اجتماعِ ارکان وہ خاص موقع ہوتا ہے جہاں تحریکی افراد مختلف حیثیت سے پروگرام میں شریک ہوتے ہیں۔ اس اجتماع میں ارکان ذہنی و شعوری اعتبار سے شامل ہوتے ہیں۔ سب کے سامنے ایک ہی نصب العین اور مقصد کارفرما ہوتا ہے۔ اور اسی اہم اور عظیم مقصد کی خاطر وہ جمع ہوتے ہیں۔
اجتماع کے موقع پر ارکان جماعت جذباتی طور سے پروگرام میں شامل ہوتے ہیں اور ایک مشن سے جڑے لوگوں کے ساتھ مل کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ ایک دوسرے کے لیے اپنائیت محسوس کرتے ہیں۔ اجتماعِ ارکان نئے ارکان کے لیے زیادہ پرکشش ہوتے ہیں۔ اور وہ پورے جوش و ولولے کے ساتھ اس میں شامل ہوتے ہیں۔
اس اجتماع کا ایک بڑا اور اہم مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ ملک بھر سے شریک ہونے والے ارکان ایک دوسرے سے زیادہ سے زیادہ متعارف ہونے ، دوسروں کے کاموں کو سمجھنے ، ان کی تحریکی خدمات اور ان کی شخصیت کو جاننے اور کچھ نئے کاموں کو جاننے کی کوشش کریں تاکہ اپنے یہاں جدّت لاسکیں۔
اس لیے ہر رکن کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ وہ اجتماع تقاریر سننے اور مختلف چیزوں سے سیکھنے کے ساتھ وہ دوسرے ارکان سے ملنے، تعلقات بڑھانے اور ان کو جاننے کی بھی منصوبہ بندی کرے۔اس سلسلہ میں کچھ نکات یہاں پیش ہیں :
باہمی تعارف ، کچھ مشورے
فارمل سیشن کے وقت کوشش کریں کہ ۱۰ منٹ پہلے اجتماع گاہ میں پہنچیں، اور جہاں آپ بیٹھے ہوں قریب کے ساتھیوں سے اپنا تعارف کرائیں اور خود بھی دوسروں سے واقف ہوں۔
اجتماع گاہ کی نشستوں میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ رہنے کے بجائے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے بات چیت کریں۔
ہر سیشن میں الگ الگ جگہ پر بیٹھنے کی کوشش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ارکان سے آپ باہمی تعارف کرا سکیں۔
متوازی سیشنوں میں جہاں ایک جیسے میدان اور دلچسپی سے تعلق رکھنے والے ارکان شامل ہوں گے، کوشش کریں کہ وہاں پر موجود ساتھیوں سے اپنا تعارف کرائیں اور زیادہ سے زیادہ دوسروں سے متعارف ہونے کی کوشش کریں۔
کھانا لیتے وقت جب آپ لائن میں کھڑے ہو ں تو وہاں پر بھی باہمی تعارف ہو۔
دوسرے حلقوں کے خیموں میں جا کر وہاں کے ارکان سے ملنے کی کوشش کریں۔
جب آپ تجارتی اسٹالوں، کھانے پینے اور خرید و فروخت کے اسٹالوں پر ہوں تو وہاں بھی باہمی تعارف کے مواقع تلاش کریں۔ یہ وہ مواقع ہیں جہاں فطری طور پر آپ کو دوسرے تحریکی رفقا سے بہتر طریقے سے ملنے کے مواقع مل جاتے ہیں۔
اجتماع گاہ میں کچھ ایسے خوبصورت اور دلچسپ مقامات سجائے جا رہے ہیں، جہاں آپ کچھ یادیں اپنے موبائل میں قید کرنے کے لیے جائیں گے تو وہاں بھی دوسرے ساتھیوں سے ملاقات کریں اور اپنا تعارف کرائیں۔
اسی طرح انفرادی تعارف کے ساتھ ساتھ اجتماعی طور پر مثلًا ایک مقام کے کچھ ساتھی دوسرے مقامات کے رفقا سے اپنا تعارف کرانے کا منصوبہ بنائیں۔
اجتماعِ ارکان کے موقع پر آخری دن حیدرآباد میں سیر و تفریح کا نظم ہے جو ارکان اس میں شامل ہو رہے ہیں تو اس موقع سے بھی فائدہ اٹھائیں اور وہاں بھی نئے لوگوں سے ملنے کی کوشش کریں۔
