شامی اخوان المسلمون کی خونیں سرگزشت

ہبہ الدباغ کی خودنوشت ’صرف پانچ منٹ‘ کامطالعہ

سرزمینِ شام، جس سے اسلامی تاریخ کی عظمتِ رفتہ وابستہ ہے، گزشتہ دو سال سے خونِ مسلم سے لالہ زار ہے۔ یہاں انسان نما وحشی درندے ظلم و جبر ، قتل وغارت گری اور انسانیت سوزی کی بدترین داستانیں رقم کررہے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق ساٹھ ﴿۶۰﴾ہزار سے زیادہ افراد لقمۂ اجل بن چکے ہیں، بستیوں کی بستیاں ویران ہوگئی ہیں اور لاکھوں افراد ہجرت کرکے پڑوسی ممالک میں قائم پناہ گزیں کیمپوں میں کس مپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ ہبہ الدباغ کی خودنوشت ’خمس دقائق و حسب‘ ، جس کا اردو ترجمہ ’صرف پانچ منٹ‘ کے نام سے منظر عام پر آیا ہے، دستاویزی ثبوت فراہم کرتی ہے کہ شام کے اسلام پسند عوام پر انسانیت سوز مظالم کا یہ سلسلہ نیا نہیں ہے، بلکہ گزشتہ چالیس سال سے برابر جاری ہے۔ اس کا آغاز شام کے موجودہ حکمراں کے باپ حافظ الاسد نے کیاتھا۔ اس کا تعلق اشتراکی نظریات کی حامل بعث پارٹی سے تھا۔ اسی طرح وہ گم راہ علوی نصیری فرقے سے تعلق رکھتاتھا۔ اس نے اپنے عہدِ حکومت میں مغربی کلچر اور اشتراکیت کو فروغ دینے کی بھرپور کوشش کی اور اقتدارپر اپنی گرفت مضبوط کرنے کے لئے فوج اور انتظامیہ میں علویوں کو بھردیا، جب کہ شام کی غالب اکثریت سنّی مسلمانوں پر مشتمل تھی۔ ان میں اسلامی عقائد اور اسلامی تہذیب و ثقافت کی بنیادیں بہت گہری تھیں اور وہ غیراسلامی کلچر اور اقلیتی غلبے سے سخت متنفر تھے۔

شامی اخوان المسلمون ، جن کی سرگرمیاں مصر میں اس تحریک کی تاسیس ﴿۱۹۲۸ء﴾ کے کچھ عرصے بعد ہی شروع ہوگئی تھیں، حافظ الاسد کے منصوبوں اور عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ تھے۔ وہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر جگہ اس کی مخالفت میں پیش پیش رہتے تھے۔ اس لئے حافظ الاسد ان کی سرکوبی کے بہانے ڈھونڈتا رہتاتھا۔ ۱۹۸۰ء میں سنّی مسلمانوں اور نصیریوں کے درمیان فرقہ وارانہ کشمکش برپا ہوئی تو بعثی حکومت نے اس کا ذمہ دار اخوان المسلمون کو قرار دے کر ان پر پابندی عائد کردی اور یہ قانون منظور ہواکہ اخوان سے وابستگی کی سزا پھانسی ہے۔ اس کے بعد بڑے پیمانے پر ان کے ارکان و وابستگان کی پکڑدھکڑ شروع ہوئی۔ جس پر بھی اخوانی ہونے کا شبہ ہوا اسے داخلِ زنداں کردیاگیا، جیلوں میں ان کے ساتھ بدترین تشدد کیاگیا، ہزاروں افراد کو بغیر کسی عدالتی کارروائی کے گولیوں سے بھون دیاگیا، جیلوں میں وقتاً فوقتاً قیدیوں کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت کے گھاٹ اتار دیاگیا۔ قتل و غارت گری کا نقطۂ عروج وہ واقعہ ہے جو ۲/فروری ۱۹۸۲ء کو شہر حماس میں پیش آیاتھا۔ اس شہر کو اخوان المسلمون کا گڑھ قرار دے کر اس کا محاصرہ کرلیاگیا اور ٹینکوں، توپوں، بکتربند گاڑیوں اوربھاری اسلحے کے ساتھ ہلّہ بول دیاگیا۔ شہر میں زبردست تباہی مچائی گئی، پورے پورے محلّے ان کے مکینوں کے ساتھ زمین بوس کردیے گئے۔ اٹھاسی ﴿۸۸﴾ مسجدیں اور تین ﴿۳﴾ چرچ بالکل منہدم ہوگئے۔ شہر کا محاصرہ ستائیس ﴿۲۷﴾ روز تک جاری رہا، تقریباً چالیس ہزار افراد کو گولیوں سے بھون کر اجتماعی قبروں میں دفن کردیاگیا، پندرہ ہزار افراد کا کچھ پتا نہ چلا، گرفتاریوں ، ایذارسانیوں اور تشدد و بربریت کا یہ سلسلہ برسوں تک جاری رہا۔ ہبہ الدباغ کی یہ خودنوشت اُسی دور میں شام کے عقوبت خانوں میں اخوان المسلمون کے مردوں، عورتوں، بچوں اور بوڑھوں پر توڑے جانے والے دل دوز والمناک مظالم کی مختصر روداد ہے۔

