محترم عبد الجبار صدیقی حسنِ انصرام اور زورِ انتظام کے لیے جانے جاتے ہیں۔ عدل و قسط اجتماعِ ارکان ۲۰۲۴ کے لیے بحیثیت ناظمِ اجتماع ان کا انتخاب عمل میں آیا۔ کم گو اور تیز رو شخصیت ہیں۔ زندگی نو کے خصوصی شمارے کے لیے ان سے انٹرویو لیا گیا۔
پہلا سوال: اجتماعِ ارکان کی غرض و غایت آپ کیسے بیان کریں گے؟
جواب: ہمارے یہ اجتماعات رفقا میں فکرِ اسلامی کی تفہیم، یکسوئی اور اطمینان پیدا کرنے میں معاون ہوتے ہیں۔ تنظیم اپنی جدو جہد، طے کردہ منصوبوں اور تدبیروں کی تشریح و توضیح کرتی ہے،اپنے کاموں اور حالات کا جائزہ لینے اور مطلوبہ حکمت عملی کے سلسلے میں ذہنی ہم آہنگی قائم کرنے کایہ اجتماعات مواقع فراہم کرتے ہیں۔ ہمارے اجتماعات بنیان مرصوص بن کر تحریک کے نئے معرکوں کو سرکرنے کا عزم پیدا کرتے ہیں۔
دوسرا سوال: اس مرتبہ کی اجتماع گاہ سابقہ اجتماع گاہوں سے کس قدر مختلف ہوگی؟
جواب: جماعتِ اسلامی کی تاریخ میں ہر اجتماع گاہ کی کچھ نہ کچھ جداگانہ خصوصیات رہی ہیں، ہمارا اندازہ ہے کہ اس اجتماع کی خصوصیات درج ذیل ہیں:
نماز گاہ اور آڈیٹوریم اجتماع گاہ کے عین مرکز میں ہوں گے ۔
مرد و خواتین کے راستے بالکل الگ الگ ہوں گے ۔
یقینی طور سے عمدہ خدمات (assured quality services) فراہم کی جائیںگی۔
معاصر ٹیکنالوجی کا بہترین استعمال کیا جائے گا۔
امن و امان، حفاظت اور سیکھنے کے ماحول کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
”اسلامی سادگی اور دینی عظمت“ کے امتزاج کا سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا۔
تیسرا سوال : ایسے مواقع پر جہاں بڑا مجمع ہو، بزرگوں اور کمزور افراد (مرد و خواتین) کو کافی دقتیں پیش آتی ہیں ، ان کی راحت کے لیے کیا انتظامات ہوں گے؟
جواب: بزرگ اور کمزور ارکان (مرد و خواتین) کے لیےخصوصی انتظام رہے گا۔ ان کے لیے ای وہیکل فراہم کیے جائیں گے اور نوجوان کارکنان کو ان کی خدمت پر مقرر کیا جائے گا۔
چوتھا سوال: ماضی میں بعض موقعوں پر کھانے میں بدنظمی اور ٹوائلٹ کے انتظامات میں مسائل وغیرہ دیکھنے میں آئے ہیں، اس پر کیا کام کیا جا رہا ہے؟
جواب:
اجتماع گاہ کو شہری منصوبہ بندی(Town Planning)کے اصولوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس اجتماع گاہ میں چھ عدد محلے ہوں گے، ہر محلے میں 3000 افراد کے لیے قیام ،طعام اوردیگر تمام سہولیات جیسے سیپٹک ٹینک، واش روم، اور واٹر ٹینک علیحدہ علیحدہ ہوں گے۔
ہر طعام گاہ سے صرف 1500 افراد استفادہ کریں گے اور 20 سے 30 منٹ میں کھانے کی مصروفیت ختم ہو جائے گی۔
ٹوائلٹ کا انتظام ایک نیشنل کمپنی کو دیا گیا ہے۔ 4’x4’x7 فٹ کے پلاسٹک باکس ہوں گے، اور کموڈ کا بھی انتظام ہوگا۔ یہ تیار شدہ باکس ہوں گے جن میں نہانے کی سہولت بھی ہوگی۔
ٹاؤن پلاننگ کے اصولوں کے تحت واٹر فال، لینڈ اسکیپنگ اور کھلی جگہوں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
