روحانیت کی باتیں

رنگ باتیں کریں اور باتوں سے خوشبو آئے

(روحانی ترقی کے لیے ذکر الہی کی اہمیت پر تو سب کا اتفاق ہے، البتہ دیگر وسائل و تصورات جو دراصل انسانی اجتہاد کے زمرے میں آتے ہیں، کسی قدر مختلف فیہ ہیں۔ محترم مضمون نگار نے اپنا خیال پیش کیا ہے اور اس سے اختلاف رائے کی پوری گنجائش ہے۔ ادارہ)

روحانیت درحقیقت احسان کی کیفیت کو حاصل کرنے کا نام ہے، اس سے ایک قسم کی نورانیت دل میں پیدا ہوجاتی ہے، تمام عبادات میں اور نیکی کے کاموں میں اللہ تعالی کے قرب اور اس کی معیت کا احساس ہوتا ہے۔ حدیث ہے کہ اللہ کی عبادت اس طرح کرو گویا تم اس کو دیکھ رہے ہو، انسان تمام مشغولیتوں میں اللہ کو یاد کرتارہے یہ کیفیت مطلوب اور مقصود ہے۔ حال یہ ہونا چاہیے کہ انسان زبانِ حال سے یہ کہہ سکے

 گو میں رہا رہینِ ستم ہائے روزگار

 لیکن ترے خیال سے غافل نہیں رہا

 لیکن یہ مقام ومرتبہ ان لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جنھیں اپنی روحانی اور اخلاقی تربیت کی فکر ہوتی ہے۔ رہے وہ جنھیں سرے سے فکر نہیں ہوتی ہے اور مرتبہ احسان کی کوئی اہمیت ان کی نظر میں نہیں ہوتی ہے، وہ اس بخت بیدار سے محروم ہوتے ہیں۔ مرتبہ احسان تک پہنچنے کا مطلب اللہ تعالی کا دائمی استحضار ہے اور اس کے لیے اللہ تعالی کے ذکرکے سوا ان لوگوں کی صحبت احتیار کرنی ہوتی ہے جو کو استحضار نصیب ہوتا ہے قرآن وحدیث میں صحبت اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے کہا گیا ہے ”کونوا مع الصادقین” یعنی اہل صدق وصفا کی صحبت اختیار کرو۔

