رسائل و مسائل

آن لائن نکاح؟

سوال: میں ملک سے باہر جاب کرتا ہوں۔ عید کے موقع پر وطن آیا ہوا تھا۔ ایک مہینہ بعد واپس جانا ہے۔ پندرہ روز قبل والدِ محترم کا انتقال ہوگیا۔ والدہ عدّت میں ہیں۔ میرا ایک جگہ نکاح طے کردیا گیا ہے۔ تقریب نکاح میں شرکت کرنے کے لیے والدہ نہیں جاسکتی ہیں۔ کیا اس صورت میں آن لائن نکاح ہوسکتا ہے؟ براہ مہربانی جواب سے نوازیں۔

جواب: نکاح کے ارکان میں سے ایجاب و قبول ہے۔ نکاح کرنے والے مرد اور عورت میں سے پہلے کا کلام ‘ایجاب’ اور دوسرے کا ‘قبول’ کہلاتا ہے۔ دونوں کا ایک مجلس میں ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح صحتِ نکاح کے لیے مجلسِ نکاح میں گواہوں (دو مرد یا ایک مرد اور دو عورتیں) کی موجودگی شرط ہے۔ نکاح کا یہ روایتی طریقہ ہے، جس پر آج تک عمل ہوتا آیا ہے۔

موجودہ دور میں بسا اوقات یہ صورتِ حال سامنے آتی ہے کہ لڑکا کسی دوسرے ملک میں بہ سلسلۂ ملازمت مقیم ہے۔ وہ اپنے وطن، جہاں اس کا نکاح ہونا ہے، سفر نہیں کر سکتا۔ وہ چاہتا ہے کہ اس کا آن لائن نکاح ہوجائے، نکاح کی دستاویزات تیار ہوجائیں، جن کی بنیاد پر وہ اپنی بیوی کے لیے ویزا حاصل کرلے، اس کے بعد بیوی سفر کرکے اس کے پاس آجائے۔ کبھی اندرونِ ملک بھی یہ صورت پیدا ہوتی ہے کہ وبائی مرض، لاک ڈاؤن یا کسی اور وجہ سے دولہا، دلہن یا دلہن کے ولی کا یکجا ہونا ممکن نہیں ہوتا۔ تو سوال پیدا ہوا کہ کیا جدید ذرائعِ مواصلات کو اختیار کرکے نکاح کیا جاسکتا ہے؟

یہ عصرِ حاضر کے جدید مسائل میں سے ہے۔ علما نے اس پر غور کیا تو ان کی آراء میں اختلاف ہوا۔ بعض علما نے آن لائن نکاح کو ناجائز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زوجین کا حقیقی طور پر ایک مجلس میں ہونا ضروری ہے۔ اگرچہ انٹرنیٹ اور ویڈیو کال کے ذریعے باہم رابطہ کی صورت میں حکماً اتحادِ مجلس کی شکل پیدا ہوجاتی ہے، لیکن جدید مواصلاتی ذرائع سے دھوکہ دہی اور عدمِ تحقّق کے امکان کو بالکلیہ خارج نہیں کیا جاسکتا۔ جب کہ بعض دیگر علما کہتے ہیں کہ سمعی و بصری ذرائع قابلِ اعتماد ہیں۔ اگر اطمینان کرلیا جائے کہ دولہا اور دلہن وہی ہیں جن کے درمیان نکاح ہونا ہے اور گواہ ان کی طرف سے ہونے والے ایجاب و قبول کو سن لیں اور توثیق کر دیں تو آن لائن نکاح جائز ہے۔

برِّ صغیر ہندو پاک کے علما نے عموماً آن لائن نکاح کو ناجائز قرار دیا ہے۔ اس کی دلیل انھوں نے یہ دی ہے کہ جدید مواصلاتی ذرائع میں تلبیس اور اشتباہ کے کافی امکانات رہتے ہیں اور مختلف مناظر کو مصنوعی طریقے سے خلط ملط کرنے کی گنجائش رہتی ہے۔ دوسرے، اتحادِ مجلس بھی مفقود رہتا ہے، جو صحتِ نکاح کے لیے شرط ہے۔ ہندوستان میں دار العلوم دیوبند اور پاکستان میں جامعہ علوم اسلامیہ، بنوری ٹاؤن کراچی اور دیگر دار الافتاء کے اس موضوع پر متعدد فتاویٰ موجود ہیں۔

