محبت رسول ﷺ:صحیح معنی ومفہوم

ڈاکٹر کمال اشرف قاسمی

محبت رسول ﷺ ایمان کے ارکان و اصول میں سے ایک اہم رکن ہے۔ اس کے وجود پر ایمان کا وجود موقوف ہے۔ کوئی مسلمان اس وقت تک کامیاب مومنوں کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ رسول ﷺ کو اپنی جان، اپنے والدین اور اولاد اور دنیا کے تمام انسانوں اور جملہ محبوبات و مرغوبات کے مقابلے زیادہ محبوب نہ بنا لے۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے آپﷺکو جن عظیم خصلتوں اور اعلیٰ اخلاق و شمائل سے نوازا اور آپ کے ذریعے امت کے لیے جن مختلف قسم کی بھلائیوں اور برکتوں کا دروازہ کھولا اور آپﷺکی بعثت کے ذریعے ہم بندوں پر جو عظیم احسان فرمایا ان سب کا عقلی اور شرعی تقاضا یہی ہے کہ ایک مسلمان کے دل میں آپﷺ کی محبت دنیا کے تمام انسانوں، بلکہ خود اس کی جان کے مقابلے میں غالب اور راجح ہو۔ چنانچہ باری تعالیٰ نے قرآنِ مجیدکی آیتقُل اِن کاَن اباؤ کم و ابنائ کم الایہ ﴿التوبہ:۲۴﴾میں ایسی آٹھ چیزوں کا ذکر فرمانے کے بعد جن پر انسانی رشتوں کی بنیاد اور انسان کی مصلحتوں اور اس کی معیشتوں کا دارومدار ہے تجارت اور مکانات جنھیں انسان موسم کے شدائد سے بچنے اور عزت اور آبرو کے ساتھ رہنے سہنے کے لیے تعمیر کرتا ہے۔ یہ ساری چیزیں جو اپنی اپنی جگہ ضروری ہیں اور انسان کے دل میں ان کی محبت بھی فطری طور پر ودیعت کی گئی ہے، اگر یہ تمام اہم اور ناگزیر اشیاء  بھی اللہ اور اس کے رسول ﷺ اور جہاد فی سبیل اللہ، کے مقابلے میں کسی شخص کی نظر میں زیادہ محبوب ہوں اور اللہ و رسول کی محبت کے تقاضوں کی تکمیل میں حارج ہوتی ہوں تو اسے ‘‘فتر بصو احتی یأتی اللّٰہ بارہ و اللّٰہ لا یھدی القوم الفاسقین’’ کے ذریعہ سخت قسم کی تہدید اور وارننگ دی جا رہی ہے۔ لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔

یہ بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت ہی ہے کہ اس نے مذکوربالا آیت میں رشتے داروں، کسب و معاش کے ذرائع اور اِمکانات کی محبت کی مذمت اور ان سے کنارہ کش ہونے کی تلقین نہیں فرمائی۔ کیوں کہ یہ چیزیں زندگی کے لوازمات میں سے ہیں۔ البتہ اللہ و رسول پر ایمان لانے کا تقاضا یہ بتایا کہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت ان تمام اشیاء  پر مقدم اورر اجح ہونی چاہیے۔ یہی وہ مفہوم ہے جسے’احب‘ اسم تفضیل کے صیغے سے بیان کیا گیا ہے۔ اسی معنی و مفہوم کی حدیث صحیحین میں بھی انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے ، رسولﷺ نے فرمایا:

‘‘لایؤ من أحد کم حتی أکون أحب اِلیہ من والدہ وولدہ والناس اجمعین’’ ﴿صحیح البخاری ومسلم، کتاب الایمان، باب حب الرسولﷺ

‘‘ تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک میں اس کو اس کے والد سے، اس کی اولاد سے اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔’’

