صحابہ کا اسوہ ہماری طاقت کا ایک سرچشمہ ہے

(سابق امیر حلقہ مدھیہ پردیش جماعت اسلامی ہندکی ڈائری کا ایک اقتباس جو ۱۹۵۳ء میں دوران نظر بندی لکھی گئی)

مجھے اس میں بالکل شبہ نہیں ہے کہ صحابہ کرامؓ کو فیضِ صحبت سے جو طاقت و سہارا ملا اس سے بعد والے بالکل محروم ہیں اور یہ بہت بڑی محرومی ہے۔ لیکن جد و جہد اور ایثار و قربانی کے مواقع پر اس چیز کو بار بار لانا اور یہ کہنا کہ وہ حیرت انگیز ثبات و استقلال ذاتِ نبوی کا فیضِ صحبت تھا۔ مجھے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ دل میں چھپا ہوا ایک چور ہوتا ہے جو انسان کو مایوس کیا کرتا ہے۔ وہ انسان سے کہتا ہے کہ بھلا تم کمزور انسان کہاں وہ کام کرنے چلے ہو جو انبیاءؑ کے کرنے کا تھا۔ صحابہؓ نے جو یہ قربانیاں دیں وہ محض حضورؐ کا فیض صحبت تھا۔ اب ان کی برابری کی کوشش کرنا گستاخی ہے۔ اب نہ وہ شخصیت کبرٰی ہے اور اب نہ وہ کام ہوسکتا ہے۔ اسی طرح کی باتیں آدمی نہایت نیک نیتی سے کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ میں اپنی کمزوری اور ان کی عظمت کا اعتراف کرکے بہت اچھا کام کررہا ہوں درآں حالے کہ شیطان چلتے آدمی کو بٹھا دینے کے لیے یہ سب باتیں سُجھاتا ہے۔ میں مانتا ہوں کہ حضورؐ کی ذات گرامی اور حضورؐ کی صحبت کی تاثیر معجزہ ہے لیکن معجزہ کے ساتھ اسوہ بھی ہے اور قیامت تک کے لیے اسوہ ہے۔ یہ بھی مانتا ہوں کہ اس اسوہ حسنہ کی پوری نقل اتارنا کسی انسان کے بس کی بات نہیں ہے۔ لیکن اس کو اسوہ بنانے کا مقصد ہی یہ ہے کہ اس کی نقل اتاری جائے۔ اس اسوہ سے جتنی زیادہ مماثلت پیدا کی جائے اتنے ہی بہتر نتائج نکلیں گے۔۔۔

آج بھی ہم اسی اسوہ حسنہ کو سامنے رکھ کر طاقت حاصل کرسکتے ہیں۔ وہ اسوہ اس لیے نہیں تھا کہ اس کی عظمت کا ذکر آنکھوں میں آنسو بھر کر کرلیا جائے اور آدمی اپنی کم زوری کا اعتراف کرکے ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھا رہے۔ وہ اسوہ اس لیے تھا کہ اس نمونہ کو سامنے رکھ کر آج بھی ہم اپنے ایمان میں تازگی اور خون میں گرمی پیدا کریں۔ حضورؐ کے فیض صحبت کا ذکر عقیدت و محبت کے ساتھ کردینے کو کافی سمجھنا شیطان کا ایک بڑا دھوکا ہے۔ شیطان ہمارے طاقت کے خزانہ کو خود ہمیں کمزور بنا دینے میں ہمارے ہی ہاتھ سے استعمال کرا دیتا ہے۔ (زنداں کا داعی، ص ۲۶۷، ۲۶۸)

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

صحابہ کا اسوہ ہماری طاقت کا ایک سرچشمہ ہے

حالیہ شمارے

Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 500 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223