سے نجات اور خواہشات کی تکمیل کا نام بن جائے تو انسان اپنے ہی انتخاب، خواہش اور فوری تسکین کا تابع ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر آزادی میں اپنی خواہشات کو پرکھنے، ان پر قابو رکھنے، نتائج کی ذمہ داری قبول کرنے اور درست و نادرست میں امتیاز کرنے کی صلاحیت بھی شامل ہو تو خودمختاری ایک اخلاقی قدر بن جاتی ہے۔

مزید برآں، آزادی کا سوال محض اختیار کی وسعت سے متعلق نہیں رہتا بلکہ اس اختیار کے استعمال کے مقصد کا سوال بن جاتا ہے۔ کیوں کہ انسان تنہا اختیار رکھنے والا وجود نہیں؛ وہ دوسرے سے تعلق رکھنے والا وجود ہے۔ جہاں ’’دوسرا‘‘ موجود ہے وہاں ذمہ داری ہے، جہاں ذمہ داری ہے وہاں اخلاق ہے، اور جہاں اخلاق ہے وہاں مقصد اور حدود کا شعور لازم ہے۔

اس زاویے سے دیکھا جائے تو جین زی اس تہذیبی تبدیلی کی ایک نمایاں صورت ہے جس میں فرد کو پہلے سے کہیں زیادہ اختیار، انتخاب اور تکنیکی طاقت حاصل ہوئی ہے۔ لیکن اصل چیلنج یہ ہے کہ اس اضافی طاقت کے ساتھ اخلاقی شعور بھی اسی نسبت سے بڑھتا ہے یا نہیں۔ اگر طاقت بڑھ جائے مگر مقصد کا شعور کم زور ہوجائے، انتخاب بڑھ جائیں مگر امتیاز کی صلاحیت کم ہوجائے، رابطے بڑھ جائیں مگر تعلق کم زور ہوجائے، معلومات بڑھ جائیں مگر حکمت کم ہوجائے، اور آزادی بڑھ جائے مگر ذمہ داری کا احساس گھٹ جائے تو انسانی ترقی اپنی ظاہری کام یابی کے باوجود ایک گہرے اخلاقی بحران میں تبدیل ہوسکتی ہے۔اس لیے نئی نسل کی اصل ضرورت محض زیادہ آزادی نہیں بلکہ آزادی کو درست مقصد کے تابع رکھنے کی تربیت ہے؛ محض زیادہ انتخاب نہیں بلکہ انتخاب کے نتائج کو سمجھنے کی صلاحیت ہے؛ اور محض ٹیکنالوجی پر قدرت نہیں بلکہ اسے انسانی مقصد اور اخلاقی ذمہ داری کے تابع رکھنے کا شعور ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں محض بااختیار انسان اور اخلاقی انسان کے درمیان فرق نمایاں ہوتا ہے: انسان کی عظمت صرف اس میں نہیں کہ وہ کیا کچھ کرسکتا ہے، بلکہ اس میں بھی ہے کہ وہ اپنی قدرت کو کس مقصد کے لیے استعمال کرتا ہے۔

آزادی کی آخری حد اور انسان کی نئی تعبیر

خودمختاری کا یہ تصور بالآخر ایک اور بنیادی سوال تک پہنچتا ہے: اگر انسان اپنی دنیا، اپنی شناخت، اپنے تعلقات اور اپنی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو بھی اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرنے کی کوشش کرے تو اس کی آخری حد کیا ہوگی؟ کیا اس کے تانے بانے اس نفسانی خواہش سے تو نہیں جڑتے جو خود انسان کو ”خدا بننے “ کے خبط میں مبتلا کردے ؟

’’خدا بننے‘‘ کی تعبیر سے مراد انسان کا حقیقتاً خدا بن جانا نہیں، نہ یہ کوئی ثابت شدہ سائنسی امکان ہے۔ اس سے مراد صرف وہ تہذیبی رجحان ہے جس میں انسان ایسی طاقتوں کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے جنھیں روایتی انسانی تصور میں غیر معمولی یا خدائی صفات سے مشابہ سمجھا جاتا رہا ہے: اپنی دنیا کو وسیع پیمانے پر تبدیل کرنا، اپنی حقیقت کی تعبیر خود متعین کرنا، شناخت کی تشکیل میں زیادہ سے زیادہ اختیار حاصل کرنا، جسمانی کم زوریوں پر قابو پانے کی کوشش کرنا، زندگی کی مدت بڑھانے کی خواہش رکھنا اور ایسی ٹیکنالوجی پیدا کرنا جو خواہش اور اس کی تکمیل کے درمیان فاصلے کو مسلسل کم کرے۔