یہ حدیث تھوڑے سے الفاظ کی تبدیلی کے ساتھ صحیح بخاری میں ابو ہریرہ سے بھی مروی ہے۔ بہر حال یہ حدیث بھی واضح طور پر محبت رسول ﷺکے وجوب پر دلالت کرتی ہے اور یہ کہ رسول کی جو محبت شریعت میں مطلوب ہے وہ راجح اور غالب محبت ہے اور قلب مسلم میں جب تک کہ یہ محبت، والدین، اولاد، اور دنیا کے تمام انسانوں کی محبت پر غالب نہ ہو وہ کامل الایمان مومن اور مسلمان نہیں کہلا سکتا۔ اس حدیث میں جس ایمان کی نفی کی گئی ہے یا جس محبت پر ایمان کو موقوف کیا گیا ہے وہ ایمان واجب ہے۔ شریعت میں جہاں کہیں بھی ایمان، اسلام اور دین وغیرہ امور کی نفی کی گئی ہے وہ دراصل واجب کے ترک کے سبب سے ہے۔ کسی مستحب عمل کے چھوڑنے پر ایمان کی نفی کی نہیں کی گئی۔ایمان واجب کا مطلب یہ ہے کہ اس کے فقدان پر بندہ عذاب کا مستحق قرار پا سکتا ہے۔ لہٰذا جس کے دل میں نبی اکرمﷺ کی غالب محبت نہ ہو گویا اس نے ایمان کے واجبات میں سے ایک واجب کو ترک کر دیا اور ایسا شخص عذاب الٰہی کا مستحق ہے۔ اسی نکتے کو شیخ الاسلا ابن تیمیہ رحمہ اللہ نے مجموعہ الفتاوی ۷/۱۵ میں تفصیل سے ذکر کیا ہے محبت رسول کے مذکورہ حکم اور مفہوم کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے واقعے سے بھی سمجھا جا سکتا ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی سند سے عبد اللہ بن ہشام رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے کہ ایک مرتبہ ہم لوگ نبی ﷺ کے ہمراہ تھے اور آپﷺنے عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کا ہاتھ پکڑ رکھا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے آپ میری جان کے سوا ہر چیز سے زیادہ محبوب ہیں۔ آپﷺنے فرمایا: ’’لاوالذی نفسی بیدہ حتی اکون احب الیک من نفسک‘‘ نہیں، قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، تم اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک میں تمھیں خود تمہاری جان سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔ یہ سن کر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا ’ واللہ اب آپ مجھے میری جان سے زیادہ محبوب ہیں،آ پﷺنے فرمایا’ الآن یا عمر‘ اے عمر! اب تم مومن ہو۔ ‘ ﴿صحیح البخاری مع فتح البخاری، کتاب الایمان ﴾

اس حدیث کی تشریح میں علامہ ابو سلیمان الخطابی لکھتے ہیں کہ انسان کا اپنے نفس سے محبت کرنا طبعی اور فطری امر ہے اور دوسرے سے محبت کرنا متعدد اسباب ووجوہ کی بنا پر اختیاری معاملہ ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس جگہ اختیاری محبت کو فطری محبت پر غالب کرنے کی تلقین فرمائی ہے۔ حافظ ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ اس پر اضافہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ حضرت عمرؓ کا پہلا قول تقاضاے فطرت کے مطابق تھا، پھر جب انھوں نے غور وفکر سے کام لیا تو ان پر یہ حقیقت منکشف ہو گئی کہ نبی ﷺ میری جان سے زیادہ محبوب اور قیمتی ہیں۔ کیونکہ وہی دنیا و آخرت کی ہلاکتوں سے میرے نفس کو نجات دلانے کا سبب ہیں۔ لہٰذا یہ اختیاری محبت اس لائق ہے کہ اسے فطری محبت پر ترجیح دی جائے اور اب وہ برملا کہہ اٹھے ، ‘‘فان الآن واللہ لأنت أحب الہ من نفسی’’ پس واللہ! اب آپ مجھے میرے نفس سے بھی زیادہ محبوب ہیں۔ ﴿فتح الباری شرح صحیح بخاری﴾