پانچواں سوال: اس اجتماع میں جدید ٹیکنالوجی سے کس حد تک استفادہ کیا جارہا ہے؟
جواب: الحمدللہ، جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور اور بہترین استعمال کیا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر،
بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے 2A کمیونیکیشن کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس میں اجتماع کے ایپ کی مدد سے ہمیں معلوم ہو جائے گا کہ کون صاحب کس وقت اور کس دن پہنچیں گے، اور ان کے ساتھ رفیق سفر اور بچے ہیں یا نہیں، اس کے علاوہ صحت اور عمر وغیرہ سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جائیں گی۔ اس سے ہم کم خرچ پر بہتر انتظامات کر پائیں گے۔ان شاءاللہ
ERP) Enterprise Resource Planning)کی مدد سے اجتماع کے تمام شعبوں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رہے گی اور ہمارا کام منظم طور پر شروع اور ختم ہوگا۔ دورانِ اجتماع اگر خدا نخواستہ کوئی مشکل پیش آئے گی تو جلد سے جلد حل کی جائے گی۔
سیکورٹی کے لیے QR کوڈ کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس کی مدد سے ڈیلیگیٹ اور نان ڈیلیگیٹ میں فرق، مرد و خواتین کی درجہ بندی اور دیگر امور انجام پاسکیں گے۔
سیفٹی اور سیکوریٹی نیز مکمل نگرانی کے لیے CCTV کا استعمال کیا جائے گا۔
مفت موبائل چارج کرنے کی سہولتیں نیز وائی فائی سروس بھی دی جائے گی۔
لائٹ اور ساؤنڈ کےحوالے سے بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
چھٹا سوال : بہتر انتظام اور کم خرچ کے اصول پر کس قدر عمل پیرا رہیں گے؟
جواب: الحمدللہ ہم شعوری طور پر بہتر انتظامات اور کم خرچ کے طریقے پر مکمل طور پرکاربند ہیں۔ ہمارا اصول یہ ہے کہ دینى اجتماعات میں صرف ہدیہ، فدیہ یا حقیقی خرچ ہوگا۔ یہ آخرت کمانے کا موقع ہے، دنیا کمانے کا نہیں۔ الحمدللہ ہم اسی اصول پر چل رہے ہیں۔
ساتواں سوال: اجتماع میں دور دور سے لوگ آرہے ہیں ، حیدرآباد تاریخی شہر ہے، لوگوں کی خواہش ہوگی کہ اہم تاریخی مقامات کی زیارت کی جائے۔ تو کیا آپ کی طرف سے سیاحتی مقامات کے ٹور کا نظم رہے گا؟
جواب: الحمد للہ اس کا انتظام کیا گیا ہے۔ جناب حافظ فیاض الدین صاحب اس کے ذمہ دار ہیں۔
آٹھواں سوال: اجتماع کی تیاری کے دوران آپ کن خاص مراحل سے گزرے ؟
جواب: ماہ جون 2024 میں اجتماع کے انعقاد کا خواب دیکھا گیا اور اللہ تعالیٰ نے مخلص، باصلاحیت اورمحاذ پر ڈٹ جانے والی ٹیم عطا کی۔ اس ٹیم نے بڑی جاں فشانی سے 20,000 افراد کے لیے اجتماع گاہ کا انتظام کیا۔ تقریباً 35 ایکڑ زمین دستیاب تھی، لیکن اس میں سے صرف 23-22 ایکڑ زمین قابل استعمال تھی، باقی پہاڑوں اور چٹانوں سے بھری ہوئی تھی۔ اللہ کا کرم ہوا کہ پوری 35 ایکڑ زمین ہم وار کر لی گئی۔ موسمی بارشوں سے کام آسان ہوا اور زمین کی لینڈ سکیپنگ اور رولنگ میں بڑی مدد ملی۔ کیا بتائیں، اللہ کی نصرت ہر لمحے ہم پر نازل ہو رہی تھی۔ ہم نے کسی مرحلے پر کوئی مشکل نہیں دیکھی۔ اللہ اس اجتماع کو ایک بڑی کامیابی سے نوازے۔