ہبہ کا تعلق حماس کے ایک دین دار گھرانے سے تھا۔ وہ ماں باپ، سات بھائیوں اور چار بہنوں کے ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی تھیں۔ ان کے ماں باپ کوئی سیاسی وابستگی رکھتے تھے، نہ خود ہبہ کسی پارٹی کی ممبر تھیں۔ صرف ان کاایک بھائی ﴿صفوان﴾ اخوان المسلمون کا سرگرم کارکن تھا۔ اخوان پر پابندی عائد کردیے جانے کے بعد ان کی پکڑدھکڑ شروع ہوئی تو جو لوگ پڑوسی ملک اردن نکل جانے میں کامیاب ہوگئے ان میں وہ بھی تھا۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے شوق میں ہبہ حمات چھوڑکر دمشق چلی گئیں اور وہاں یونی ورسٹی کے شریعہ کالج میں داخلہ لے لیا۔ رہائش کے لئے انھوں نے چند ہم جماعت لڑکیوں کے ساتھ مل کر ایک مکان کرائے پر حاصل کیا۔ ابھی ایک سال بھی پورا نہ ہواتھا اور امتحان شروع ہونے والا تھا کہ ۱۹۸۰ء کی آخری تاریخ میں نصف شب خفیہ محکمے کے اہل کاروں نے ان کی رہائش گاہ پر دھاوا بولا اور انھیں اور ساتھ رہنے والی دو لڑکیوں ﴿ماجدہ اور ملک﴾ کو اپنے ساتھ تفتیشی دفتر لے گئے۔ لے جاتے وقت تو انھوں نے کہاتھا کہ صرف پانچ منٹ میں تفتیش کرکے واپس بھیج دیں گے، لیکن ان لڑکیوں کو عقوبت خانوں میں نو سال تک تعذیب و تشدد کے جاں گسل مراحل سے گزرنے کے بعد رہائی نصیب ہوئی۔

ہبہ پر الزام لگایاگیاکہ وہ اخوان کی آرگنائزر ہے، اس کا ترجمان مجلہ ’النذیر‘ بانٹاکرتی ہے، سید قطب کے افکار پر مشتمل درسِ قرآن دیتی ہے، اپنے پاس اسلحہ رکھتی ہے وغیرہ۔ حالانکہ وہ ان تمام الزامات سے بری تھیں۔ ان کا اگر کوئی جرم تھا تو بس یہ کہ وہ ایک اخوانی کی بہن تھیں۔ ان برسوں میں ہبہ پر کیاکچھ بیتی، اس کا تذکرہ انھوں نے تفصیل سے اپنی اس خودنوشت میں کیا ہے۔ اس کاخلاصہ انھوں نے کتاب کے مقدمے میں ان الفاظ میں بیان کیاہے:

میں اتنا عرصہ جیل کی کال کوٹھری میں اپنے بھائی کی ’رہین‘ کے طورپر رہی، جو پرجوش سیاسی کارکن تھا۔ میری زندگی کے بہترین سال قاتل وحشیوں کی نذر ہوگئے۔ میرے اعضا شل ہوگئے اور میری روح نے بڑھاپے کی چادر اوڑھ لی۔ صرف ایک افترا کے سبب جو مجھ پر باندھا گیا. میں نوبرس تک جیل کے ایک سیل سے دوسرے سیل، ایک بلاک سے دوسرے بلاک اور ایک جیل سے دوسری جیل میں منتقل ہوتی رہی۔ نوبنجربرس. ان برسوں میں انسانی رحم کا ہر دروازہ مجھ پر بند کردیاگیا۔ ان کی سزاؤں نے میرے اندر اٹھنے والی ہر امید کا دم توڑدیا اور بنی نوع انسان سے متعلق ادنیٰ سی آس بھی معدوم ہوگئی، صرف اللہ سے امید زندہ رہی. میں شام کی حکومتی جیلوں کے جہنم میں نوبرس تک بلاقصور کسی اور کی رہین کے طورپر جلتی رہی۔ میں بتانہیں سکتی کہ عمرِ عزیز کے نوبرس اس ملعون نظام میں کس طرح بیتے، جو کچھ پیش آیا اس کی حقیقی تصویر گری سے یہ قلم عاجز ہے۔‘‘ ﴿ص۲۲-۲۵﴾

یہ صرف ایک خاتون کے ایامِ اسیری کی آپ بیتی نہیں ہے، بلکہ اس میں بے شمار معصوم خواتین کی داستانِ الم آگئی ہے۔ ان خواتین کا جرم اگر کچھ تھاتو بس یہ کہ ان میں سے کوئی کسی اخوانی کی ماں تھی، کسی کی بہن، کسی کی بیوی اور کسی کی بیٹی، یا انھوں نے کسی اخوانی کو اپنے گھر میں پناہ دے رکھی تھی۔ اس خودنوشت میں مصنفہ نے ان میں سے بہت سی خواتین کا تذکرہ نام بہ نام کیا ہے، مثلاً:

٭           الحاجۃ مدیحہ، چالیس کے پیٹے میں تھیں، بالکل ان پڑھ، مگر وہ حلب کی مشہور شخصیت تھیں، ان کاجرم یہ تھا کہ انھوں نے اپنے گھر کا ایک حصہ ہاسٹل کی طرح بنارکھاتھا، جس میں رہنے والوں میں سے کچھ لوگ حکومت کو مطلوب تھے۔

٭           الحاجۃ ریاض، چالیس برس کی، غیرشادی شدہ، سیدھی سادی خاتون۔ الزام یہ کہ انھوںنے اخوان کے مصیبت زدہ بعض خاندانوں تک کچھ بہی خواہوں کی دی ہوئی رقم پہنچائی تھی۔

٭           عائشہ کا تعلق حلب سے تھا اور پیشے سے ڈاکٹر تھی۔ اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے حکومت کے خلاف سرگرم کچھ زخمی نوجوانوں کا علاج کردیاتھا۔

٭           مُنیٰ، پینتیس چھتیس سال کی خاتون، تین بچوں کی ماں۔ اس نے ایک اخوانی کو پناہ دے دی تھی، اس جرم میں اسے اور اس کی بہن، بھائی اور باپ کو گرفتار کرلیاگیاتھا۔

٭           حلیمہ، پینتیس برس کی دیہاتی خاتون، پانچ بچوں کی ماں، جن کی عمریں چار سے نو برس کے درمیان تھیں، اس کا جرم یہ تھا کہ اس نے حکومت کو مطلوب کچھ افراد کو اپنے گھر میں چھپارکھاتھا۔

٭           منتہیٰ ، سولہ برس کی دوشیزہ، شوہر کوحکومت کے خلاف مسلح جدوجہد کے الزام میں قتل کردیاگیا۔ خفیہ پولیس نے اس کی شیرخواربچی کو پرے پھینکا اور اسے گرفتار کرکے داخلِ زنداں کردیا۔

٭           غزوہ، حمات کی رہنے والی ماہرِ دنداں خاتون۔ جرم یہ کہ اس نے ایک گھر خریدنے میں اخوانی نوجوانوں کی مدد کی تھی۔

