جولائی 2026ء میں ہندوستان میں امتحانی نظام کے بحران کے خلاف نوجوانوں کا ایک بڑا احتجاج سامنے آیا۔ نیٹ کے امتحانی بحران اور سوالیہ پرچے کے افشا نے ان نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق شدید بے یقینی پیدا کی جن کے لیے یہ امتحان برسوں کی محنت، خاندان کی امید اور معاشی مستقبل سے وابستہ تھا۔ معاملہ محض امتحانی بے قاعدگی تک محدود نہ رہا؛ اس کے ساتھ شفافیت، میرٹ، ادارہ جاتی جواب دہی اور نوجوانوں کے مستقبل کا سوال بھی جڑ گیا۔
ہندوستان میں نوجوانوں کا احتجاج نئی بات نہیں، تاہم اس احتجاج کی نوعیت میں ایک اہم امتیاز نمایاں ہوا۔ ایک ایسی نسل جس کی زندگی میں اسکرین، فردیت اور مجازی دنیا( Virtual World ) میں انہماک غیر معمولی طور پر بڑھ گیا ہے، وہ حقیقی دنیا میں اجتماعی قوت کے ساتھ اقتدارِ وقت کے سامنے کھڑی بھی ہوسکتی ہے۔ یہی نوجوان سوشل میڈیا کو تفریح کے ساتھ ساتھ تنظیم اور اجتماعی احتجاج کے وسیلے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اس کی ڈیجیٹل شناخت حقیقی دنیا میں اجتماعی موجودگی اختیار کر لیتی ہے۔ اسی لیے حالیہ احتجاج نے ہندوستانی سیاسی اور سماجی حلقوں میں بھی ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ تجزیہ نگاروں نے اسے نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے سیاسی اثر اور مستقبل کی انتخابی سیاست پر اس کے ممکنہ اثرات سے جوڑا ہے۔ یہاں تک کہ برسرِ اقتدار سیاسی جماعت کے ایک اہم فکری رہ نما نے بھی حالیہ احتجاج کے تناظر میں جین زی کی آواز کو سنجیدگی سے لینے اور احتجاج کو سماجی اصلاح کے ایک جائز ذریعے کے طور پر دیکھنے کی بات کی۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستان میں جین زی اب صرف مارکیٹنگ کی ایک اصطلاح نہیں رہی؛ وہ ایک قومی سوال بن چکی ہے۔
جین زی تقریباً 1997ء کی دہائی کے آخر سے 2012ء کے درمیان پیدا ہونے والی نسل بتائی جاتی ہے، لیکن اس نسل کی اصل شناخت اس تکنیکی اور تہذیبی ماحول سے بنتی ہے جس میں وہ پروان چڑھی۔ یہ وہ دنیا ہے جس میں انٹرنیٹ، موبائل فون، سوشل میڈیا، عالمی منڈی، مسلسل خبروں کا بہاؤ اور اب مصنوعی ذہانت انسانی زندگی کے روزمرہ ماحول کا حصہ بن چکے ہیں۔
پچھلی نسلیں بھی دنیا کے حالات سے واقف ہوتی تھیں، مگر ان کے لیے دنیا تک رسائی محدود تھی۔ اور سماجی تعلق زیادہ تر خاندان، محلے، اسکول، کام کی جگہ اور مقامی معاشرے کے دائرے میں قائم رہتا تھا۔ جین زی نے ایک مختلف دنیا دیکھی۔ اس کے ہاتھ میں ایسا آلہ آگیا جس کے ذریعے وہ ایک ہی لمحے میں اپنے شہر، ملک اور پوری دنیا سے جڑ سکتی ہے۔ 2026ء کے آغاز تک دنیا میں سوشل میڈیا کے تقریباً 5.79 ارب صارف شناختی کھاتے ریکارڈ کیے گئے—یعنی دنیا کی آبادی کے تقریباً ۶۹.۹% کے برابر ہے۔ 2025ء کے آغاز میں بھارت میں تقریباً 491 ملین فعال سوشل میڈیا اکاؤنٹ رپورٹ کیے گئے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ سوشل میڈیا اب کوئی حاشیائی سرگرمی نہیں رہا؛ وہ انسانی معاشرت کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ بن چکا ہے۔ یوں جین زی ایک ایسی دنیا میں پلی ہے جو عالمی ہے، مگر شناختی بحران سے دوچار ہے؛ معلومات سے بھری ہوئی ہے، مگر حقیقت کی پہچان مشکل بنا رہی ہے؛ بے مثال طور پر متصل ہے، مگر تنہائی کے نئے سوالات پیدا کررہی ہے؛ فرد کو پہلے سے زیادہ اہمیت دیتی ہے، مگر مسلسل اظہارِ ذات کا دباؤ بھی پیدا کرتی ہے؛ اتھارٹی کو چیلنج کرتی ہے، مگر بے مہار ہو جانے کا خطرہ بھی پیدا کرتی ہے۔
