اخلاص کی اہمیت

اہل ایمان کی نیتوں کا خلوص شیطان کے لیے حد درجہ سوہان روح ہوتا ہے۔ اس لیے اس کی شعلہ بار نگاہیں اسے برابر گھورتی رہتی ہیں۔ اس کے لیے یہ لڑائی کا ایسا محاذ ہوتا ہے جسے وہ سب سے زیادہ اہمیت دیتا ہے اور اگر اسے توڑ دینے میں کام یاب ہوجاتا ہے تو دوسرے سارے مورچے آپ سے آپ ٹوٹ کر رہ جاتے ہیں۔ گویا اکیلے اس محاذ کا ختم ہوجانا پوری لڑائی کے ہر جانے کے ہم معنی ہوتا ہے۔ کیوں کہ اس کے بعد نہ نماز نماز رہ جاتی ہے، نہ زکات زکات رہ جاتی ہے۔ دعوت الی اللہ، نصرت اسلام اور اقامت دین کے صرف دعوے اور الفاظ رہ جاتے ہیں، ان کے اندر سے معنویت اسی طرح غائب ہوجاتی ہے، جس طرح دل کی حرکت بند ہوجانے سے جسم سے زندگی ناپید ہورہتی ہے۔ اس خوف ناک بلا کے خطروں سے مامون تو کوئی بھی نہیں ہوتا، مگر جو شخص جتنی زیادہ نمایاں دینی پوزیشن رکھتا ہے وہ اتنا ہی زیادہ ان خطروں کی زد میں رہتا ہے۔ اسلامی تحریکوں کے ذمے دار اور اصحاب امر، خواہ وہ کسی درجے کے ہوں، اپنے اپنے دائروں میں بہ ہر حال ایک خاص پوزیشن کے مالک ہوتے ہیں۔ یہ پوزیشن بہ جائے خود بھی کم زور آدمی کے لیے فتنہ کا سامان بن سکتی ہے، نفس آسانی سے اسے یہ وہم دلاسکتا ہے کہ امارت کا یہ منصب اس کے لیے ایک اعزاز اور وجہ افتخار ہے، حالاں کہ فی الاصل وہ ایک بھاری ذمے داری کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا۔ لیکن اگر اس منصب کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی کی عنایت نے اسے کسی مخصوص اور نمایاں قسم کی صلاحیت سے بھی نواز رکھا ہو- مثلًا تحریر و تصنیف کی صلاحیت، یا تقریر و خطابت کی صلاحیت، یا مؤثر افہام و تفہیم کی صلاحیت- تو پھر خطرہ بہت بڑھ جاتا ہے اور غافل شخص بڑی آسانی سے تَعلی کا شکار اور شہرت کا حریص بن جاتا ہے۔

(اسلامی تحریک کے قائدین کی صفات، ص  ۹)

مشمولہ: شمارہ جولائی 2022

مزید

حالیہ شمارے

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں

اکتوبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223