٭           مطیعہ، عمر تقریباً چالیس سال، چار بچوں کی ماں، شوہر اخوان کے حامیوں میں سے تھے، گرفتاری سے بچنے کے لئے وہ فرار ہوگئے تو اسے پکڑلیاگیا۔ وہ اس وقت حمل سے تھی، دورانِ اسیری جیل میں اس کے یہاں ولادت ہوئی۔

٭           ام ہیثم، شوہر اور چار بچوں کے ساتھ اخوان کے حامیوں میں سے ایک کے گھر کرائے پر رہتی تھیں۔ خفیہ پولیس نے چھاپہ مارا تو سب کے ساتھ انھیں بھی گرفتار کرلیا، پھر شوہر کو اسی قیدخانے میں قتل کردیاگیا۔

٭           نجویٰ، حلب کے میڈیکل کالج میں سال دوم کی طالبہ ۔ اس کاجرم یہ تھا کہ وہ ایک اخوانی کی منگیتر تھی۔

تفتیشی مراکز اور جیلوں میں ان خواتین کے ساتھ جو سلوک روا رکھا گیا اور وحشت وبربریت کا جو ننگا ناچ دکھایاگیا، وہ خون کے آنسو رُلانے والا ہے۔ کیا کوئی انسان اس حد تک نیچے گرسکتا ہے۔ ہبہ الدباغ نے اپنی خودنوشت میں اپنے ساتھ پیش آئے ظلم و تشدد کی روداد تفصیل سے بیان کی ہے۔ ایک اقتباس ملاحظہ ہو:

’’ایک اہل کار نے مجھے لکڑی کے تختے پر لٹکاکر میری گردن، کلائیاں، پیٹ، گھٹنے اور پائوں اس سے باندھ دیے اور مجھے الٹا لٹکادیا۔ میرے پائوں فضا میں تھے اور ان سے کپڑا ہٹ چکاتھا، صرف جرّابیں ان کو ڈھانپ رہی تھیں۔ اہل کار پوری قوت اور غضب سے چلّایا: سر، دیکھئے، آپ نے نوٹ کیا؟ یہ کہتی ہے، یہ اخوانی نہیں، لیکن اس نے اپنے آپ کو مکمل ڈھانپ رکھا ہے ان ہی کی طرح، اس ٹکٹکی پر بھی اس کا ستر قائم ہے۔‘‘ ﴿ص ۵۳﴾

تفتیش کاایک اور انداز ملاحظہ کیجئے:

’’تفتیشی افسر کے ہاتھ میں مربع شکل کا بجلی کا بورڈ اور پلگ تھا اور ایک ہاتھ نما چیز تھی، جس پر کلپ لگے ہوئے تھے۔ اس نے کلپ میری انگلی کے ساتھ لگاکر اس میں کرنٹ چھوڑدیا اور ڈنڈے سے میرے پائوں کے درمیان میں ضرب لگائی، ایسا لگاکہ میرے پورے بدن میں آگ لگ گئی ہو۔ وہ میری چیخوں کو خاطر میں لائے بنا بولا:

’’ہوں. تمھیں بکواس کرنی پڑے گی۔

میں چلائی: میں کہہ چکی ہوں، میرے پاس اعتراف کرنے کو کچھ نہیں۔

وہ سرد مہری سے بولا: تم نے دیکھانہیں کہ بجلی کی طاقت کیا ہوتی ہے؟ یہ ہمارے پاس سب سے ہلکا ٹارچر ہوتا ہے۔

میں نے کہا: اگر ایسا ہی ہوتو بھی کیا میں ان چیزوں کااعتراف کرلوں جو میں نے نہیں کیا۔