ان تمام فتاویٰ میں ایک بات یہ کہی گئی ہے کہ اگر فریقینِ نکاح (مرد اور عورت) میں سے کوئی کسی آدمی کو اپنا وکیل بنا دے، جو گواہوں کی موجودگی میں اپنے مؤکل کی طرف سے ایجاب کرلے اور دوسرا فریق اسی مجلس میں قبول کر لے تو نکاح صحیح ہوجائے گا۔

اس موضوع پر اسلامک فقہ اکیڈمی (انڈیا) کا تیرھواں فقہی اجلاس 13۔16؍ اپریل 2001ء میں جامعہ سید احمد شہید، کٹولی، ملیح آباد، لکھنؤ میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں یہ قرارداد منظور کی گئی تھی:

‘‘نکاح کا معاملہ بہ مقابلۂ عقد بیع کے زیادہ نازک ہے۔ اس میں عبادت کا بھی پہلو ہے اور گواہان کی شرط بھی ہے، اس لیے انٹر نیٹ، ویڈیو کانفرنسنگ اور فون پر راست نکاح کا ایجاب و قبول معتبر نہیں، البتہ ان ذرائعِ ابلاغ پر نکاح کا وکیل بنایا جائے اور وہ گواہان کے سامنے اپنے مؤکل کی طرف سے ایجاب و قبول کرلے تو نکاح درست ہوجائے گا۔ اس صورت میں یہ بات ضروری ہوگی کہ گواہان وکیل بنانے والے غائب شخص سے واقف ہوں، یا ایجاب و قبول کے وقت اس کا نام مع ولدیت ذکر کیا جائے۔’’(نئے مسائل اور فقہ اکیڈمی کے فیصلے، اسلامک فقہ اکیڈمی[انڈیا]، 2016ء، ص 113)

میری رائے میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے حکماً اتحادِ مجلس کی شرط پوری ہوجاتی ہے، اس لیے بوقت حاجت آن لائن نکاح جائز ہے، البتہ بہتر ہے کہ کسی کو نکاح کا وکیل بھی بنا لیا جائے، تاکہ تمام فقہا کی رو سے نکاح درست ہوجائے۔

جہاں تک مذکورہ بالا سوال میں بیان کی گئی صورت کی بات ہے تو شریعت کی رو سے والدہ کی شرکت نکاح کے انعقاد کے لیے ضرورت یا حاجت کے حکم میں نہیں ہے، لڑکے کے گھر سے صرف لڑکے کی شرکت کافی ہے۔ اس لیے اس صورت میں آن لائن نکاح کی صورت اختیار نہیں کرنی چاہیے۔

خلع کا طریقہ

سوال: میری لڑکی کے نکاح کو پانچ برس ہوگئے ہیں۔ میں نے جہاں اس کا رشتہ لگایا تھا، ان لوگوں نے صاف الفاظ میں کہا تھا کہ ہمیں جہیز نہیں چاہیے، لیکن نکاح کے وقت ہی سے ان کے مطالبات کھلے اور چھپے شروع ہوگئے تھے۔ نکاح کے وقت میں نے اپنے داماد کو پچھتّر ہزار روپے(75,000) نقد دیے تھے۔ جہیز کے طور پر بھی کچھ چیزیں دیں، لیکن ان کی تسلی نہ ہوئی۔ انھوں نے میری بیٹی کو پریشان کرنا، یہاں تک کہ مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ اب میری بیٹی بہت زیادہ عاجز آگئی ہے اور کسی بھی صورت میں سسرال جانا نہیں چاہتی۔

براہِ کرم رہ نمائی فرمائیں کہ خلع لینے کا کیا طریقہ ہے؟ واضح کردوں کہ علیٰحدگی کی کئی مرتبہ کوشش کی گئی، لیکن شوہر طلاق دینے پر بالکل آمادہ نہیں ہے۔ کہتا ہے کہ میں کسی بھی صورت میں طلاق نہیں دوں گا۔

کیا یہ ممکن ہے کہ میں اپنے علاقے کے چند سربرآوردہ لوگوں کو جمع کروں اور ان کی موجودگی اور موافقت سے فسخِ نکاح کی کارروائی عمل میں آجائے؟