جین زی اور اتھارٹی کا بحران
جین زی کے عہد سے وابستہ تبدیلیوں کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ڈیجیٹل دنیا نے علم اور اتھارٹی کے روایتی مراکز کو منتشر کر دیا ہے۔ ماضی میں استاد، والدین، کتاب، مذہبی عالم، اخبار، ریاست اور دیگر ادارے معلومات، رہ نمائی اور رائے سازی کے نسبتاً نمایاں اور معتبر ذرائع سمجھے جاتے تھے۔ آج ایک نوجوان استاد کی بات سنتے ہی اسی وقت کسی دوسرے ذریعے سے اس کی تصدیق یا تردید کر سکتا ہے۔ کسی مذہبی مسئلے پر مقامی عالم کی رائے کے ساتھ دنیا بھر کے علما کی مختلف آراء سامنے آ سکتی ہیں، جب کہ کسی سیاسی خبر کے ساتھ فوراً اس کے متبادل یا مخالف نقطۂ نظر تک بھی رسائی ممکن ہے۔
یہ تبدیلی اندھی تقلید کے رجحان کو کم کر سکتی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہر اتھارٹی کو شک کی نظر سے دیکھنے اور کسی بھی مستند رہ نمائی کو محض ایک رائے سمجھ لینے کا رجحان بھی پیدا ہوتا ہے۔ اس لیے جین زی کے لیے یہ نیا چلینج ابھرتا ہے کہ ہر اتھارٹی پر شک نہ کرے اور قابلِ اعتماد اور بناوٹی اتھارٹی میں فرق کرنا سیکھے۔
یہاں ایک دوسری پیچیدگی بھی پیدا ہوئی ہے۔ جین زی صرف ایسی دنیا میں نہیں رہتی جہاں اسے بے شمار معلومات دستیاب ہیں؛ وہ ایسی دنیا میں رہتی ہے جہاں الگورتھم اس بات کا انتخاب بھی کرتے ہیں کہ ان معلومات میں سے اس کے سامنے کیا آئے۔ ایک نوجوان جس ویڈیو کو دیکھتا ہے، جس موضوع پر رک جاتا ہے، جس شخص کو فالو کرتا ہے اور جس چیز کو پسند کرتا ہے، یہ سب اس کے اگلے تجربے کو متاثر کرسکتے ہیں۔ یوں معلومات کی دنیا ایک شخصی دنیا بنتی جارہی ہے۔ دو نوجوان ایک ہی موبائل پلیٹ فارم کھول سکتے ہیں اور انھیں دو بالکل مختلف دنیائیں دکھائی دے سکتی ہیں۔
چناں چہ یہاں ایک بنیادی تہذیبی سوال پیدا ہوتا ہے: اگر ہر شخص کو اس کی پسند، سابقہ رویے اور دل چسپی کے مطابق ایک مختلف دنیا دکھائی جائے تو اجتماعی حقیقت کیسے قائم رہے گی؟ مسئلہ اب صرف یہ نہیں کہ معلومات کس کے پاس ہیں؛ مسئلہ یہ بھی ہے کہ کون سی معلومات کس شخص تک پہنچ رہی ہیں، وہ ان پر کتنا اعتماد کرتا ہے اور ان سے کیا فہم پیدا کرتا ہے۔ معلومات تک رسائی، معلومات کی اعتباریت اور پھر ان سے درست فہم حاصل کرنا—یہ تین الگ مرحلے ہیں، اور جین زی کا بحران ان تینوں سطح پر پیدا ہوتا ہے۔
مصنوعی ذہانت: ایک نیا مرحلہ