ان خصوصی موقعوں کے علاوہ آپ باہمی تعارف کے لیے درمیانی وقفوں کا بھرپور استعمال کریں ۔ اس میں وہ اوقات شامل ہیں جب آپ کسی رسمی اجلاس، متوازی اجلاس، نمائش، نماز اور قیام گاہ وغیرہ کے لیے جاتے اور وہاں سے نکلتے ہیں۔
آپ کو اگر کہیں لائن میں کھڑے ہونا پڑ جاتا ہے تو اس موقع کو ساتھ کھڑے لوگوں سے متعارف ہونے کے لیے غنیمت جانیں۔
متاثر تعارف کے لیے ضروری صفات
اقدامی بنیں: ہر رکن اس باہمی تعارف کو اجتماع گاہ میں شرکت کرنے کا ایک اہم مقصد سمجھے۔ اور وہاں پر فردًا فردًا دن گزارنے کے بجائے اپنے آپ کو اجتماعیت کے ساتھ وابستہ رکھے اور باہمی تعارف کے لیے خود سے فکر مند رہے۔ آگے بڑھ کر دوسروں سے ملنے کی کوشش کرے اور دوسروں کو اپنے بارے میں بتانے کے لیے ہمیشہ تیار رہے۔ وہ اس تاک میں رہے کہ جو بھی مواقع حاصل ہوں گے دوسرے رفقا سے زیادہ سے زیادہ ملاقات کروں گا۔ اس اجتماع گاہ میں انما المومنون اخوة کی واضح تصویر سامنے آئے۔
حسنِ کارکردگی دکھائیں: اس تعارف میں ضروری ہے آپ اچھی کارکردگی کا خیال رکھیں، مطلب یہ کہ کم وقت میں زیادہ تعارف کریں اور کرائیں تاکہ آپ زیادہ سے زیادہ لوگوں سے متعارف ہو سکیں، نہ کہ تین دن تک کچھ افراد سے ہی متعارف ہوسکیں۔
لچک رکھیں: اجتماع گاہ میں الگ الگ طریقے اور مزاج کے لوگوں سے آپ کو سابقہ ہوگا، اس لیے ان کے ساتھ لچک دار طریقے سے پیش آئیں اور خوش گوار ملاقات بنانے کی کوشش کریں۔ اور اپنا تعارف دوسرے تحریکی رفقا کو اس طرح سے کرائیں کہ وہ اس کو صحیح طرح سے سمجھ سکیں اور ایسا نہ ہو کہ آپ اپنے تعارف میں اپنی دلچسپیوں اور صلاحیتوں کو بیان کرتے رہیں جب کہ دوسرے ساتھی اس سے بالکل دلچسپی نہ رکھتے ہوں۔
دوسروں کو سنیں اور اپنا تعارف اچھے اور بہترین انداز میں کرائیں۔ دوسروں کی خصوصیات اور کامیابیوں کو سراہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
خوشی کا اظہار کریں: ہر رکن کے لیے ضروری ہے کہ وہ دوسروں سے مل کر خوشی اور مسرت کا اظہار کریں۔ اسی طرح اگر آپ اس خیال سے کچھ ہدیہ لائیں ہوں تو انہیں بروقت پیش کریں۔
یاد رکھیں، پرجوش سلام اور دل آویز مسکراہٹ تعارف کا راستہ بہت آسان کردیتی ہے۔
مابعد اجتماع فالو اپ
جن افراد سے تعارف ہوا ہے ان کی لسٹ بنائیں۔
جن افراد سے تعارف ہوا ہے ان کی خیر خبر لیں ، خاص طور سے بعافیت گھر پہنچنے کی۔
جن افراد سے تعارف ہوا ہے ان سے سوشل میڈیا پر جڑیں۔
یہ منصوبہ بندی کریں کہ ان افراد سے آپ کب اور کس طرح سے مسلسل رابطہ میں رہ سکتے ہیں۔
خلاصہ
یہ وہ چند نکات تھے جسے یہاں پر پیش کیا ہے کہ آپ اس اجتماع کو کس طرح سے مفید تر بنا سکتے ہیں۔ اور کس طرح اپنے مقصد اور نصب العین سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپنے آپ کو جوڑ سکتے ہیں۔ یہ وہ موقع ہے جہاں پر آپ اپنے آپ کو دوسروں کے سامنے پیش کر سکتے ہیں اور اس عظیم کام میں لگے ہوئے تحریکی رفقا کے بارے میں بخوبی جان سکتے ہیں۔ اس موقع پر آپ اللہ کا شکر کریں کہ آپ کی ان ساتھیوں سے ملاقات ہوئی جنہوں نے اپنی زندگی کو خدا کی راہ میں لگا دیا ہے اور ہر وقت وہ دوسروں کی ہدایت کے بارے میں فکر مند ہیں۔
یاد رکھیں رفقائے تحریک سے تعارف آپ کا قیمتی سرمایہ ہے، اسے بڑھانے کی فکر کرتے رہیں۔
مشمولہ: شمارہ نومبر 2024