ملک میں بہت سی دینی جماعتیں ہیں جو دین کی خدمت کے لیے وجود میں آئی ہیں اور اپنے اپنے فکر ونظر کے مطابق دین کی خدمت بجالا رہی ہیں۔ جہاں تک جماعت اسلامی کا تعلق ہے دین کے بارے میں اس کا نقطہ نظر یہ ہے کہ دین محض چند رسوم و عبادات کا نام نہیں ہے بلکہ وہ ایک مکمل نظام زندگی ہے جو زندگی کے ہر شعبہ پر حاوی ہے اور اس کے تمام اجزا با ہم اس طرح مربوط ہیں کہ ایک کو دوسرے سے الگ نہیں کیا جاسکتا ورنہ وہ اپنی خوبیاں برقرار نہیں رکھ سکتا۔ جماعت اسلامی دین کے اسی وسیع مفہوم کی طرف دعوت دیتی ہے۔ اور ہمارا خیال یہ ہے کہ دیگر دینی جماعتیں بھی دین کے اسی مفہوم کو صحیح سمجھتی ہیں لیکن اس کی دعوت دینے میں جو عملی رکاوٹیں اور دشواریاں ہیں ان کے باعث شاید وہ اس کو عملاً اختیار کرنے میں پس و پیش کر رہی ہیں۔ بہ ہر حال جولوگ جماعت اسلامی کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں ان کو یہ فرق پہلے ہی قدم پر سمجھ لینا چاہیے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ دین کے سطحی مفہوم میں جماعت اسلامی کو ایک دینی جماعت سمجھ کر اس کی طرف قدم بڑھا ئیں اور جب اس راہ کی دشواریاں سامنے آئیں تو آپ کے قدم ڈگمگانے لگیں۔
(روداد اجتماع حیدرآباد، ۱۹۵۲، ص ۵۱)
مشمولہ: شمارہ ستمبر 2023