 علامتِ محبت

محبت اگرچہ قلبی شئے ہے، لیکن اس کے اثرات اعضاء  و جوارح پر بھی قولا و عملاً ظاہر ہوتے ہیں۔ چوں کہ اظہار محبت میں لوگ عام طور پر زبانی جمع خرچ یا دعووں اور نعروں سے کام لیتے ہیں اور کچھ لوگ اس کی آڑ میں مختلف قسم کی بدعات اور غلو آمیز حرکتوں کے مرتکب ہوتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ محبت رسول کے دعوے کی اصل حقیقت معلوم کرنے کے لیے کچھ شواہد اور واضح تقاضے معلوم کئے جائیں۔ تاکہ محبت صادق اور محبت کاذب کے درمیان تمیز آسان ہو۔ محبت رسول ﷺ کی چند واضح علامات او رروشن تقاضے باختصار یہاں ذکر کئے جاتے ہیں۔

رسول ا کی اطاعت اور سنت رسول ﷺکی پیروی

محبت جیسی بھی ہویاجس سے بھی کی جائے اس کا سب سے بڑا ثبوت یہی ہوتا ہے کہ محب اپنے محبوب کی تمام باتوں سے موافقت کرتا ہو۔ اس کے بغیر دعوی محبت جھوٹا اور کھوکھلا سمجھا جاتا ہے۔ اس قاعدے کی بنیاد پر بہ آسانی یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت جس پر ہمارا ایمان ہے، اطاعت و اتباع کے بغیر ثابت نہیں ہو سکتی ۔ لہٰذا محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی دلیل اور روشن شہادت اتباع اور پیروی ہے۔ اس کے بغیر محبت شرعیہ کا تصور بالکل بے معنی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے اپنے نبی محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے اتباع و پیروی کو محبت الٰہی کی دلیل بنایا ہے۔لہٰذا یہی اتباع و پیروی محبت رسول کی بدرجہ اولی دلیل ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

قُلْ اِنْ کُنْتُمْ تُحُبُّوْنَ اللّٰہَ فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْکُمْ اللّٰہُ وَ یَغَفِرْ لَکُمْ ذُنُوْبَکُمْ واللّٰہُ غَفُوْرٌ رَحِیْمٌ ﴿آل عمران: ۳۱﴾

‘‘ کہہ دیجیے اگر تم اللہ تعالیٰ سے محبت رکھتے ہوتو میری تابعداری کرو، خود اللہ تعالیٰ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف فرمادے گا اور اللہ تعالیٰ بڑا بخشنے والا مہربان ہے’’

یہ آیت تمام دعویداران محبت کے لیے ایک کسوٹی اور معیار ہے۔ محبت رسول کا مدعی اگر متبع سنت ہے تو یقیناً وہ اپنے دعوے میں سچا ہے اور اسے بطور انعام اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل ہوگی۔ ورنہ وہ جھوٹا اور اس کا دعویٰ محض فریب ہے۔ اس لیے بعض علماء  اور حکماء  نے کہا ہے کہ انسان کا کمال یہ ہے کہ وہ محب سے محبوب بن جائے۔ مطلب یہ ہے کہ اللہ کے رسول سے سچی محبت کرکے اللہ کا محبوب بن جائے۔ یہ بڑا اونچا مقام ہے ۔اتباع رسول کی اہمیت پر بہت سی آیات و احادیث وارد ہیں، جن کا خلاصہ یہ ہے کہ دارین میں ایک مسلمان کی سعادت نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی کامل پیروی پر موقوف ہے۔ اس کے بر عکس اس کی شقاوت و ہلاکت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور آپ کے طریقہ مخالفت کا نتیجہ ہے۔

رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم و توقیر

مقام نبوت و رسالت اس امر کا متقاضی ہے کہ آپ ﷺکے ساتھ تعظیم و توقیر، علم و معرفت کے تابع ہوتی ہے، جس کو نبی رحمت ﷺ کی بابت جس قدر زیادہ معلومات و معرفت تامہ حاصل ہوگی وہ اسی قدر آپ سے سچی محبت اور آپﷺکی شایان شان عزت کرے گا۔ اسی بنا پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو جنہوں نے آپ ﷺکے ساتھ زندگی بسر کی اور آپ کو قریب سے دیکھا، دنیا کے تمام انسانوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اپنے رسول سے محبت تھی اور انہوں نے شیفتگی، والہانہ عقیدت اور جاں نثاری کی جو مثالیں پیش کیں، ان کا عشر عشیر بھی پیش نہیں کر تے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم قلبی، لسانی اور اعضاء  و جوارح تینوں ذریعے سے ہونی چاہیے۔ قلبی تعظیم یہ ہے کہ آپﷺکے تئیں یہ عقیدہ دل میں راسخ ہو کہ آپ اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ اور آخری رسول ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کے مقام کو اعلیٰ و ارفع اور آپ کے ذکر کو بلند کیا ہے اور تمام مخلوقات پر آپ کو فضیلت بخشی ہے۔ قلبی تعظیم کا یہ بھی لازمی تقاضاہے کہ آپﷺکی محبت بندۂ مومن کے دل میں اس کی اپنی جان اور اعلیٰ ترین رشتے داروں، والدین و اولاد اور دوسرے تمام انسانوں سے زیادہ ہو۔ جب بھی دو محبتوں کا ٹکراؤ ہو تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت غالب اور دوسری محبت مغلوب ہو جائے۔ لسانی تعظیم یہ ہے کہ آپﷺکی شایان شان تعریف و توصیف کے کلمات کہے جائیں۔ان القاب و آداب سے آپﷺکو ملقب کیا جائے جن سے خود آپﷺنے اپنی ذات کو ملقب کیا ہے اور ان الفاظ سے آپﷺکی ثنا خوانی کی جائے جو رب العالمین نے آپ کی شان میں استعمال کیے ہیں۔ اس معاملے میں مبالغہ آمیزی اور تقصیر و کوتاہی دونوں طریقوں سے پرہیز کیا جائے۔ لسانی تعظیم کے اندر آپ ﷺپر صلاۃ و سلام پڑھنا بھی داخل ہے اور خطاب کرنے یا آپ کا نام لینے میں عمدہ اور ثابت الفاظ مثلاً رسول اللہ، خاتم الأنبیاء  والمرسلین، امام الانبیاء ، رحمتہ للعالمین وغیرہ القاب و آداب استعمال کیے جائیں۔ اور اعضاء  و جوارح کے ذریعے ہونے والی تعظیم میں آپ کی خالص پیروی، ان چیزوں سے محبت جن سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو محبت تھی اور ان چیزوں سے نفرت جن سے آپ ﷺکو نفرت تھی۔

آپ کے دین کے اظہار و غلبہ کی کوشش، شریعت کی نصرت و حمایت اور دفاع دین کا اہم فریضہ بھی شامل ہیں۔گویا تعظیم نبی کی اساس اور بنیادی قاعدہ یہی ہے کہ آپ کی رسالت پر ایمان لایا جائے، آپ کی خبر کردہ باتوں کی تصدیق کی جائے، آپ کے اوامر کی بجاآوری اور منہیات سے اجتناب کو لازم جانا جائے۔ اللہ تعالیٰ کی بندگی اس طریقے پر کی جائے جو آپ ﷺسے ثابت ہے اور آپ کی باتوں پر کسی دوسرے فرد بشر کی باتوں کو مقدم نہ کیا جائے۔ چاہے وہ کتنا ہی بڑا اور بلند پایہ کیوں نہ ہو۔ نہ کوئی عالم و امام اور نہ کوئی حاکم وبادشاہ ۔غرض دنیا کا کوئی فرد اس لائق نہیں ہے کہ اسے نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم پلہ قرار دیا جائے۔ چہ جائیکہ اسے آپ ﷺکی ذات پر مقدم سمجھا جائے۔ اسی مذکورہ اساس اور بنیادی قاعدہ سے انحراف کے نتیجہ میں غلویا تقصیر پیدا ہوتی ہے اور امت جادۂ مستقیم سے ہٹ کر ضلالت و گمراہی کی پگڈنڈیوں پر چلنے لگتی ہے۔ کوئی آپ ﷺکی صداقت، امانت اور عدالت پر زبان طعن دراز کرتا ہے۔ جسے نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم کا مقام و مرتبہ معلوم نہیں وہ اپنی گفتگو اور اپنی تحریر میں بعض حکمرانوں کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات سے متصف مانتا ہے یا آپﷺکو صرف ایک مفکر و دانشور باور کرتا ہے۔