مابعد انسانی فکر کے بعض رجحانات اسی سمت کی فکری ترجمانی کرتے ہیں، جب کہ جینیاتی انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور روبوٹکس انسانی حیاتیاتی حدود میں مداخلت کے نئے امکانات پیدا کررہے ہیں۔ اہم سوال یہ نہیں کہ یہ تمام امکانات لازماً حقیقت بن جائیں گے؛ اصل سوال یہ ہے کہ انسان پہلی مرتبہ اپنی آئندہ ذہنی، جسمانی، حیاتیاتی اور وجودی صورت گری میں خود کو ایک فعال عامل سمجھنے لگا ہے۔ اگر ارتقا نے انسان کو اپنے ماحول کو تبدیل کرنے کی صلاحیت دی ہے تو کیا ٹیکنالوجی کے ذریعے انسان اپنے اگلے ارتقائی مرحلے کو بھی خود تشکیل دینے کی کوشش کرسکتا ہے؟ اور اگر ایسا ممکن ہوا تو کیا صرف انسانی طاقت بدلے گی یا انسان کے بارے میں بنیادی تصور بھی تبدیل ہوجائے گا؟

جین زی اس سفر کی آخری منزل نہیں، لیکن ممکن ہے اس سفر کا ایک ابتدائی نمایاں مرحلہ ہو۔ یہ ان نسلوں میں سے ہے جن کے لیے مجازی دنیا( Virtual World )، مصنوعی ذہانت اور شخصی ڈیجیٹل ماحول نظری امکانات نہیں بلکہ روزمرہ زندگی کا حصہ بنتے جارہے ہیں۔ اس لیے جین زی کا مطالعہ دراصل اس تہذیبی سمت کا مطالعہ بھی ہے جس میں انسان اپنی دنیا کے ساتھ ساتھ خود اپنی تعریف بدلنے کی کوشش کررہا ہے۔ چناں چہ یہاں یہ سوال ناگزیر ہے کہ : کیا ہر حد کا خاتمہ آزادی ہے؟

اگر ہر بیرونی حد کو رکاوٹ، ہر خواہش کو حق اور ہر تکنیکی امکان کو خواہش کی تکمیل کا جواز سمجھ لیا جائے تو آزادی اپنی اخلاقی بنیاد سے جدا ہوسکتی ہے۔ بعض حدود غلامی کی علامت ہوتی ہیں، لیکن بعض حدود انسان کی انسانیت کی تشکیل کرتی ہیں۔ وقت کی حد ترجیحات سکھاتی ہے، موت کی حد زندگی کی قدر پیدا کرتی ہے، جسمانی حدود انسان کو حقیقت سے جوڑتی ہیں، دوسرے انسان کی آزادی ذمہ داری کا احساس پیدا کرتی ہے، اخلاقی حدود خواہش اور فرض میں فرق سکھاتی ہیں اور علم کی حدود انسان کو اپنی ناتمامی کا اعتراف سکھاتی ہیں۔ اس لیے حدود کو سمجھنا اور تمام حدود کو مٹا دینے کی خواہش رکھنا ایک ہی چیز نہیں۔

 جین زی— ایک تہذیبی آئینہ

اسی پس منظر میں جین زی اپنے عہد کا ایک آئینہ ہے۔ اس کی بے چینی میں معاصر تہذیب کی بے چینی شامل ہے؛ اس کی آزادی کی خواہش میں جدید تہذیب کا آزادی کا تصور موجود ہے؛ اس کے اختیار کے سوال میں معلوماتی معاشرے کی ساخت شامل ہے؛ اس کے تعلقات میں ڈیجیٹل رابطے کی قوت بھی ہے اور اس کی حدود بھی؛ اور اس کے شناختی بحران میں وہ تہذیبی مطالبہ بھی شامل ہے جو فرد سے کہتا ہے:”اپنی شناخت خود بناؤ۔“

