دینِ حق کا مطالعہ ضروری ہے

جو لوگ مذہب کو فتنہ و فساد کی جڑ سمجھتے ہیں ان کے بارے میں تو یقین کے ساتھ کہا جاسکتا ہے کہ انھوں نے انسانیت کے لیے خدا اور مذہب کی ضرورت اور اس کے حقیقی فلسفہ پر کبھی غور ہی نہیں کیا۔ لیکن وہ لوگ بھی جو وحدتِ ادیان کی بات کرتے ہیں یا ایک نئے مذہب کی تلاش میں ہیں، صاف معلوم ہوتا ہے کہ خدا اور مذہب کی حقیقت کو نہیں سمجھ سکے ہیں۔ کم از کم ایک بات تو زیادہ یقین کے ساتھ اور بلا خوفِ تردید کہی جاسکتی ہے کہ انھوں نے اسلام کا مطالعہ کماحقّہ نہیں کیا۔ ہوسکتا ہے دوسرے دھرموں اور مذاہب کے بارے میں وہ بہت گہری اور وسیع معلومات رکھتے ہوں لیکن اسلام کے بارے میں یا تو براہ راست ان کا مطالعہ نہیں ہے یا پھر تھوڑی بہت معلومات ہیں بھی تو ادھر ادھر سے کچھ سن کر یا مستشرقین کی کتابوں کی بنیاد پر یا پھر اسلام مخالف پروپیگنڈے پر مشتمل لٹریچر کے ذریعے۔ ایسے لوگوں کو کھلے دل و دماغ اور دیانت داری سے اسلام کو سمجھنے کا موقع نہیں ملا۔ انھوں نے تلاشِ حق کے جذبے کے ساتھ اسلام کی طرف کبھی نہیں دیکھا اور اسے بس مسلمانوں کا مذہب قرار دے کر نظر انداز کرتے رہے۔ یہ بات یقین کے ساتھ اس لیے کہی جاسکتی ہے کہ اسلام دینِ فطرت ہے۔ قلب و روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والی چیز ہے۔ بشرط یہ کہ آدمی حقیقت کو سمجھنے کی نیت سے اور خالی الذہن ہوکر اس کا مطالعہ کرے۔ پھر وہ دیکھے گا کہ یہ کائنات یوں ہی پیدا نہیں ہوگئی۔ بلکہ اس کی تخلیق کرنے والی کوئی ہستی ہے اور وہ ہستی صرف ایک ہے۔ پھر یہ کہ اس نے دنیا میں انسانوں کو مکمل نظامِ حیات بھی عطا کیا ہے، جس میں معیشت، معاشرت، سیاست، امورِ مملکت غرض سبھی کچھ ہے۔ پھر وہ یہ بھی دیکھے گا کہ انسانوں کو پیدا کرنے والے کا دین ایک ہی ہے جو فتنہ و فساد نہیں بلکہ انسانوں کے درمیان محبت و ہم دردی کا سب سے بڑا بلکہ واحد ذریعہ ہے۔ (خبر و نظر، ص: ۳۶)

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

دینِ حق کا مطالعہ ضروری ہے

حالیہ شمارے

جنوری 2026

Zindagi-e-Nau Issue Jan 2026 - Cover Imageشمارہ پڑھیں

دسمبر 2025

Dec 25شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223