اب دنیا مصنوعی ذہانت کے عہد میں داخل ہوگئی ہے۔ جین زی کے سامنے اب صرف انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نہیں، بلکہ ایسی ٹیکنالوجی بھی ہے جو معلومات تلاش کرنے کے بجائے براہِ راست جواب فراہم کرسکتی ہے۔ طالب علم لکھنے، ترجمہ کرنے، تحقیق کرنے، مشکل تصورات سمجھنے اور مختلف نقطۂ نظر جاننے کے لیے مصنوعی ذہانت استعمال کرسکتا ہے۔ اداروں میں بھی ملازمین کے انتخاب، تعلیم اور کام کے طریقے تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں۔
عالمی اقتصادی فورم کی جون 2026ء کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ایک تہائی سے زیادہ نوجوان کارکن ایسے پیشوں میں کام کر رہے ہیں جہاں مصنوعی ذہانت سے متعلق کام کی نوعیت میں تبدیلی کا اثر بہت اہمیت کا حامل ہے۔ چناں چہ جین زی کے سامنے مستقبل کا سوال صرف یہ نہیں کہ”میں کیا بنوں گا؟“ بلکہ یہ بھی ہے:” کل میرے کام میں انسان کی ضرورت کس شکل میں باقی رہے گی؟“
تعلیم کے میدان میں بھی مصنوعی ذہانت نئے امکانات کے ساتھ نئے سوالات پیدا کررہی ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی 2026ء کی تعلیمی رپورٹ نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ فکری نشوونما، تعلیمی دیانت، اعتماد اور انسانی رابطے کے تحفظ کو بنیادی چیلنج قرار دیا ہے۔ مسئلہ اس لیے محض یہ نہیں کہ طلبہ مصنوعی ذہانت سے نقل کریں گے یا نہیں؛ اصل سوال یہ ہے کہ تعلیم کے وہ انسانی مقاصد کس طرح محفوظ رہیں گے جن میں علم کے ساتھ فہم، کردار اور ذمہ داری بھی شامل ہے۔
مزید برآں، مصنوعی ذہانت ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے۔ اس کے اثرات صرف تعلیم اور روزگار تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ وہ اس نسل کے سوچنے، سیکھنے، فیصلہ کرنے اور دنیا کو سمجھنے کے طریقوں پر بھی اثر انداز ہوں گے۔ اس لیے جین زی کو سمجھنے کے لیے ان وسیع تر تبدیلیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
جین زی اور توجہ کا بحران
ڈیجیٹل عہد کی سب سے بنیادی تبدیلیوں میں سے ایک انسانی توجہ کی ساخت میں آنے والی تبدیلی ہے۔ پچھلی نسلوں کے زمانے میں معلومات اور تفریح کے ذرائع نسبتاً محدود تھے۔ اخبار مخصوص اوقات میں آتا تھا، ٹیلی ویژن کے پروگرام مقررہ اوقات میں نشر ہوتے تھے، کتاب پڑھنے کے لیے انسان کو خود کتاب کھولنی پڑتی تھی اور کسی شخص سے گفتگو کے لیے براہِ راست اس تک پہنچنا پڑتا تھا۔ اس ماحول میں انسان کے پاس یہ فیصلہ کرنے کی نسبتاً زیادہ گنجائش تھی کہ وہ کب کسی چیز پر توجہ دے اور کب اس سے الگ ہو جائے۔
اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا نے اس صورت حال کو بنیادی طور پر بدل دیا ہے۔ اب معلومات اور تفریح انسان کے پاس نہیں آتیں بلکہ مسلسل اس کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ اطلاع، پیغام، مختصر ویڈیو، سفارش، اشتہار اور فوری خبر ہر وقت سامنے موجود ہیں۔ یوں توجہ خود ایک ایسی چیز بن گئی ہے جس کے لیے مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے درمیان مسلسل مقابلہ جاری ہے۔
جین زی کے لیے یہ تبدیلی اس لیے زیادہ اہم ہے کہ اس نسل نے اپنی شعوری زندگی کا بڑا حصہ اسی ماحول میں گزارا ہے۔ اس کے لیے بیک وقت کئی چیزوں سے وابستہ رہنا غیر معمولی بات نہیں۔ ایک ہی وقت میں کسی دوست کا پیغام پڑھنا، موسیقی سننا، ویڈیو دیکھنا، کسی سوال کا جواب تلاش کرنا اور کسی خبر پر ردعمل دینا —” ملٹی ٹاسکنگ“ کا یہ رجحان جین زی کی خصوصیت ہے۔