اس پر وہ بولا: تم جھوٹ کہہ رہی ہو اور ہم سے چھپارہی ہو۔ تمھیں ابھی ہمارے ساتھ جانا ہوگا اور اس گھر کی نشان دہی کرنی ہوگی جہاں تمھارا بھائی اور اس کے ساتھی رہتے ہیں، ورنہ ہم تجھے ہلاکت تک پہنچادیںگے۔ میرے انکار پر تعذیب کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ آپریشنل ہیڈ پوری قوت سے میرے پائوںپر کوڑے برسانے لگا۔ پائوں پر ضرب پڑنے سے پہلے اس کی سنسناہٹ سنائی دیتی۔ ایک اور اہل کار اپنے بید کے ساتھ تعذیب دینے میں شریک ہوگیا۔ دوسرا اہل کار میرے سر کی جانب کھڑا ہوکر میری انگلیوں پر نئے سرے سے کرنٹ لگانے لگا۔ اتنی شدید تکلیف ہوئی کہ اس کو الفاظ میں نہیں بیان کرسکتی۔ شروع میں چیختی رہی اور میری زبان پر ’یا اللہ‘ کا کلمہ جاری رہا، لیکن کچھ دیر بعد آواز نکالنا بھی میرے بس میں نہ رہا۔ میں سرپٹختی رہی اور مجھے کسی بھی چیز کا احساس نہ رہا۔‘‘ ﴿ص ۵۳-۵۵﴾

تفتیشی سیل میں ٹارچر کے ایسے ہی وحشیانہ طریقے دیگر خواتین کے ساتھ بھی اختیار کئے جاتے تھے۔ ہبہ نے ان کا تذکرہ اپنی کتاب میں جا بہ جا کیا ہے۔ ان کے مطابق کپڑے پھاڑ کر ٹکڑے ٹکڑے کردیے جاتے۔ تھپڑوں، گھونسوں، کوڑوں اور ڈنڈوں کی بارش کی جاتی، انگلیوں پر شدید ضربیں لگائی جاتیں اور ناخن کھینچ کر اکھاڑدیے جاتے، سگریٹ سلگاکر پوشیدہ اور نازک اعضا کو جلایا جاتا، بالوں کو پکڑکر کھینچاجاتا اور سرکو دیوار اور زمین پر پٹخاجاتا، ٹکٹکی پر باندھ کر الٹا لٹکادیا جاتا، بے ہوش ہونے پر پوری قوت سے پانی انڈیلا جاتا، جس سے بسااوقات قیدیوں کے کان کے پردے پھٹ جاتے، بجلی کے کرنٹ لگائے جاتے۔ اس طرح کے اور بھی بے شمار وحشیانہ طریقے تھے جن کے ذریعے ملزم کو ناکردہ جرم قبول کرنے پر مجبور کیاجاتاتھا۔ جرم نہ قبول کرنے کا مطلب یہ تھا کہ وہ مسلسل ان اذیتوں سے دوچار رہے اور جرم قبول کرنے کا نتیجہ لازماً سزائے موت تھی۔

یہ تو خواتین پر مظالم کا حال تھا۔ اخوان کے مردوں کا حال اور بھی بُرا تھا۔ وہ ان جلاّدوں کی نظر میں کسی ہم دردی کے مستحق نہ تھے۔ ان کو سخت سے سخت اذیتیں دینے کی کھلی چھوٹ انھیں حاصل تھی۔ انھیں ہر طرح سے مشقِ ستم بنایا جاتا، ان کے ساتھ جانوروں جیسا، بلکہ اس سے بھی بدتر سلوک کیاجاتا۔ کتاب سے چند اقتباسات ملاحظہ ہوں:

’’بلاک میں قیدیوں کی تعداد اس قدر بڑھ چکی تھی کہ اگر ایک خاتون کروٹ لینا چاہتی تو پورے بلاک کی خواتین کو حرکت دینی پڑتی۔‘‘ ﴿ص۳۸﴾’ ’اگر ہم اپنی حالت کا مقابلہ نوجوان مرد قیدیوں سے کرتے تو وہ بالفعل جہنم میں رہ رہے تھے۔ جب بلاک میں خواتین قیدیوں کی تعداد دس سے زیادہ ہوجاتی اور ہم دم گھٹنے کی شکایت کرتے، اس وقت ان کے ایک ایک بلاک میں پچاس سے زیادہ گرفتارانِ بلا ہوتے اور انھیں دن میں بھی سانس لینا دشوار محسوس ہوتا اور رات کو سونے کے لئے پائوں دیوار کے ساتھ اونچے کرکے صرف کمر زمین پر رکھ کر سوتے اور اس میں بھی انھیں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا۔‘‘ ﴿ص ۱۱۵﴾