اہل روحانیت کا کہنا ہے کہ اللہ کی محبت اور استحضار کی کیفیت پیدا کرنے کے دو اہم طریقے ہیں ایک تو صحبت ہے یعنی اہل اللہ کی صحبت، یعنی ان لوگوں کی صحبت جن کے یہاں استحضار کی کیفیت پائی جاتی ہے، جن کی توجہ ہمیشہ اللہ کی طرف ہوتی ہے اور اس کے ساتھ ذکر اللہ کی کثرت، اور کوئی طالب حق ان دو باتوں کا اہتمام کرے اور اللہ تعالی کا فضل اس کی دست گیری کرے تو اس کے دل میں اللہ کی محبت پیدا ہوجائے گی۔ دنیا میں اس کا تجربہ ہے کہ جس کا نام انسان بہت کثرت سے لیتا ہے اس سے ایک خاص تعلق قائم ہوجاتا ہے اور اللہ کے نام میں یہ تاثیر یقینًا ہے کہ اس کانام اگر کثرت سے لیا جائے گا تو اس کی محبت دل میں پیدا ہو جائے گی اور یہ ذکر صرف زبان سے نہ ہو بلکہ دل سے بھی ہو تو انسان اس ذکر کی تاثیر محسوس کرے گا اور مذکور سے محبت پیدا ہوگی، ممکن ہے کہ ”جب نام ترا لیجے تب چشم بھر آوے” کا مشاہدہ بھی ہونے لگے۔ جب اللہ کی محبت دل میں پیدا ہوگی تو اللہ کی رضا کے کاموں کے کرنے کا مضبوط داعیہ دل میں پیدا ہوگا، رذائل اعمال سے دامن بچانا اس کے لیے آسان ہوجائے گا، وہ شریعت کی صاف سیدھی راہ پر پڑجائے گا اور اس کے قدم صحیح سمت میں اٹھیں گے۔ نفس کے غیر شرعی تقاضوں کو قابو میں رکھنے کے لیے اہل روحانیت دل میں محبت الہی کو پیدا کرنا ضروری سمجھتے ہیں اور محبت الہی پیدا کرنے کا راستہ ذکر الہی ہے، ساتھ ہی ان لوگوں کی صحبت جن کے دلوں میں محبت الہی راسخ ہوچکی ہو اور جن کا تزکیہ ہوچکا ہو۔ جب اللہ کی رضا دل میں بیٹھ جائے گی تو انسان دین و دنیا کے ہر کام اللہ تعالی کی رضا کے استحضار کے ساتھ کرنے لگے گا۔ اللہ تعالی کے ہمہ وقت دھیان کی برکت سے اخلاص اور احسان کے مرتبہ تک وہ پہنچ جائے گا اور احسان وہی چیز ہے جس کی تعریف حدیث میں آئی ہے أَنْ تَعْبُدَ اللَّهَ كَأَنَّكَ تَرَاهُ، فَإِنْ لَمْ تَكُنْ تَرَاهُ فَإِنَّهُ یرَاكَ یعنی اللہ کی عبادت اس طرح کرو جیسے تم اس کو دیکھ رہے ہو اور اگر تم نہیں دیکھ رہے ہو تو وہ تو تمھیں دیکھ رہا ہے۔ایک صالح معاشرہ کی تشکیل اس کی بغیر نہیں ہوسکتی ہے کہ معاشرہ میں خوف خدا پیدا کیا جائے اور خوف خداپیدا کرنے کے لیے یہ حضوری کی کیفیت پیدا کی جاتی ہے یعنی اللہ حاضر اور ناظر ہے۔ اہل روحانیت کی حیثیت ایک معالج کی ہے وہ نفس کی بیماریوں کا علاج کرتے ہیں۔خوش قسمت ہے وہ انسان جسے کوئی حکیم حاذق میسر آجائے اور میسر نہ ہو تو زیادہ سے زیادہ ذکر الہی اور دعاؤں کے اہتمام کے ذریعے، قرآن کی تلاوت کے ذریعے اور نفل نمازوں کے ذریعہ اپنے علاج کی کوشش کرنی چاہیے۔علاج کے طریقے جو آج کے زمانہ میں اہل روحانیت کے یہاں رائج ہیں وہ خیر القرون میں موجود نہ تھے۔ اس وقت رسول اکرم ﷺ کی صحبت سے لوگوں کے دلوں کی اصلاح ہوجایا کرتی تھی۔ خیر القرون کے بعد اصلا ح نفس کا یہ طریقہ باقی نہیں رہا تو جس طرح عہد رسالت مآب میں اور دور صحابہ میں تعلیم واصلاح کا سارا کام صرف صحبت سے حاصل ہوجاتا تھا بعد میں یہ چیز باقی نہیں رہی تو پھر تعلیم کے لیے تعلیم گاہیں بنیں، کتابیں شائع کی گئیں۔ اسی طرح قلب کی اصلاح اور تزکیہ کے لیے اہل رشد وہدایت نے اپنے تجربات کی روشنی میں ذکر واذکار کا طریقہ لوگوں کو بتانا شروع کیا اور صحبت پر زور دیا بالکل اسی طرح جس طرح معالج اور حکیم اپنے تجربات کی روشنی میں مریضوں کے لیے نسخے تجویز کرتے ہیں۔