نواں سوال : اجتماع کی منصوبہ بندی اور تنفیذ میں ماہرین سے کس قدر استفادہ کیا جاسکا؟
جواب: غلطیاں کرکے سیکھنے (Trial and error)کا دور ختم ہو چکا ہے، پہلے سے ہی ٹھوس منصوبہ بندی کا یہ زمانہ ہے۔ اس اجتماع میں Architect, Entrepreneur, IT Engineer, Sound experts اور مختلف شعبہ جات میں موجود مارکیٹ کے Consultant, Practitioners کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ یہ تمام شعبے اجتماع کے دوران موجود رہیں گے۔ اس سے کام زیادہ آسان، منصوبہ بند ، جدید تر وسائل سے لیس اور کم خرچ ہورہا ہے ۔
دسواں سوال: اجتماع میں شریک ہونے والی خواتین کی معتد بہ تعداد اپنے ساتھ بچوں کو بھی لاتی ہے، ان بچوں کے لیے تفریحی تربیت کے کیا مواقع رہیں گے؟
جواب: رپورٹ آف اجتماع ایپ کی اب تک کی اطلاع کے مطابق 238 بچے جو سات سال سے کم عمر کے ہیں، اجتماع میں اپنے بڑوں کے ساتھ آرہے ہیں۔ ہم نے آٹھ ہزار مربع میٹر کا ایک گارڈن ان کے لیے خاص کردیا ہے۔یہاں کھیل کود کا سامان ہوگا، Kids-stall ہوں گے اور ایک Kids Hut بھی ہوگی، جہاں Videos, Drama اور دیگر پروگرام ہوں گے۔چلڈرن سرکل کے ذمہ دار اس کا نظم و نسق سنبھالیں گے ۔
گیارہواں سوال: شرکائے اجتماع کے ساتھ بطور رفیق سفر آنے والے مرد و خواتین کے لیے بھی کیا کوئی پروگرام ہے؟
جواب: اس مرتبہ 500 مرد اور تقریباً 400 خواتین اس زمرے میں تشریف لا رہی ہیں۔ ارکان کے پروگرام کے دوران ان کا بھی پروگرام ترتیب دیاگیا ہے۔ ان شاءاللہ یہ افراد بھی اجتماع سے بھرپور سامانِ تربیت لے کر لوٹیں گے۔
بارہواں سوال: شرکائے اجتماع کے لیے آپ کا خاص پیغام کیا ہے؟
جواب: یہ اجتماع تحریک اقامتِ دین کے ارکان کا ہے۔ یہاں وہ لوگ آتے ہیں جو دنیا میں حق و عدل کا نظام لانے کا شعور اور جذبہ رکھتے ہیں۔ اس لیے عزم و حوصلے کے ساتھ، فکر میں تازگی،عزائم میں تازگی، توانائیوں میں تازگی اور مکمل مثبت مزاجی کے ساتھ تشریف لائیں۔ سفر کی تیاری کو ایک بوجھ سمجھ کر ، قیام میں سہولت کی اونچی توقعات سجاکر اور جلد سے جلد واپسی کے ارادے کو دل میں رکھ کر نہ آئیں۔ اجتماع میں شرکت آپ کا ایک حسین شوق بن جائے۔ آپ کے ذریعے خدا ترسی اور باہمی ہمدردی کا ماحول اور رویہ عام ہو۔
میرا اب تک رفقائے تحریک سے جس قدر رابطہ ہوسکا ہے، محسوس ہوتا ہے کہ وہ تین دن کا بھرپور فائدہ اٹھانے آ رہے ہیں۔ اللہ آپ سبھی کا سفر آسان کرے اور یہاں قیام کو خوش گوار اور مفید بنائے۔ ہمیں امید ہے کہ اس اجتماع میں تحریک کے ماضی اور حال کو یکجا کرتے ہوئے مستقبل کوسنوارنے کا حسین احساس آپ کی ساعتوں کو یادگار بنادے گا۔
مشمولہ: شمارہ نومبر 2024