لیکن یہاں سوال صرف توجہ کی کمی کا ہی نہیں بلکہ توجہ کی ملکیت کا بھی ہے۔ انسان جس چیز پر مسلسل توجہ دیتا ہے، اس کے خیالات، ترجیحات اور جذبات بھی بڑی حد تک اسی کے زیرِ اثر تشکیل پاتے ہیں۔ اگر انسان اپنی توجہ خود منظم نہ کرسکے اور اس کی توجہ مسلسل بیرونی اکساہٹوں کے ذریعے تقسیم ہوتی رہے تو گہرے مطالعے، غوروفکر اور یکسوئی کی حفاظت مشکل ہوجاتی ہے۔
اسی لیے جین زی کا مسئلہ صرف اسکرین ٹائم ہی نہیں ہے بلکہ بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ اس اسکرین زدہ ماحول میں وہ اپنی توجہ کو کس طرح استعمال کرنا سیکھ رہی ہے۔ آج سب سے زیادہ قیمتی انسانی صلاحیت اپنی توجہ کو درست جگہ پر مرکوز کرنے کی صلاحیت ہے کیوں کہ شخصیت سازی اور نتیجہ خیزی کا سارا انحصار توجہ کے ارتکاز پر ہی ہوتا ہے۔
فوری تسکین اور تحمل و انتظار کا بدلتا ہوا تجربہ
ڈیجیٹل دنیا نے انسان کو فوری رسائی اور فوری تسکین کا ایسا تجربہ دیا ہے جس کی مثال پچھلی نسلوں کی زندگی میں اس پیمانے پر نہیں ملتی۔ پیغام چند لمحوں میں دنیا کے دوسرے سرے تک پہنچ جاتا ہے، معلومات فوراً دستیاب ہوجاتی ہیں، موسیقی اور ویڈیو کسی بھی وقت دیکھی جاسکتی ہے، خریداری اور رقم کی منتقلی گھر بیٹھے ممکن ہے، اور تعلیم و مشاورت کے بے شمار ذرائع چند لمحوں کی دوری پر ہیں۔ یہ سہولت انسانی زندگی کی ایک بڑی پیش رفت ہے، لیکن اس نے انتظار و تحمل کے تجربے کو بھی بدل دیا ہے۔ انسانی شخصیت کی تعمیر میں ٹھہراؤ اور صبر آزماانتظار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ کسی کام یابی کے لیے طویل محنت، کسی جواب کے لیے انتظار،کسی مقصد کے لیے برسوں کی تیاری اور ناکامی کے بعد دوبارہ کوشش—یہ سب انسان میں صبر، تحمل اور تاخیر سے حاصل ہونے والی تسکین کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔
جب زندگی کے بیشتر شعبوں میں مطلوبہ چیز فوری طور پر دستیاب ہونے لگے تو توقعات بھی بدلنے لگتی ہیں۔ انسان اس رفتار کا عادی ہو جاتا ہے اور ہر تاخیر اسے غیر ضروری یا ناقابلِ قبول محسوس ہونے لگتی ہے۔ یہ تبدیلی نہ ہر فرد میں یکساں ہے اور نہ صرف جین زی تک محدود؛ تاہم یہ ضرور ایک ایسا ماحول ہے جس میں اس نسل کی بڑی تعداد پروان چڑھی ہے۔
یہاں ایک بنیادی تہذیبی سوال ابھرتا ہے: اگر ٹیکنالوجی نے زندگی کو تیز کردیا ہے تو کیا اس نے انسان کو بھی زیادہ عجلت پسند بنا دیا ہے؟ کیا اب انتظار، تدریج اور طویل جدوجہد کی قدر کم ہونے لگی ہے؟ اور ایسی دنیا میں، جہاں بہت سی خواہشات فوری طور پر پوری ہوسکتی ہیں، کیا انسان اب بھی ان مقاصد کے لیے طویل محنت، صبر اور تاخیر سے ملنے والی کام یابی کو قبول کرسکے گا جن کا نتیجہ برسوں بعد سامنے آتا ہے؟