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو رو جفا میں یہ بھی داخل ہے کہ زبانی یا تحریری طور پر آپ کے نام کے ساتھ ’’صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کہا اور لکھا نہ جائے۔ بعض بڑے علماء  بھی صرف ’ص‘ یا ’صلعم‘ لکھ کر گزر جاتے ہیں حالانکہ یہ ان کی ستم ظریفی ہے اور حدیث میں اسے بخل کا نام دیا گیا ہے۔ چنانچہ سنن ترمذی کتاب الدعواۃ باب ماجاء  فی فضل التوبہ و الاستغفار میں ابو ہریرہ اور علی ؓ سے تھوڑے الفاظ کی تبدیلی کے ساتھ مروی ہے البخیل من ذکرت عندہ فلم یصل علی﴿وہ شخص بخیل ہے جس کے سامنے میرا ذکر کیا گیا اور اس نے مجھ پر صلاۃ نہ بھیجی﴾۔ اسی طرح کتب سیرت و شمائل نبوی اور سنن نبویہ کے مطالعے سے عام مسلمانوں کی دوری بھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جو روجفا اور آپ ﷺکی عدم تعظیم و توقیر کا سبب ہے۔ دوسری جانب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شخصیت کے اندر مبالغہ آرائی اور آپ کو صفات الٰہیہ سے متصف کرنے کا گھناؤنا اور شرکیہ عمل بھی باعث صد افسوس ہے، امت کا ایک بڑا طبقہ اس مرض کے اند ر مبتلا ہے، اس کی نظر میں اللہ اور رسول کے درمیان کوئی فرق نہیںہے اور رسول کے دم سے ہی کائنات کا وجود ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پوری امت پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعظیم کو واجب قرار دیا ہے۔ لیکن ضروری ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کی مقرر کردہ حدود و قیود کے اندر ہو اس معاملہ میں غلو اور تقصیر دونوں سے پرہیز لازم ہے۔ حضرت عمر ؓ سے مروی ہے انہوں نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتے ہوئے سنا :

لا تطرونی کما اطرت النصاری ابن مریم انما انا عبد فقولوا عبداللّٰہ و رسولہ  ﴿صحیح البخاری، کتاب الانبیاء ﴾

‘‘مجھے میرے مقام سے آگے نہ بڑھاؤ جس طرح نصاریٰ نے ابن مریم ؑ کے ساتھ غلو کا معاملہ کیا، میں تو صرف ایک بندہ ہوں لہٰذا مجھے اللہ کا بندہ اور اس کا رسول کہو۔’’

اسی مفہوم کی روایت مسند احمد میں حضرت انس سے بایں الفاظ وارد ہے:

‘‘انا محمد بن عبد اللّٰہ، عبداللّٰہ رسولہ، واللّٰہ احب ان ترفعو نی فوق منزلتی التی انزلنی اللّٰہ عزوجل’’

‘‘میں محمد بن عبداللہ ہوں اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہوں، واللہ! میں اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ تم مجھے میرے اس مقام و مرتبہ سے اونچا دکھاؤ جس مرتبہ پر اللہ تعالیٰ نے مجھے فائق کیا ہے۔’’

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تکریم و تعظیم کے سلسلہ میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

اِنَّآ أَرْسَلْنَاکَ شَاہِداً وَّمُبَشِّراً وَنَذِیْراًo لِّتُؤْمِنُوا بِاللّٰہِ وَرَسُولِہٰ وَتُعَزِّرُوْہُ وَتُوَقِّرُوْہُ وَتُسَبِّحُوْہُ بُکْرَۃً وَّأَصِیْلاً ﴿الفتح: ۸،۹﴾

‘‘یقینا ہم نے آپ کو گواہی دینے والا اور خوشخبری سنانے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا ہے تاکہ ﴿اے مسلمانوں﴾ تم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس کی مدد کرو اور اس کا ادب کرو اور صبح و شام اللہ کی پاکی بیان کرو۔’’