جواب: نکاح ایک سماجی معاہدہ (social contract) ہے، جس میں عبادت کا پہلو بھی شامل ہے۔ نکاح کے ذریعے اجنبی مرد اور عورت باہم عہد کرتے ہیں کہ وہ آئندہ ساتھ رہ کر زندگی گزاریں گے اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کریں گے۔ اسلا م میں نکاح کو بہت آسان رکھا گیا ہے اور زوجین کے حقوق اور فرائض صراحت سے بیان کردیے گئے ہیں اور ان پر عمل کی تاکید کی گئی ہے۔ لیکن افسوس کہ مسلم سماج میں نکاح کو بہت مشکل بنا دیا گیا ہے، مُسرفانہ رسوم پر بہت سختی سے عمل کیا جاتا ہے اور حقوق و فرائض پر عمل کے معاملے میں بہت کوتاہی پائی جاتی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ خاندان کے تانے بانے بکھر رہے ہیں، افرادِ خاندان کے درمیان بے اعتمادی فروغ پا رہی ہے اور طلاق اور خلع کے واقعات بہ کثرت پیش آنے لگے ہیں۔

جس طرح ایک معاہدہ دو فریقوں کی رضا مندی سے انجام پاتا ہے اسی طرح رضا مندی باقی نہ رہنے کی صورت میں وہ ختم بھی ہو سکتا ہے۔ اگر بیوی شوہرکے ساتھ رہنا چاہتی ہے، لیکن شوہر کسی وجہ سے اس سے علیٰحدگی حاصل کرنا چاہتا ہے، تو اسے اختیار ہے کہ وہ طلاق دے دے۔ اور اگر شوہر بیوی کو اپنے ساتھ رکھنا چاہتا ہے، لیکن بیوی کسی وجہ سے اس سے قطعِ تعلق پر مصر ہے تو اسے خلع لینے کا حق حاصل ہے۔ خلع کا طریقہ یہ ہے کہ بیوی شوہر سے کہے کہ میں تمہارے ساتھ اب نہیں رہ سکتی۔ اس کے مطالبے پر شوہر اسے طلاق دے دے، البتہ خلع کی صورت میں شوہر کے مطالبے پر بیوی کو مہر واپس کرنا ہوگا۔

عہدِ نبوی میں خلع کا ایک مشہور واقعہ پیش آیا تھا، جو حدیث کی کتابوں میں مذکور ہے۔ حضرت ثابت بن قیسؓ کی بیوی اللہ کے رسول ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور عرض کیا: ‘‘میں اپنے شوہر کے دین و اخلاق پر کوئی الزام نہیں لگاتی، البتہ میں ان کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔’’آپ ﷺ نے دریافت کیا:‘‘ تمھیں مہر کے طور پر جو باغ ملا ہے، کیا تم اسے واپس کردو گی؟’’ انھوں نے رضا مندی ظاہر کی۔ آپ ﷺنے حضرت ثابتؓ کو بلا فرمایا:‘‘ اپنا باغ واپس لے لو اور اپنی بیوی کو ایک طلاق دے دو۔ (بخاری: 5273، 5274، 5275)

اگر بیوی کے مطالبے اور اصرار کے باوجود شوہر طلاق نہ دے تو عورت کو اپنا معاملہ دار القضاء میں لے جانا چاہیے۔ عورت کی شکایت پر قاضی شوہر کو نوٹس بھیجے گا، اسے بلاکر شکایات کی تحقیق کرے گا اور تنازع کو حل کرنے اور اختلافات کو رفع دفع کرنے کی کوشش کرے گا، لیکن اگر وہ محسوس کرے گا کہ عورت کی شکایات بجا ہیں اور وہ کسی بھی صورت میں اب شوہر کے ساتھ رہنے پر آمادہ نہیں ہے تو وہ نکاح کو فسخ کردے گا۔ واضح رہے کہ بیوی کو تعذیب سے دوچار کرنا ایسا سبب ہے جس کی بنا پر قاضی نکاح کو فسخ کرسکتا ہے۔

یہ صورت کہ لڑکی کا ولی اپنے علاقے کے چند سر برآوردہ افراد کو جمع کرکے ان کی موجودگی میں ان کی تائید حاصل کرکے نکاح کے فسخ کر دیے جانے کا اعلان کردے، درست نہیں ہے۔ البتہ سماج کے سربرآوردہ افراد اس معاہدہ ٔ نکاح کو ختم کروانے میں اپنا تعاون پیش کرسکتے ہیں کہ وہ دونوں فریقوں کو ایک جگہ جمع کریں اور شوہر کی طرف سے ظلم و زیادتی ثابت ہونے اور بیوی کی جانب سے آئندہ شوہر کے ساتھ رہنے سے قطعی انکار کی صورت میں شوہر پر دباؤ ڈال کر اس سے طلاق دلوا دیں۔

مشمولہ: شمارہ جولائی 2021

مزید

حالیہ شمارے

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں

اکتوبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223