انسان کے لیے اب ایک نیا چیلنج یہ ہے کہ سہولت اور تربیت کے درمیان توازن کیسے قائم کیا جائے۔ ٹیکنالوجی فوری تسکین تو فراہم کر سکتی ہے، لیکن صبر،گہری توجہ اور طویل مدتی جدوجہد ہمیشہ انسانی تربیت کے بنیادی لوازم رہے ہیں۔ اسی لیے فوری تسکین کا مسئلہ محض ایک نسل کا مسئلہ نہیں، بلکہ بدلتی ہوئی انسانی تہذیب کا ایک بنیادی سوال ہے؛ ایسی تہذیب جس میں رفتار مسلسل بڑھ رہی ہے، مگر استقامت انسانی مزاج کی ایک نمایاں خصوصیت کے طور پر بتدریج ماند پڑتی جا رہی ہے۔
معلومات کی کثرت، اعتبار اور فہم کا بحران
گذشتہ دور چوں کہ معلومات کی کمی کا عہد تھا اس لیے بنیادی سوال یہ تھا کہ معلومات کہاں سے اور کیسے حاصل کی جائیں؛ آج معلومات کی کثرت کے عہد میں سوال بدل گیا ہے۔ آج سوال یہ ہے کہ کس پر اعتبار کیا جائے؟ ایک ہی موضوع پر مختلف دعوے، متضاد آرا، علمی تحقیقات، ذاتی تجربات، پروپیگنڈا، غلط معلومات اور گم راہ کن مواد ایک ہی اسکرین پر بیک وقت موجود ہوسکتے ہیں۔ کسی ویڈیو کا لاکھوں لوگوں تک پہنچ جانا اس کے درست ہونے کی دلیل نہیں، نہ کسی مقرر کا اعتماد سے بات کرنا اس کے دعوے کو معتبر بنا دیتا ہے۔ اسی طرح مصنوعی ذہانت کا جواب محض اس لیے علم نہیں بن جاتا کہ وہ صاف، مربوط اور پراعتماد زبان میں پیش کیا گیا ہے۔
یوں ڈیجیٹل عہد میں علم کے حصول کا عمل تین بنیادی مرحلوں سے گزرتا ہے: رسائی، اعتبار اور فہم۔ رسائی کا مرحلہ ڈیجیٹل انقلاب نے غیر معمولی حد تک آسان کردیا ہے۔ اصل دشواری اب یہ جاننا ہے کہ دستیاب معلومات میں سے کون سی معتبر ہے، کون سی ادھوری یا گم راہ کن ہے اور کون سی محض رائے ہے۔ لیکن اس سے بھی آگے ایک زیادہ بنیادی مرحلہ فہم کا ہے۔ درست معلومات بھی اس وقت تک علم نہیں بنتیں جب تک انسان انھیں سیاق و سباق میں نہ رکھ سکے، مختلف معلومات کے درمیان ربط پیدا نہ کرسکے، دعوے اور دلیل میں امتیاز نہ کرسکے اور حاصل شدہ معلومات کو اپنے شعور، تجربے اور اخلاقی ذمہ داری سے نہ جوڑ سکے۔ معلومات جمع کرنا علم نہیں؛ معلومات کو سمجھنا، پرکھنا اور کسی معنی خیز تصورِ حیات میں ڈھالنا علم کی طرف پیش قدمی ہے۔
یہی جین زی کے سامنے بنیادی فکری چیلنج ہے۔ اس کے پاس سابقہ نسلوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ معلومات ہیں، لیکن فہم و فراست کے معیار کی پستی سے دوچار ہے۔ ایک نوجوان سینکڑوں ویڈیو دیکھ سکتا ہے، ہزاروں تحریریں پڑھ سکتا ہے اور بے شمار آرا سے واقف ہوسکتا ہے، لیکن پھر بھی کسی مسئلے کی گہری حقیقت سے ناواقف رہ سکتا ہے۔ معلومات کا حجم بڑھنے سے فہم کی گہرائی خود بخود نہیں بڑھتی۔مزید برآں، مسلسل اطلاعات اور فوری ردِّعمل کا ماحول انسان کو کسی مسئلے پر ٹھہر کر غور کرنے کے بجائے ایک اطلاع سے دوسری اطلاع کی طرف منتقل کرتا رہتا ہے۔
اسی لیے آج خواندگی کی تعریف میں بھی وسعت لازم ہو گئی ہے۔ پڑھنے اور لکھنے کی صلاحیت کے ساتھ یہ شعور بھی ضروری ہے کہ معلومات کا ماخذ کیا ہے، اس کی علمی حیثیت کیا ہے، دعوے کی بنیاد کیا ہے، مختلف بیانیوں میں کیا فرق ہے اور کسی خبر، تصویر یا ویڈیو کی صحت کس طرح جانچی جاسکتی ہے۔ محض معلومات تک رسائی کافی نہیں؛ معلومات کے ساتھ ذمہ داری سے تعامل کرنے کا ہنر بھی ضروری ہے۔