اس لیے اصل سوال یہ نہیں کہ جین زی کا مسئلہ کیا ہے۔ زیادہ بنیادی سوال یہ ہے: کس نوع کا تہذیبی ماحول نئی نسل کی شخصیت تعمیر کر رہا ہے؟ اگر ایسا ماحول تشکیل پاچکا ہے جہاں تنہائی کو تفریح، تعلق کو محض رابطے، خواہش کو صارفیت اور حقیقت کو اسکرین کے ذریعے بدلنے کے امکانات مسلسل بڑھ رہے ہیں تو اس بحران کی ذمہ داری صرف نوجوانوں پر عائد نہیں کی جاسکتی۔ یہ پورے معاشرے، تعلیمی نظام، خاندانی ادارے اور ثقافتی ماحول کے لیے احتساب کی گھڑی ہے۔

اس صورتِ حال میں اگلی نسلوں کے لیے محض پابندیوں کا نظام کافی نہیں ہوگا۔ انھیں ایسی تربیت درکار ہے جو امتیاز اور ترک و اختیار کی اندرونی صلاحیت پیدا کرے؛ جو نوجوان کو یہ سکھائے کہ ہر ’’مجھے یہ چاہیے‘‘ اخلاقی جواز نہیں رکھتا، ہر دستیاب چیز ضروری نہیں، ہر ممکن چیز مفید نہیں اور ہر انتخاب آزادی کی علامت نہیں۔

اسی لیے ہمیں مصنوعی ذہانت، نفسیات، دماغی علوم اور انسانی شعور کے بارے میں جاری سنجیدہ مباحث کو بھی دیکھنا ہوگا۔

ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آنے والے زمانے میں انسان کی توجہ، خواہش، شناخت، تعلق اور فیصلہ سازی کس طرح تشکیل پائے گی۔ ٹیکنالوجی انسان کی مدد کے لیے ہے یا کہیں ایسا تو نہیں کہ انسان آہستہ آہستہ ٹیکنالوجی کے مطابق ڈھل رہا ہے۔ توجہ کی حفاظت، خواہشات کا جائزہ، خاموشی اور انتظار، ناکامی اور محرومی سے گزرنے، اختلاف برداشت کرنے اور حقیقت کے ساتھ رہنے کی صلاحیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ دوسرے انسان کی موجودگی کو آزادی کے لیے خطرہ سمجھنے کے بجائے انسانیت کی بنیادی شرط سمجھنا بھی انسانی تعلیم و تربیت کا حصہ ہونا ضروری ہے۔ کیوں کہ انسان صرف اپنی خواہشات پوری کرکے مکمل نہیں ہوتا۔ وہ اپنی ذات سے بلند کسی قدر کے لیے اپنی پست خواہش کو محدود کرنے، کسی تعلق کی ذمہ داری قبول کرنے اور کسی دوسرے کے لیے قربانی دینے سے ہی انسان بنتا ہے۔

جین زی Gen Z کی اس بحرانی صورتِ حال میں کچھ مثبت علامتیں بھی پائی جاتی ہیں۔ سوال کرنا، پرانے تصورات کو جانچنا، ذہنی آزادی چاہنا، نئی چیزیں سیکھنے کی خواہش، مختلف ثقافتوں سے رابطہ، ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کی صلاحیت اور اپنی زندگی کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کی خواہش، اگر صحیح سمت پائیں تو انسانی ترقی کے لیے طاقت بن سکتی ہیں۔ لیکن یہ امید ابھی موہوم ہے۔ کیوں کہ: سوال کرنا ہمیشہ سچ کی تلاش نہیں ہوتا؛ آزادی ہمیشہ خودمختاری نہیں ہوتی؛اظہار ہمیشہ شعور نہیں ہوتا؛ انفرادیت ہمیشہ خودی نہیں ہوتی؛ ٹیکنالوجی ہمیشہ حکمت نہیں ہوتی، اور انتخاب ہمیشہ مقصد نہیں ہوتا۔