اس آیت میں تنذیرو تبشیراور امداد واستعانتکے ذریعہ تقویت اور توقیر و تعظیم کا تعلق نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اور تسبیح کا اللہ تعالیٰ سے ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں متعدد مقامات پر نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ادب و توقیر کے تعلق سے مسلمانوں کی رہنمائی فرمائی ہے۔ چنانچہ سورۂ حجرات کی ابتدائی آیات چند اہم اخلاقی پہلوؤں اور تربیتی توجیہات پر مشتمل ہیں۔ پہلی بات یہ فرمائی گئی کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے آگے نہ بڑھو۔ اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ دین کے معاملہ میں اپنے قول اور اپنی رائے اور سمجھ کو ترجیح نہ دی جائے۔ دین میں کسی قسم کے اضافے سے پرہیزکیا جائے، جسے علمی اصطلاح میں ‘‘بدعت’’ کہتے ہیں ۔ دوسری بات یہ کہ نبی ﷺ کی آواز پر اپنی آواز اونچی نہ کرو۔ یہ حبط عمل کا ذریعہ ہو سکتا ہے۔ ادب حیات نبوی میں بھی مطلوب تھا کہ آپ کی مجلس میں وقار و سکون سے بیٹھنااور ادب و تواضع کے ساتھ پست آواز میں گفتگو کرنا لوگوں کے لیے ضروری تھا۔ اسی طرح بعد ممات بھی امت کے ہر فرد سے یہ ادب و احترام مطلوب ہے۔اسی طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر کے پاس یا آپ کی مسجد میں اونچی آواز میں گفتگو کرنا جور و جفا اور تعلیم ربانی کے خلاف ہے۔ کیوںکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب و احترام بعد ممات بھی اسی طرح واجب ہے جس طرح آپ کی حیات میں واجب تھا۔ چنانچہ صحیح بخاری میں سائب بن یزید ؓ سے مروی ہے :

میں مسجد ﴿نبوی﴾ میں کھڑا تھا، مجھے ایک شخص نے کنکری مار کر متوجہ کیا دیکھا تو عمر بن خطاب ؓ تھے انہوں نے فرمایا کہ جاؤ اور ان دونوں آدمیوں کومیرے پاس لے آؤ جو مسجد نبوی کے ایک گوشہ میں زور زور سے باتیں کر رہے تھے۔ میں انہیں ان کے پاس لے آیا۔ عمر ؓ نے ان دونوں سے دریافت کیا: تم کون ہو اور کہاں کے رہنے والے ہو؟ دونوں نے جواب دیا: ہم طائف کے رہنے والے ہیں، حضرت عمر ؓ نے فرمایا : لو کنتما من اھل البلادلا وجعتکما ترفعان اصو اتکما فی مسجد رسول صلی علیہ وسلم’’ اور اگر تم دونوں مدینے کے رہنے والے ہوتے تو میں تمہیں سخت سزا دیتا ، تم دونوں مسجد رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں اپنی آواز اونچی کرتے ہو۔’’ ﴿صحیح البخاری کتاب الصلوٰۃ ﴾

آج کل حج کے موقع پر زیارت کرنے والے جس قدر بلند آواز سے قبر رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر صلاۃ و سلام اور دعا کے کلمات پڑھتے اور اپنے پیچھے چل رہے قافلے سے پڑھواتے ہیں اور عام نمازیوں کے لیے تشویش اور الجھن پیدا کرتے ہیں وہ نہایت افسوس ناک ہے۔ یقینا یہ ادب نبی کے مخالف، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایذاء  رسانی کا باعث اور مسجد نبوی کے احترام و تقدیس کی پامالی کا ذریعہ ہے۔ اسی طرح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو نام لے کر پکارنا یا محمد یا احمد جس طرح عام لوگ آپس میں ایک دوسرے کو پکارتے ہیں یا فلاں، بے ادبی ہے۔ یہ آپ کی زندگی کے لیے تھا، بعض لوگ آپ کے دروازے پر کھڑے ہو کر نام لے کر پکارا کرتے تھے جیسا کہ ارشاد بانی ہے:

َا تَجْعَلُوْا دُعَآء  الرَّسُوْلِ بَیْْنَکُمْ کَدُعَآء  بَعْضِکُمْ بَعْضاً ﴿النور:۶۲﴾

‘‘تم لوگ اللہ کے نبی کے بلانے کو ایسا بلاوا نہ کر لو جیسا کہ آپس میں ایک دوسرے کو ہوتا ہے۔’’

اور دوسرا مفہوم یہ بھی ہے کہ جس طرح عام لوگوں کی پکار پر آدمی کبھی کان دھرتا اور کبھی ان سنی کر دیتا ہے نبی اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پکار پر کام دھرنا ہی لازم اور ان سنی کرنا حرام اور باعث خسران ہے گویا ان کی پکار پر لبیک کہنا اور سمع و طاعت کرنا ہی اصل ادب اور اصل دین ہے۔

درود سلام

مظاہر محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں آپ ﷺپر بکثرت درود و سلام پڑھنا بھی داخل ہے اور خاص کر جمعہ کے دن درود کی فضیلت، کیفیت اور مخصوص اوقات جن میں درود کی تاکیدی حیثیت ہے، صحیح حدیثوں سے ثابت ہیں۔ اس سلسلے میں صرف اتنا عرض کرنا چاہتا ہوں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے درود کے جو مسنون کلمات اپنے صحابہ کرام ؓ کو سکھائے ہیں وہ افضل ہیں۔ کیونکہ وہ مشکاۃ نبوت سے صادر ہوئے ہیں اور اس لیے بھی کہ ان ہی کلمات کو آپ ﷺنے اپنے لیے پسند فرمایا۔ لہٰذا ان سے زیادہ اشرف ، افضل اور اکمل ہیٔت وکیفیت اور کلمات کا تصور محال ہے۔

ذکر نبی اور دیدار کی تمنا

علامات محبت کے اندر یہ بات بھی داخل ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا بکثرت تذکرہ کیا جائے اور ملاقات و دیدار کی تمنا رکھی جائے۔ کیونکہ آدمی جب کسی چیز سے محبت کرتا ہے تو اس کو کثرت سے یاد کرتا ہے۔ ہم سب کو اللہ تعالیٰ سے توفیق محبت و دیدار رسول کی دعا کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے سوال کرنا چاہیے کہ وہ ہمیں ایمان کی حالت میں موت عطا کرے اور جنت میں آپ ﷺکی رفاقت نصیب کرے۔ جب دنیا سے رخصتی کا وقت آئے تو ہمیں محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات اور ان کے دیدار کی خواہش محسوس ہو۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے آ پ کا یہ فرمان ثابت ہے :

من اشد امتی لی حبا ناس یکونوابعدی یود احدھم لورانی باھلہ و مالہ ﴿رواہ مسلم فی صحیحہ عن ابی ہریرہ﴾

‘‘میری امت کے ان لوگوں میں جو سب سے زیادہ مجھ سے محبت کرنے والے ہوں گے وہ ایسے لوگ بھی ہوں گے جو میرے بعد آئیںگے اور ان کی خواہش ہوگی کہ تمام مال و متاع اور اہل و عیال کو لٹا کر میرا دیدار کرتے۔’’

اہل بیت سے محبت

نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت کی ایک علامت یہ بھی ہے کہ آپ کے قرابت داروں، آل بیت ازواج مطہرات اور صحابہ کرام ؓ سے محبت کی جائے اور اس کے اندر بھی غلو اور تقصیر سے بچایا جائے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : اذکر کم اللّٰہ فی اھل بیتی تین مرتبہ آپ نے فرمایا۔ ’’میں اپنے اہل بیت کے حقوق اور ان کے آداب و احترام کے سلسلے میں تمہیں اللہ کو یاد دلاتاہوں۔‘‘ آپ ﷺنے امت کو اللہ تعالیٰ کا واسطہ دے کر اور اس کا خوف دلا کر اپنے اہل و عیال کے حقوق کی رعایت و حفاظت کی وصیت فرمائی۔ ازواج مطہرات ؓ بھی اہل بیت کے اندر داخل ہیں جیسا کہ سورۂ احزاب کی آیت ۳۲ : انما یرید اللّٰہ لیذھب عنکم الرجس اھل البیت و یطھر کم تطھیراًدلالت کرتی ہے۔ تاہم اہل بیت میں جن لوگوں کے لیے صدقات و زکوٰۃ حرام ہیں وہ آل علی، آل عقیل، آل عباس ہیں۔﴿صحیح مسلم﴾