ہندوستانی نوجوان کے لیے یہ چیلنج مزید پیچیدہ ہے، کیوں کہ ایک ہی موضوع پر اسے ہندی، اردو، مراٹھی، انگریزی اور دوسری زبانوں میں مختلف اور بعض اوقات متضاد بیانیے دستیاب ہوسکتے ہیں۔ واٹس ایپ، انسٹاگرام، یوٹیوب اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع صرف معلومات فراہم نہیں کرتے بلکہ اپنے مخصوص انداز میں حقیقت کی تعبیر بھی پیش کرتے ہیں۔ یوٹیوب نے تعلیم اور خود سیکھنے ( Self-learning )کے امکانات وسیع کیے، انسٹاگرام نے ظاہری شناخت اور طرزِ زندگی کو نمایاں کیا، جب کہ مختصر ویڈیو نے معلومات، تفریح اور رائے کے بہاؤ کو غیر معمولی رفتار دے دی۔ اسمارٹ فون اب محض ایک مواصلاتی آلہ نہیں رہا؛ وہ نوجوان کے لیے ایسا روزمرہ ماحول بن گیا ہے جس میں معلومات، رائے، تفریح، تعلق اور شناخت بیک وقت ایک دوسرے میں مدغم ہوجاتے ہیں۔
یہی تبدیلی روایت اور اختیار کے تصور کو بھی متاثر کرتی ہے۔ ماضی میں ہندوستانی نوجوان زندگی کے بنیادی تصورات عموماً گھر، خاندان، استاد، مذہبی روایت، مقامی معاشرے اور تعلیمی اداروں سے حاصل کرتا تھا۔ والدین اپنے تجربے کی بنیاد پر رہ نمائی کرتے، استاد اپنے علم کے ذریعے، مذہبی رہ نما اپنی علمی روایت کے ذریعے اور معاشرہ اپنے اجتماعی تجربے کے ذریعے۔ کسی شخص کی بات کو اس کے علم کے ساتھ ساتھ اس کی عمر، تجربے، کردار، منصب یا ادارہ جاتی حیثیت بھی اعتبار فراہم کرتی تھی۔
آج نوجوان کسی استاد کی بات سننے کے فوراً بعد دوسری رائے تلاش کرسکتا ہے، کسی مذہبی مسئلے پر مختلف اہلِ علم کی آرا دیکھ سکتا ہے،کسی سیاسی دعوے کا متبادل بیانیہ سن سکتا ہے اور تقریباً ہر بات کو انٹرنیٹ یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے دوبارہ جانچ سکتا ہے۔ اس تبدیلی کا سب سے نمایاں اظہار شاید اس سوال میں ہوتا ہے:”یہ کیوں؟“
یہ سوال محض نافرمانی یا ضد کی علامت نہیں۔ اس کے پیچھے علم اور اختیار کی ساخت میں آنے والی تبدیلی ہے۔ نوجوان اب صرف یہ نہیں پوچھتا کہ بات کس نے کہی ہے، بلکہ یہ بھی پوچھتا ہے کہ یہ بات درست کیوں ہے، اس کی دلیل کیا ہے اور اسے معتبر کیوں سمجھا جائے؟
اس تبدیلی میں ایک مثبت امکان بھی ہے۔ یہ اندھی تقلید کو کم، سوال کرنے کی صلاحیت کو مضبوط اور مختلف زاویوں کو سمجھنے کی گنجائش پیدا کرسکتی ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ایک نیا خطرہ بھی پیدا ہوتا ہے: اگر ہر اختیار کو صرف اس لیے مسترد کردیا جائے کہ وہ اختیار ہے تو علم اور رائے، تحقیق اور تاثر، تجربے اور مقبولیت کے درمیان امتیاز کم زور پڑسکتا ہے۔ کسی ماہر شخص کی طویل علمی تحقیق اور کسی عام لیکن پرشکوہ انسان کی فوری رائے ایک ہی سطح پر محسوس ہونے لگ سکتی ہے۔ اس لیے مسئلہ اختیار کو ختم کرنا نہیں بلکہ اختیار کی بنیاد کو سمجھنا ہے۔ نئی نسل کو یہ امتیاز سیکھنا ہوگا کہ علم، تجربہ، دلیل اور محض مقبولیت ایک ہی درجے کی چیزیں نہیں۔ آج نئی نسل محض منصب، عمر یا روایت کی بنیاد پر کسی بات کو قبول نہیں کرتی۔ معلومات کی جمہوری دستیابی نے صرف علم تک رسائی کو نہیں بدلا بلکہ اعتبار کے پیمانے بھی تبدیل کردیے ہیں۔ اس لیے اعتبار (Credibility) کا سرچشمہ علمی دیانت، کردار، تجربہ اور دلیل کو برقرار رکھنا اہم ترین ہو گیا ہے۔ اسی طرح جین زی کے سامنے معلومات، اعتبار اور فہم کے درمیان فرق کرنے کا تاریخی چیلنج پہلے سے کہیں زیادہ اہم اور شدید ہو جاتا ہے۔