آج اگر جین زی کے سامنے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اسے آزادی، معلومات، ٹیکنالوجی اور انتخاب میں سے کیا مل رہا ہے، تو اس سے بھی بڑا اور سنگین مسئلہ یہ ہے کہ اس کے اندر اپنی خواہش کا مالک بننے، اپنے عمل کی ذمہ داری قبول کرنے، دوسرے انسان کے لیے باعثِ رحمت بننے اور اپنی زندگی کے مقصد سے باخبر رہنے کی صلاحیت پیدا ہورہی ہے یا نہیں؟۔

یہی وہ مقام ہے جہاں Gen Z کا سوال انسانی مستقبل کا سوال بن جاتا ہے۔ اصل سوال یہ ہے: آج انسان کس طرح کا وجود بننے جا رہا ہے؟ کیا ایسا انسان جو ہر چیز میں آزاد ہو، لیکن کسی سے وابستہ نہ ہو؟ ایسا انسان جو خوشی کا متوالا ہو، لیکن محبت نہ کرسکے؟ ایسا انسان جو تنہا ہو، مگر تنہائی محسوس نہ کرے؟ ایسا انسان جو اپنی ہر خواہش پوری کرنا چاہے، مگر خواہش اور اخلاق میں فرق نہ کرسکے؟ ایسا انسان جو اپنی دنیا خود بنا سکے، مگر اس دنیا کے مقصد کا تعین نہ کرسکے؟ ایسا انسان جو اسکرین کے ذریعے اپنے وجود کا احساس حاصل کرے، مگر حقیقی انسانوں کے درمیان اپنی جگہ نہ بنا سکے؟

اگر تاریخ کا دھارا اس سمت میں بہہ رہا ہے تو جان لینا چاہیے کہ آنے والے زمانے کا انسان اختیار اور ترقی نہیں، بلکہ ایک نئی غلامی اور ترقی نما زوال پیدا کررہا ہوگا۔ ایسا زوال جو تاریخِ انسانی کا بدترین زوال ہوگا، کیوں کہ انسان کی اصل آزادی یہ نہیں کہ اس کے سامنے کوئی حد باقی نہ رہے۔ اصل شرفِ انسانیت یہ ہے کہ وہ اپنی خواہش کا مالک ہو، اپنے عمل کا ذمہ دار ہو، دوسرے انسان کے وجود کو تسلیم کرے، حقیقت سے اپنا تعلق قائم رکھے اور اپنی زندگی کے مقصد سے باخبر ہو۔

یہی وجہ ہے کہ جین زی کا سوال صرف ایک نسل کا سوال نہیں۔ یہ ایک عہد کا سوال ہے۔ بلکہ اس سے بھی بڑھ کر یہ انسان کے مستقبل کا سوال ہے:

کیا انسان اپنی بنائی ہوئی دنیا کا مالک رہے گا، یا ایک دن اپنی ہی بنائی ہوئی دنیا میں اپنے وجود کا مطلب تلاش کرتا رہ جائے گا؟

مراجع

  • Reuters, 27–28 July 2026; India File: Youth crisis beyond the protests.
  • Pew Research Center. “Where Millennials End and Generation Z Begins.” 2019.
  • DataReportal. Digital 2025: India.
  • DataReportal. Digital 2026 Mid-Year Global Update Report.
  • World Health Organization. “Teens, screens and mental health.” 2024.
  • World Economic Forum. Artificial Intelligence and the Future of Entry-Level Work. 2026.
  • World Economic Forum. Shaping the Future of Learning: Education Readiness for the Age of AI. 2026.
  • World Economic Forum. The Human Advantage: Stronger Brains in the Age of AI. 2026.
  • Dworkin, Gerald. The Theory and Practice of Autonomy. Cambridge University Press, 1988.
  • Taylor, Charles. Sources of the Self: The Making of the Modern Identity. Harvard University Press, 1989.
  • Wu, Tim. The Attention Merchants. Knopf, 2016.
  • Zuboff, Shoshana. The Age of Surveillance Capitalism. PublicAffairs, 2019.
  • Pariser, Eli. The Filter Bubble. Penguin Press, 2011.
  • Festinger, Leon. “A Theory of Social Comparison Processes.” Human Relations, 1954.
  • Stanford Encyclopedia of Philosophy. “Neuroethics.”

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

جین زی (Gen Z)

حالیہ شمارے

اکتوبر 2026

شمارہ پڑھیں

ستمبر 2026

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 500 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223