’’ایک روز اہل کاروں نے ایک مسکین کو کمرۂ تعذیب سے نکال کر ہمارے بلاک کے سامنے ڈالا، تاکہ اسے دوسری جگہ منتقل کرکے باقی کسر پوری کرسکیں۔ اس کاچہرہ اور بدن زخموں سے چور تھا۔ پیاس کی شدت سے اس کی زبان باہر نکلی ہوئی تھی اور جسم سے خون رِس رہاتھا۔ وہ گڑگڑاکر پانی کاایک گھونٹ مانگ رہاتھا، لیکن اسے جواب دینے والا کوئی نہ تھا۔ کچھ دیر بعد ہم نے کچھ پانی بلاک سے باہر زمین پر بہادیا اور اس نے زمین سے چاٹ لیا۔‘‘﴿ص ۱۲۰﴾

’’ایک دفعہ ہم نے دیکھاکہ وہ ایک دیہاتی کو پکڑلائے اور اسے برہنہ کردیا۔ اہل کار دونوں جانب کھڑے ہوگئے اور ڈنڈوں اور لاتوں سے اس کی درگت بنانے لگے۔ وہ اسے ہینڈزاپ کرواکر کبھی ایک طرف بھگاتے اور کبھی دوسری طرف۔ وہ کبھی تیزی سے بھاگتا اور کبھی سست پڑجاتا، حتیٰ کہ وہ بے ہوش ہوگیا۔ پھر وہ اسے اٹھاکر غسل خانوں میں لے گئے۔ وہ کبھی اس کے سر پر ٹھنڈا پانی ڈالتے اور کبھی تیزگرم۔ وہ مسکین بڑی بے بسی سے چیختا چلاّتا رہا، کسی کو اس پر رحم نہ آیا، گویا وہ بھیڑبکری ہو قصّابوں کے بیچ میں۔‘‘ ﴿ص ۱۱۹﴾

’’جب نوجوانوں کو ہوا خوری کے لئے باہر نکالاجاتا تو وہ بھی بڑا الم ناک وقت ہوتا۔ تعذیب کے باعث وہ سیدھے کھڑے نہ ہوسکتے۔ ٹارچر سے ان کے پاؤں اس قدر سوج چکے ہوتے کہ اس سردی میں بھی وہ جوتا نہ پہن سکتے اور ننگے پاؤں چل رہے ہوتے۔ ا ن کو ہانکنے کے لئے مسلسل کوڑا برستارہتا، جیسے وہ جانور ہوں، ان کے رنگ اتنے زرد ہوچکے تھے کہ ان کے جسموں سے روشنی نکلتی محسوس ہوتی تھی۔ مجھے اب تک یاد ہے کہ ایک نوجوان نے بیت الخلاء میں ذرا دیر لگادی۔ اہل کار نے اسے وہیں مارنا شروع کردیا اور اس سے مطالبہ کیاکہ وہ گندگی اپنے منہ میں ڈالے۔ وہ اسے مسلسل زنجیر وں سے مار بھی رہاتھا اور انتہائی گندے مطالبات بھی کررہاتھا۔ وہ اس کا منہ زمین پر رگڑرہاتھا۔ بے چارہ قیدی مدد کے لئے فریاد کررہاتھا، مگر اسے بچانے والا کوئی نہ تھا۔‘‘ ﴿ص۲۵۶-۲۵۷﴾

دورانِ اسیری ہی ہبہ کو حماس کے قتلِ عام ﴿فروری ۱۹۸۲ء﴾ کے موقع پر اپنے پورے خاندان کی شہادت کی خبر ملی۔ اس واقعہ کو پیش آئے اگرچہ آٹھ ماہ گزرچکے تھے، لیکن اس کا علم اس وقت ہوا جب قطنا جیل میں قید خواتین کے رشتہ داروں کو ان سے ملاقات کی اجازت ملی۔ اس کی تفصیل خود ہبہ کی زبانی سنیے:

’’حمات کا رابطہ بیرونی دنیا سے مکمل طورپر منقطع کردیاگیاتھا۔ اس کی شاہ راہیں ذبح خانوں میں تبدیل ہوگئیں اور اس کے باشندے سینکڑوں کی تعداد میں قتل ہونے لگے۔ بجلی، پانی اور خوراک پہنچنے کے راستے بند کردیے گئے۔ یہ محاصرہ سات دن تک جاری رہا۔ ہمارے گھر میں کھانا اور پانی بالکل ختم ہوگیا تو میرے ابا جان باہر نکلے اور حکومتی اہل کاروں سے درخواست کی کہ بچوں کے لیے کھانا دے دیں، خواہ روٹی کاایک ٹکڑا ہی ہو۔ اس کے جواب میں ایک گولی سنسناتی ہوئی آئی اور ابا جان خون میں لت پت زمین پر گرپڑے۔ میری امّی ان پر روتی ہوئی باہر نکلیں۔ وہ ابھی دروازے تک بھی نہ پہنچی تھیں کہ ان پر گولیوں کی بوچھار کردی گئی۔ پھر وہ گھر کے اندر داخل ہوگئے اور وہاں جو بھی نظر آیا اس کا کام تمام کردیا: یاسرچار برس کاتھا، قمر پانچ سال کی تھی، رنا چھٹے برس میں تھی اور سات برس کی صفا نے نیانیا اسکول جانا شروع کیاتھا۔ ان سب کو مارنے کے بعد میری بیس سالہ بہن ظلال کو بھی شہید کردیا۔ میرا چودہ برس کا بھائی عامر اور بارہ برس کا بھائی ماہر بھی ان ہی حادثات کے دوران شہید ہوئے۔ سب نے اکٹھے ہی اپنی نذر پوری کردی اور ان کے لاشے یوں ہی بے گورو کفن پڑے رہے۔ اس واقعہ سے کچھ دن پہلے حلب میں میرے بھائی وارف، جس کی عمر اٹھارہ برس تھی، کی شہادت کاسانحہ پیش آچکاتھا۔ اس طرح مجھے والدین اورآٹھ بہن بھائیوں کی شہادت کی خبر ایک ساتھ ملی۔ یہ الگ بات ہے کہ اس خبر کا مجھ پر ایسا اثر نہ ہوا جیسا میری ساتھی قیدی خواتین سمجھ رہی تھیں۔ اللہ نے مجھے اس ناگہانی خبر پر صبر اور حوصلہ دیا،کیوں کہ یہ سب ان شاء اللہ شہادت کے درجے پر فائز ہوں گے اور شہادت کی آرزو تو ہر مسلمان کرتا ہے۔‘‘ ﴿ص۱۷۱-۱۶۷، بہ تلخیص﴾

مصر میں اخوان المسلمون پر توڑے جانے والے مظالم کے تذکرے پر مشتمل متعدد کتابیں منظرعام پر آئی ہیں اور ان کا دیگر زبانوں میں ترجمہ بھی ہوا ہے، لیکن دیگر مسلم ممالک اور خاص طورپر شام میں اخوان کے ناگفتہ بہ حالات کا دنیا کو بالکل علم نہ تھا۔ ہبہ الدباغ انتہائی شکریے کی مستحق ہیں کہ انھوں نے بڑے موثر اسلوب اور ادبی پیرایے میں اپنی خودنوشت لکھ کر ان کی ایک ہلکی سی جھلک دکھادی ہے۔ اس کتاب کا انگریزی ترجمہ، جسے بیان الخطیب نامی خاتون نے کیا ہے، کینیڈا سے Just Five Minuteکے نام سے ۲۰۰۷ء میں شائع ہوا ہے۔ اردو ترجمہ ’صرف پانچ منٹ‘ کے نام سے میمونہ حمزہ نے کیا ہے اور اسے ۲۰۱۲ء میں لاہور کے مشہور اشاعتی ادارے ’منشورات‘ نے شائع کیا ہے۔ ضرورت ہے کہ اس کتاب کو زیادہ سے زیادہ عام کیاجائے اور اس کا ترجمہ دیگر زبانوں میں بھی کیاجائے، تاکہ اجتماعی شعور بیدار ہو اور دنیا کو شام کی بعثی حکومت کے انسانیت سوز مظالم سے واقفیت ہوسکے۔

مشمولہ: شمارہ مئی 2013

مزید

حالیہ شمارے

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں

اکتوبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223