مسلسل موازنہ اور اپنی ذات کا نیا تصور
انسان فطرتاً موازنہ پسند واقع ہوا ہے اور اس کے ارتقائی عمل میں اس کا بڑا دخل ہوتا ہے۔اسی لیے وہ ہمیشہ دوسروں سے اپنا موازنہ کرتا آیا ہے، لیکن سوشل میڈیا نے اس موازنے کی وسعت اور شدت کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ہے۔ پچھلی نسلوں کے نوجوان عموماً اپنے خاندان، محلے، اسکول یا شہر کے لوگوں سے اپنا موازنہ کرتے تھے۔ آج ایک نوجوان دنیا کے مختلف حصوں میں رہنے والے ہزاروں لوگوں کی زندگیوں کو مسلسل دیکھ سکتا ہے۔ وہ ایسے لوگوں کو دیکھتا ہے جو اس سے زیادہ کام یاب، زیادہ خوب صورت، زیادہ دولت مند، زیادہ مقبول یا زیادہ خوش دکھائی دیتے ہیں۔ وہ دوسروں کے بہترین لمحات کو اپنی پوری زندگی کے ساتھ موازنہ کرنے لگتا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی زندگی عموماً زندگی کی مکمل تصویر نہیں ہوتی۔ یہ منتخب شدہ اور مرتب شدہ تصویر ہوتی ہے۔ انسان اپنی ناکامیاں، کم زوریاں اور پریشانیاں عموماً اسی طرح نمایاں نہیں کرتا جس طرح اپنی کام یابیاں اور خوشیاں کرتا ہے۔ اس کے باوجود موازنہ حقیقی نفسیاتی اثر پیدا کرسکتا ہے۔ اس کے ساتھ تصورِ ذات اور سماجی توثیق کا مسئلہ بھی جڑ جاتا ہے۔ نوجوان کے لیے یہ سوال اہم ہوجاتا ہے کہ وہ خود کو کیسا سمجھتا ہے، اور ساتھ ہی دوسرے لوگ اسے کس طرح دیکھتے ہیں۔ Self-Esteem اور approval social انسانی نفسیات کے قدیم عناصر ہیں لیکن ڈیجیٹل environment نے ان کو زیادہ مسلسل اور نمایاں بنا دیا ہے۔ سوشل میڈیا کے نئے مظاہر جیسے likes، پیروکار، comments اور مشاہدات نے سماجی قبولیت کو ایک ایسی شکل دے دی ہے جسے گِنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ اس سے یہ خطرہ پیدا ہوجاتا ہے کہ انسان اپنی قدر کو اندرونی معیار کے بجائے بیرونی ردعمل سے ناپنے لگے۔ یہی وہ ماحول ہے جس میں جین زی کی شناخت تشکیل پا تی ہے۔
تعلق کی نئی صورت اور قربت کا سوال
اس ڈیجیٹل انقلاب نے انسانی تعلقات کو بالکل نئی شکل فراہم کی ہے۔ آج انسان جسمانی فاصلے کے باوجود کسی دوسرے انسان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ سکتا ہے۔ ایک نوجوان دوسرے شہر یا دوسرے ملک میں رہنے والے دوست سے روزانہ بات کرسکتا ہے، اپنی دل چسپی کے مطابق کسی عالمی کمیونٹی کا حصہ بن سکتا ہے اور ایسے لوگوں سے تعلق قائم کرسکتا ہے جن سے شاید اس کی کبھی بالمشافہ ملاقات نہ ہو۔ یہ انسانی تعلق کے امکانات میں ایک عظیم وسعت ہے۔ لیکن رابطے کی مقدار اور تعلق کی گہرائی ایک ہی چیز نہیں۔ کسی شخص کے ساتھ مسلسل ڈیجیٹل رابطے میں ہونا ضروری نہیں کہ اس کے ساتھ اعتماد،اخلاص، ایثار، ذمہ داری اور جذباتی قربت بھی پیدا کردے۔ یہی وجہ ہے کہ جین زی سب سے زیادہ ”متصل نسل “ ہونے کے باوجود سب سے کم زور انسانی ربط کا تجربہ رکھتی ہے۔ اسی لیے اصل سوال یہ ہے کہ ڈیجیٹل رابطہ انسانی تعلق کی جگہ لے رہا ہے یا اسے وسیع کررہا ہے؟۔ بعض حالات میں ٹیکنالوجی تنہائی کم کرسکتی ہے، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو اپنے اطراف واکناف ہم خیال افراد نہیں پاتے۔ لیکن اکثر اوقات یہی ٹیکنالوجی انسان کو حقیقی تعلق قائم کرنے میں دشواریوں کا ذریعہ بھی بنتی جا رہی ہے۔ حقیقی تعلق میں وقت، برداشت، اختلاف، ذمہ داری، ایثار اور دوسرے انسان کی موجودگی شامل ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل رابطہ ان میں سے کچھ چیزیں آسان بناتا ہے، لیکن سب کا متبادل نہیں بن سکتا۔ اس لیے جین زی کے لیے مسئلہ رابطہ کی کمی نہیں بلکہ رابطہ کے معنی کی ازسرنو دریافت ہے۔
حقیقت سے تعلق اور معلوماتی ماحول
ڈیجیٹل دنیا نے حقیقت کے ساتھ انسان کے تعلق کو بھی پیچیدہ کردیا ہے۔ پہلے انسان اپنے اردگرد کی دنیا کو براہ راست دیکھتا تھا اور دور کی دنیا کے بارے میں اخبار، ریڈیو یا ٹیلی وژن کے ذریعے معلومات حاصل کرتا تھا۔ اب مادی حقیقت اور وساطتی حقیقت ایک دوسرے میں اس قدر گھل گئی ہیں کہ دونوں کے درمیان واضح حد قائم رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
ایک نوجوان سیاست، جنگ، غربت، عالمی بحران، مذہبی تنازعات اور دوسری تہذیبوں کی روزمرہ زندگی کو اسی اسکرین پر دیکھتا ہے جس پر وہ اپنے دوستوں سے گفتگو کرتا ہے اور تفریح حاصل کرتا ہے۔ لیکن اسکرین پر نظر آنے والی دنیا مکمل اور حقیقی دنیا نہیں ہوتی— بلکہ بسا اوقات مسخ شدہ اور مصنوعی ہوتی ہے۔ کیوں کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم یہ طے کرتے ہیں کہ کون سا مواد زیادہ نمایاں ہوگا، کون سا کم دکھائی دے گا اور کون سا صارف تک پہنچے ہی نہیں۔ اور اس طرح ہر فرد کا معلوماتی ماحول بھی مختلف ہوسکتا ہے۔
یہ مسئلہ صرف جعلی خبر( Fake news) تک محدود نہیں۔ اس سے زیادہ بنیادی سوال یہ ہے کہ انسان کے سامنے حقیقت کا کون سا حصہ آ رہا ہے اور کس طریقے سے آ رہا ہے۔ مصنوعی ذہانت نے اس سوال کو مزید پیچیدہ کردیا ہے۔ اب متن، تصویر، آواز اور ویڈیو ایسی صورت میں پیدا کیے جاسکتے ہیں جو دیکھنے والے کے لیے حقیقی اور مصنوعی کے درمیان فرق کرنا مشکل بنا دیں۔ اس لیے جین زی کے لیے مستقبل کی ایک بنیادی صلاحیت شاید صرف معلومات کا استعمال نہیں بلکہ علمی اور تنقیدی سوچ ہوگی۔ اسے یہ جاننا ہوگا کہ کسی دعوے کی بنیاد کیا ہے،کسی تصویر کا ماخذ کیا ہے، کسی خبر کی تصدیق کیسے کی جاتی ہے اور کسی مصنوعی ذہانت سے حاصل شدہ جواب پر اعتماد کی حدود کیا ہیں۔ لیکن تشویش ناک بات یہ ہے کہ اس معیار کی تنقیدی صلاحیت جتنی اہم تر ہوتی جا رہی ہے، نوجوان نسل کی استعداد اتنی ہی گھٹتی جا رہی ہے!چناں چہ جین زی کے سامنے اصل چیلنج معلومات حاصل کرنا نہیں بلکہ معلومات کے سیلاب میں رکنا، سوچنا، پرکھنا اور سمجھنا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں معلومات کی کثرت ایک نعمت سے بڑھ کر ایک فکری آزمائش بن جاتی ہے۔ (جاری)