اہل ر شد وہدایت نے یہ بتایا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی صحبت اتنی طاقتور ہوتی تھی اور اس میں اتنی شدت کی تاثیر ہوتی تھی کہ ایمان قبول کرلینے کی بعد جس کو بھی یہ صحبت نصیب ہوجاتی تھی اس کی کایا پلٹ جاتی تھی وہ مس خام سے کندن ہوجاتا تھا، اس کا ایمان پختہ ہوجاتا تھا اس کے دل میں اللہ سے ملاقات کا شوق اور عبادت کا ذوق پیدا ہوجاتاتھا، اور حضور کے فیضان صحبت سے صحابہ کرام میں بھی یہ تاثیر تھی۔ یہی مفہوم ہے اس حدیث کا کہ سب سے بہتر زمانہ ہمارا ہے اس کے بعد ان لوگوں کا جو اس زمانہ کے بعد میں آئیں اور پھر ان کا جو اس کے بعد آئیں۔ اب چوں کہ وہ زمانہ موجود نہیں ہے اس لیے اصلاح نفس کے لیے قلب کے معالجین نے ذکر کے ساتھ صالحین کی صحبت کا نسخہ تجویز کیا ہے، ذکر ایک تیر بہدف علاج ہے قرآن اور حدیث میں اس پر بہت زور دیا گیا ہے ایک جگہ ہے کہ اگر دشمنوں کے جتھے سے تمھارا سابقہ پیش آجائے اور تمھارے دشمن اور تمھارے مخالف بہت زیادہ ہوں تو اللہ کا ذکر کثرت سے کرو اور ثابت قدم رہو( یعنی اسلام سے تمھارے قدم متزلزل نہ ہوں اور نہ فرار کی کوشش کرو) قرآن میں ہے: یاأَیهَا الَّذِینَ آمَنُوا إِذَا لَقِیتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا وَاذْكُرُوا اللَّهَ كَثِیرًا لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ [الأنفال: 45] (اے ایمان لانے والو، جب کسی گروہ سے تمھارا مقابلہ ہو تو ثابت قدم رہو اور اللہ کو کثرت سے یاد کرو، توقع ہے کہ تمھیں کام یابی نصیب ہو گی)۔ اللہ کے ذکر کا مطلب ہے خالق کائنات کی معیت اور مدد حاصل کرنا اور پھر اس گروہ سے زیادہ طاقتور کون ہوسکتا ہے جسے خدا کی مدد اور معیت حاصل ہوجائے۔ اسلام نے صرف ذکر واذکار پر زور نہیں دیا ہے بلکہ وسائل اختیار کرنے پر بھی زور دیا ہے۔ اگر ذکر بھی نہ ہو اور اہل اللہ کی اور حق کے راستہ پر چلنے والے علما کی صحبت بھی نہ ہو تو زیادہ اندیشہ ہے کہ کوئی شر، کسی روحانی بیماری، یا اخلاقی کرونا کا وائرس اس کو اپنی گرفت میں لے لے گا کیوں کہ اس کے پاس نہ ذکر واذکار کی ڈھال ہے، نہ نفل عبادات کا جوشن اور نہ کسی صالح انسان کی صحبت جواس کی حفاظت کرے اور اسے صالح اور کندن بنادے۔ اقبال نے لکھا ہے کہ اسلام کے اولین دور کے صوفی زہاد تھے، دنیا کی حرص اور طمع ان کے دل سے نکل گئی تھی، روحانیت کا مطلب دنیا کی محبت کو دل سے نکالنا ہے اور اس کا ذریعہ علم نہیں ہے عشق ہے یعنی” محبت الہی” جو ذکر کی کثرت سے اور صالحین کی صحبت سے اور اللہ کی توفیق سے ملتی ہے۔ اقبال نے کہا ہے ”مجھ کو خبر نہ تھی کہ ہے علم نخیل بے رطب”۔  صحبت کی ضرورت کو اقبال نے اس طرح بیان کیا ہے:

 نمی روید تخم دل از آب و گل

 بے نگاہے از خداوندان دل

مشمولہ: شمارہ مارچ 2023

مزید

حالیہ شمارے

دسمبر 2024

شمارہ پڑھیں

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223