اسی طرح صحابہ کرام کا معاملہ ہے۔ جملہ صحابہ کرام ؓ جو شرف صحبت سے باریاب ہیں وہ امت کے باقی افراد کے مقابلے میں بدر جہافائق ہیں۔ امت کا بڑے سے بڑا آدمی بھی کسی ادنیٰ صحابی کے مرتبے کونہیں پہنچ سکتا۔ اللہ تعالیٰ نے متعدد مقامات پر صحابہ کرام ؓ کی تعریف و توصیف کی ہے۔ مثلاً والسابقون الاولون من المھاجرین والانصار﴿سورۂ الحدید:۱۰﴾ اور لقد رضی اللّٰہ عن المؤ منین اذیبایعونک تحت الشجرۃ﴿الفتح:۸۲﴾اور لایستوی منکم من انفق من قبل الفتح و قاتل ﴿سورۂ الحدید:۱۰﴾ میں وکلا وعد اللّٰہ الحسنی کہہ کر جملہ صحابہ کرام کو جنت کا مستحق ٹھہرایا گیا ہے۔ اور سورۂ حشر کی آیات ۸۔۱۰: للفقراء  المھاجرین الذین اخر جو امن دیارھم الی’’ربنا انک رؤف رحیم‘‘ اور ان کے علاوہ آیات صحابہ کرام کے مقام و مرتبہ کو متعین کرتی ہیں اور سورۂ حشر کی آیت ۱۰ بعد میں آنے والی امت پر یہ واجب قرار دیتی ہے کہ وہ جملہ صحابہ کرام کے حق میں دعائے خیر کرے اور کسی کے تئیں اپنے دل میں کدورت نہ رکھے۔ بعض حضرات حضرت معاویہ، ابو سفیان اور بعض دیگر ایسے ہی جلیل القدر صحابہ کرام کے بارے میں ہرزہ سرائی کرتے ہیں، انہیں اللہ تعالیٰ سے خوف کھانا چاہیے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمودات’’لا تسبوا أصحابی‘‘ میرے اصحاب کو گالی نہ دو ﴿صحیح البخاری و مسلم کتاب فضائل الصحابہ عن ابی سعید الخدری﴾ اور ’’خیرالناس قرنی‘‘ ّرواہالشیخان عن عمران بن حصین﴾ یعنی سب سے بہتر لوگ میرے زمانہ کے لوگ ہیں، کو ہمیشہ اپنی نظروں کے سامنے رکھنا چاہئے۔

محدثین و فقہاء  سے محبت

محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مظاہر و علامات میں سے ایک اہم علامت یہ بھی ہے کہ آپﷺکی حدیث اور سنت کی نشر و اشاعت کرنے والے علما، محدّثین اورفقہاء  سے بھی محبت کی جائے، جنھوں نے نہایت جاںفشانی اور عرق ریزی سے سنت کے ذخیرے کو جمع کیا اور پھر امت کی خیر خواہی کے لیے صحیح حدیثوں کوضعیف حدیثوں سے چھانٹ کر الگ کر دیا۔ تاکہ امت کے لیے سنت پر عمل کرنا آسان ہوجائے۔ یہ لوگ ہمارے سلف صالحین ہیں، ہمیں ان کا خیر خلف ہونا چاہیے۔ ان کی خدمتوں اور کوششوں کو سراہنا چاہیے اور ان کے حق میں مخلصانہ دعائیں کرنی چاہییں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اپنی رضا و خوشنودی کے لیے دین کی کسی ادنیٰ خدمت کے لائق بنادے، اور محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے تقاضوں کو زیادہ سے زیادہ پورا کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے۔ آمین

نومبر 2010

مزید

حالیہ شمارے

جولائی 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau