اسکول کی زندگی اور والدین کا رول

اسکول بچوں کی زندگی کا تقریباً دس سے تیرہ سال پر مشتمل ایک طویل دورانیہ ہوتا ہے۔ بچہ روزانہ تقریباً پانچ سے آٹھ گھنٹے اسکول میں گزارتا ہے۔ اس طرح یہ اس کی زندگی کا ایک بڑا حصہ بھی ہوتا ہے اور ایک نازک مرحلہ بھی، جہاں اس کی شخصیت، عادات، سوچ اور رویے تشکیل پاتے ہیں۔ اسکول بچے کی صرف تعلیمی ضروریات کو پورا کرے ایسا بالکل نہیں ہے، درحقیقت بچے کی شخصیت کی تشکیل میں اسکول کا بڑا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ یہاں پیش آنے والے تجربات بچے کی پوری زندگی پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ اسکول کا ماحول، دوستیاں، پڑھائی کا دباؤ اور مختلف حالات مل کر بچے کی شخصیت پر مثبت یا منفی اثر ڈالتے ہیں۔

اس دورانیے میں پیش آنے والے مختلف مسائل اور ان کے تدارک پر گفتگو کرنا بے حد ضروری ہے، تاکہ والدین بہتر طور پر اپنے بچوں کی رہ نمائی کرسکیں۔ اس پورے موضوع کو ہم سوالات قائم کرکے سمجھنے کی کوشش کریں گے۔

پہلا سوال: اپنے بچوں کے لیے اسکول چنتے وقت آپ کن باتوں کا خیال رکھیں ؟

بچوں کے لیے اسکول کا انتخاب کرنا ایک نہایت اہم فیصلہ ہے، یہ اسکول ہی ان کی شخصیت، تعلیم اور تربیت کی بنیاد بنتے ہیں۔ اس لیے صرف نام یا شہرت دیکھ کر فیصلہ کرنے کے بجائے چند اہم پہلوؤں کو ضرور مدنظر رکھنا چاہیے۔

سب سے پہلے اسکول کے ماحول (environment) کو دیکھیں۔ کیا وہاں بچوں کے ساتھ شفقت اور احترام کا رویہ اپنایا جاتا ہے؟ کیا بچہ وہاں خود کو محفوظ اور پُرسکون محسوس کرے گا؟

دوسرا اہم پہلو اساتذہ (teachers) ہیں۔ اساتذہ کا رویہ، تجربہ اور پڑھانے کا انداز بہت اہم ہوتا ہے۔ قابل اساتذہ نہ صرف پڑھاتے ہیں بلکہ بچوں کی شخصیت بھی سنوارتے ہیں۔

تیسری چیز تعلیم کا معیار (academic quality) ہے۔ تعلیمی نظام صرف رٹنے، زیادہ سے زیادہ نمبرات حاصل کرلینے اور بڑے بڑے انعامات جیتنے کے لیے نہ ہو، بلکہ ایسا سسٹم ہو جو اپنے طلبہ و طالبات میں سمجھنے، سوال کرنے اور سیکھنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہو۔ اسکول کا بورڈ کون سا ہے اور وہ اپنے لیے کیسا تعلیمی معیار طے کرتا ہے اور وہ اپنے طے شدہ معیار پر کیسا اترتا ہے یہ سب کچھ دیکھنا ضروری ہے۔

اسکول میں بچوں کے دن کا بڑا حصّہ گزرتا ہے اس لیے ایسے اسکول کا انتخاب کریں جو دینی واخلاقی تربیت پر بھی توجہ دیتا ہوتاکہ گھر کے باہر کی غیر مناسب باتیں ان کی دینی شخصیت پر منفی اثر نہ ڈالیں۔

ہم نصابی سرگرمیاں (extra-curricular activities) جیسے کھیل کود، تقریر، آرٹ وغیرہ بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہیں اور ان کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں۔ اسکول میں ان سرگرمیوں کے لیے انتظام ہونا ضروری ہے۔

اسکول کا ڈسپلن اور سیفٹی سسٹم بھی چیک کریں۔ کیا وہاں بچوں کی حفاظت کا مناسب انتظام ہے؟ کیا بُلنگ (bullying) جیسے مسائل پر توجہ دی جاتی ہے؟

آخر میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اسکول آپ کے بچے کے مزاج اور ضرورت کے مطابق ہو۔ ہر بچہ مختلف ہوتا ہے، اس لیے ایک ہی اسکول سب کے لیے بہترین نہیں ہوسکتا ہے۔ لہٰذا اسکول کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں، کیوں کہ صحیح اسکول بچے کے روشن مستقبل کی بنیاد بنتا ہے۔

دوسرا سوال: اگر اسکول میں دینی تعلیمات کا مناسب انتظام نہ ہو تو کیا کریں؟

عموماً والدین کے سامنے یہ مسئلہ رہتا ہے کہ بچوں کو عصری تعلیم تو مل رہی ہے، لیکن دینی تربیت اور اخلاقی تعلیم کا اسکول میں کوئی نظم نہیں ہے۔ ہوتا یہ ہے کہ غیر مسلم اداروں میں بچے دین سے دُور ہوتے ہیں اور اگر کسی اسکول کا مینجمنٹ اور نظام مسلم افراد پر مشتمل ہو تو والدین اتنی سی بات دیکھ کر بے فکر ہوجاتے ہیں۔

سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بچے کو کسی نام ور مسلم ادارے میں داخل کراکے بھی والدین اپنی ذمہ داریوں سے دست بردار نہیں ہوسکتے ہیں۔ مسلم ادارے بچوں کی تربیت کا کیسا ہی اچھا انتظام کریں پر اس سے والدین کی ذمہ داری ختم نہیں ہوجاتی۔ اب جب کہ بچوں کے لیے کوئی اچھا مسلم ادارہ بھی نہیں ملتا، اس لیے والدین کی ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے۔ اس تناظر میں درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے:

گھر میں دینی ماحول بنائیں۔ نماز، قرآن کی تلاوت، دعائیں اور اسلامی آداب کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ بچے دیکھ اور سن کر بہت کچھ سیکھ جائیں گے، بس انھیں اپنے ساتھ ان نیک کاموں میں شریک رکھا کریں۔

بچوں کے مطالعہ کے لیے ایسی کتابوں کا انتظام کریں جو انبیائے کرام علیہم السلام، صحابہ کرامؓ اور سلف صالحینؒ کے قصوں پر مشتمل ہوں، جن میں دینی معلومات بھی ہوں، اسلامی تاریخ، اسلامی تہذیب اور اسلامی اقدار بھی ہوں۔

ساتھ ہی بچوں کی اخلاقی نشو و نما پر خاص توجہ دیں۔ اچھی شخصیت کے لیے صرف معلومات کافی نہیں ہوتیں، بچوں میں سچائی، احترام، حیا، صبر اور ذمہ داری جیسی صفات بھی پیدا کریں۔

اچھا حلقۂ احباب (company) فراہم کریں۔ کوشش کریں کہ بچے ایسے دوستوں کے درمیان اور ایسے ماحول میں رہیں جہاں اچھے اخلاق اور دینی تعلیمات کی قدر ہو۔

دینی کلاسوں یا سرگرمیوں میں شامل کریں۔ اگر ممکن ہو تو بچوں کو ویک اینڈ اسلامی کلاس، مسجد یا آن لائن دینی پروگراموں سے جوڑیں۔

دینی اجتماعات اور درس و تدریس میں اپنے بچوں کے ساتھ شرکت کریں۔ اپنے گھر میں محلے کے بچوں کو مدعو کیا کریں اور ان بچوں کے لیے دینی مجالس کا اہتمام کیا کریں۔

تیسرا سوال: اسکول اور گھر کے درمیان فاصلہ کتنا ہونا چاہیے؟

بچوں کے لیے اسکول کا انتخاب کرتے وقت اسکول اور گھر کے درمیان کا فاصلہ بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ من چاہا اسکول ملنے پر بعض والدین فاصلے کا خیال نہیں کرتے اور بچوں کو کبھی لوکل میں،کبھی میٹرو میں، اورکبھی بس میں ایک ڈیڑھ گھنٹے کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ طویل فاصلے وقت اور توانائی کھاجاتے ہیں، بچے بار بار بیمار پڑتے ہیں اور سفر کی تکان کی وجہ سے پڑھائی میں دل بھی نہیں لگتا۔ پھر ایسے میں بہتر سے بہتر اسکول کے انتظام کا کیا فائدہ۔ اس لیے گھر سے قریب کے کسی مناسب اسکول میں داخلہ کرایا جائے، یا پھر اسکول کے قریب گھر لے لیا جائے۔

چوتھا سوال: کھیل کود اور پڑھائی میں توازن کیسے قائم کریں؟

بچوں کی زندگی میں کھیل کود اور پڑھائی دونوں کی اپنی اپنی اہمیت ہے۔ صرف پڑھائی پر زور دیا جائے اور کھیل کود سے انھیں دور رکھا جائے تو یہ بچپن کی حق تلفی ہوگی اور بچے صرف کھیلتے رہیں اور پڑھائی لکھائی سے بے گانہ رہیں تو یہ تعلیم حاصل کرنے کے ان کے بنیادی حق کی پامالی ہوگی۔ اصل کام تو ان دونوں کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔

سب سے پہلے بچے کے لیے ایک متوازن روٹین بنائیں۔ روزمرہ کے اوقات کو اس طرح تقسیم کریں کہ پڑھائی، کھیل کود، آرام اور نیند سب کے لیے مناسب وقت ہو۔ اگر روٹین واضح ہوگا تو بچہ خود بھی نظم و ضبط سیکھنے لگے گا۔

اسکول کے دور میں، خصوصاً امتحان کے دنوں میں پڑھائی کو ترجیح دیں مگر کھیل کو نظر انداز نہ کریں۔ ایسی عادت بنالیں کہ بچہ پہلے اپنا ہوم ورک مکمل کرے اور پھر سکون سے کھیلے، تاکہ وہ کھیل کے دوران ذہنی دباؤ سے آزاد ہو۔

کھیل کو انعام کے طور پر استعمال نہ کریں بلکہ اسے بچے کی ضرورت سمجھیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ ذہنی تازگی اور سیکھنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بناتا ہے۔

بچے کے کھیل کا انتخاب بھی اہم ہے۔ ایسے کھیل منتخب کریں جو سیکھنے میں مدد دیں، جیسے ٹیم گیم، اسپورٹ یا تخلیقی سرگرمیاں، تاکہ بچے کی اچھی سماجی اور ذہنی نشوونما ہو۔ اسکرین ٹائم کو کنٹرول کریں۔ موبائل یا ویڈیو گیم کو کم سے کم کردیں اور جسمانی کھیلوں کی طرف زیادہ راغب کریں۔

بچے کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کے انداز میں اس کا شیڈول بنائیں تاکہ اسے لگے کہ اس نے اپنے لیے خود یہ شیڈول پسند کیا ہے۔ جب بچہ خود فیصلہ سازی میں شامل ہوتا ہے تو وہ اس پر عمل بھی زیادہ شوق اور بہتر طریقے سے کرتا ہے۔

آخر میں یاد رکھیں کہ توازن (balance) ہی اصل کام یابی ہے۔ جب بچہ خوش حال، صحت مند اور متوازن زندگی گزارتا ہے تو وہ پڑھائی میں بھی بہتر کارکردگی دکھا پاتا ہے اور زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی کام یابی کی راہیں اختیار کرتا ہے۔

پانچواں سوال: بچوں کو پڑھائی کا شوق کیسے دلائیں؟

زبردستی یا ڈانٹ سے بچوں میں پڑھائی کا شوق پیدا کرنا ممکن نہیں ہے، بلکہ یہ محبت، حکمت اور صحیح اندازِ تربیت سے آہستہ آہستہ پیدا کیا جاتا ہے۔ اگر والدین سمجھداری سے کام لیں تو بچہ خود سیکھنے کی طرف مائل ہو جاتا ہے۔

سب سے پہلے بچوں کے لیے پڑھائی کو دل چسپ بنائیں۔ صرف کتابیں کھول کر بیٹھ جانا ہر بچے کو پسند نہیں ہوتا، اس لیے کہانیوں، مثالوں، گیم اور عملی سرگرمیوں کے ذریعے سکھانے کی کوشش کریں۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ بچے پر دباؤ نہ ڈالیں۔ اگر ہر وقت صرف نمبر اور رزلٹ کی بات ہوگی تو بچہ پڑھائی سے دور بھاگے گا۔ اس کے بجائے اس کی کوششوں کو سراہیں اورچھوٹی چھوٹی کام یابیوں پر بھی حوصلہ افزائی کریں۔

روٹین بنانا بھی بہت ضروری ہے۔ روزانہ ایک مقررہ وقت پر تھوڑی دیر کے لیے پڑھائی کے لیے بٹھائیں تاکہ بچہ کی بھی عادت بن جائے۔ لمبے اور تھکا دینے والے سیشن کے بجائے مختصر اور توجہ والا وقت زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔

والدین کا اپنا رویہ بھی بہت اثر انداز ہوتا ہے۔ اگر گھر میں سیکھنے کا ماحول ہوگا، کتابوں کی اہمیت ہوگی اور والدین خود بھی پڑھنے یا سیکھنے میں دل چسپی لیں گے تو بچہ بھی اسی رویے کو اپنائے گا۔

بچے کی دل چسپیوں کو سمجھیں۔ ہر بچہ ایک جیسا نہیں ہوتا، کسی کو کہانیاں پسند ہوتی ہیں، کسی کو سائنس یا ڈرائنگ۔ اسی دل چسپی کو بنیاد بنا کر اسے پڑھائی کی طرف لائیں۔

بچے کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنانا، حوصلہ شکنی کرنا، دوسرے بچوں سے نامناسب موازنہ کرنا، ایسے تمام منفی رویوں سے بچوں میں کوئی سدھار نہیں آتا ہے، بلکہ ہمیشہ ہمیش کے لیے ان کے ذہن و دل پر گہرا منفی اثر پڑتا ہے جس سے وہ آگے چل کر نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ اس لیے مثبت رویے کو اپنائیں۔ پڑھنے اور سیکھنے کا عمل ناگزیر ہے لیکن اسے بس شخصیت کا، زندگی کا اور روزمرہ معمولات کا ایک حصہ بنائیں۔ بھاری بوجھ بناکر بچوں کو بوجھل نہ کریں۔ بچہ پیدا ہوتے ہی پڑھنا تو شروع نہیں کرسکتا، نہ ہی ایک دن کے اندر وہ پڑھا لکھا بن سکتا ہے۔ پڑھائی کا شوق یوں ہی اچانک نہیں آتا، بلکہ مسلسل ترغیب اور مشق کے نتیجے میں عادت کا حصہ بنتا ہے۔ اس لیے والدین کو صبر و حکمت سے کام لیتے ہوئے اس عمل کو آسان اور دل چسپ بنانا چاہیے۔

چھٹا سوال: مشکل مضمون کو آسان اور دل چسپ کیسے بنائیں؟

اکثر بچوں کو کچھ مضامین مشکل اور اکتاہٹ آمیز لگتے ہیں، وہ انھیں پڑھنا نہیں چاہتے اور نہ ہی ایسے مضامین پڑھتے وقت وہ کچھ خاص توجہ دیتے ہیں اور نہ ہی ان کے اچھے نمبرات آتے ہیں، اس لیے والدین اور اساتذہ ان مضامین کو لے کر فکرمند ہوجاتے ہیں اور بچوں کے لیے ان مضامین کو دل چسپ اور آسان بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اکثر بچوں کو ریاضی کا مضمون مشکل لگتا ہے لیکن اب ریاضی کی کتابیں رنگین ہوگئی ہیں اور ان میں کہانیوں کے ذریعے ریاضی کے تصورات سمجھائے جاتے ہیں۔ غرض نصاب تیار کرنے والوں کی طرف سے یہ کوششیں کی جارہی ہیں کہ مشکل مضامین کو آسان اور پرکشش بنایا جائے۔ والدین بھی اپنی طرف سے چند سادہ تدابیر اختیار کرسکتے ہیں۔

مضمون کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کریں۔ پورا سبق ایک ساتھ پڑھنے کے بجائے اسے تھوڑے تھوڑے حصوں میں سمجھیں، اس سے بوجھ کم محسوس ہوتا ہے۔

بچے کو سمجھا کر پڑھائیں، رٹنے پر مجبور نہ کریں۔ جب بچہ بات کو سمجھ لیتا ہے تو وہ خود بخود اسے یاد بھی کرلیتا ہے اور اس کے اندر دل چسپی بھی پیدا ہوتی ہے۔

مثالوں اور کہانیوں کا استعمال بھی بہت مفید ہوتا ہے۔ مشکل بات کو روزمرہ زندگی کی مثالوں سے جوڑ دیں تو وہ فوراً سمجھ میں آ جاتی ہے۔

بچے کو سوال پوچھنے کا موقع دیں۔ جب وہ سوال کرتا ہے تو اس کی دل چسپی بڑھتی ہے اور وہ سیکھنے کے عمل میں شامل ہو جاتا ہے۔

ویژول طریقہ تعلیم (visual learning) جیسے چارٹ، ڈائی گرام، رنگین نوٹس یا ویڈیو بھی مضمون کو آسان بنا دیتے ہیں، خاص طور پر ایسے بچوں کے لیے جو دیکھ کر زیادہ سیکھتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ مختصر وقفے (breaks) دینا بھی ضروری ہے۔ مسلسل پڑھائی سے ذہن تھک جاتا ہے، اس لیے تھوڑا آرام بچے کی توجہ کو دوبارہ تازہ کردیتا ہے۔

بچے کی تعریف اور حوصلہ افزائی کریں۔ وہ تھوڑی سی بھی پیش رفت کرے تو اسے سراہیں، اس سے اس کا اعتماد بڑھے گا اور وہ مشکل مضمون سے بھی نہیں گھبرائے گا۔

یہ بات ہمیشہ یاد رہے کہ ہر بچے کا سیکھنے کا انداز مختلف ہوتا ہے، اس لیے اس کے مطابق     طریقہ تعلیم اختیار کریں۔

ساتواں سوال: ہم نصابی سرگرمیوں میں بچوں کی دل چسپی کیوں اور کیسے دلائیں؟

ہم نصابی سرگرمیاں بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ سرگرمیاں بچوں کے اعتماد، تخلیقی صلاحیت، لیڈرشپ اور سوشل اسکل کو مضبوط بناتی ہیں۔

ایسی سرگرمیاں اس لیے ضروری ہیں کیوں کہ ان سے:

  • بچے کا اعتماد (confidence) بڑھتا ہے۔
  • چھپی ہوئی صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں۔
  • ٹیم ورک اور سوشل اسکل بہتر ہوتی ہیں۔
  • ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور بچہ خوش رہتا ہے۔
  • صرف کتاب سے ہی نہیں بلکہ عملی طور پر بھی سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
  • ان سرگرمیوں میں بچوں کو شامل کرنے کے لیے خوشی کے ماحول میں ان کی حوصلہ افزائی کریں۔
  • اس بات کو خاص طور پر دیکھیں کہ کس بچہ کو کس چیز کا شوق ہے اور پھر بچے کو اس کے ذوق اور صلاحیت کے مطابق سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ابھاریں۔

آٹھواں سوال: بچوں کو امتحانات کی تیاری کیسے کروائیں؟

امتحانات صرف بچوں ہی کے لیے نہیں بلکہ والدین کے لیے بھی ایک دباؤ لاتے ہیں۔ اکثر والدین چاہتے ہیں کہ بچہ اچھے نمبر لائے، لیکن تیاری کا غلط طریقہ بچے کو ذہنی تھکن، خوف اور بے دلی کا شکار بنا دیتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ امتحانات کی تیاری سمجھداری اور توازن کے ساتھ کرائی جائے۔

سب سے پہلے بچے کے لیے ایک منظم ٹائم ٹیبل بنائیں۔ تمام مضامین کو مناسب وقت دیں اور آخری دنوں کے لیے سب کچھ نہ چھوڑیں۔ تھوڑی تھوڑی روزانہ تیاری زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔

رٹوانے کے بجائے سمجھائیں۔ جب بچہ سبق کو سمجھ لیتا ہے تو اسے یاد رکھنا آسان ہو جاتا ہے اور امتحان کا خوف بھی کم ہوتا ہے۔

بچے کو مختصر وقفے (breaks) ضرور دیں۔ مسلسل کئی گھنٹے پڑھائی بچے کو تھکا دیتی ہے اور اس کی توجہ کم ہو جاتی ہے۔

مشکل مضامین پر زیادہ توجہ دیں لیکن آسان مضامین کو بھی نظر انداز نہ کریں۔ بچے کی کم زوریوں کو سمجھ کر اس کے مطابق تیاری کروائیں۔

گھر کا ماحول پرسکون اور مثبت رکھیں۔ امتحانات کے دوران مسلسل ڈانٹ یا دباؤ بچے کی کارکردگی خراب کر سکتا ہے۔

بچے کی نیند، خوراک اور صحت کا خاص خیال رکھیں۔ مناسب نیند اور اچھی غذا دماغ کو بہتر کام کرنے میں مدد دیتی ہے۔

والدین کو چاہیے کہ وہ صرف نمبر پر توجہ دینے کے بجائے بچے کی محنت اور کوشش کو سراہیں۔ اس سے بچے کا اعتماد بڑھتا ہے۔

اگر بچہ امتحان سے بہت ڈرتا ہو تو اسے یہ احساس دلائیں کہ امتحان زندگی کا صرف ایک حصہ ہے اور ایک مختصر سا دورانیہ ہے۔ امتحان کے دنوں میں بچوں کا بھرپور تعاون کریں۔ امتحانات کی  کام یاب تیاری زیادہ پڑھنے سے نہیں بلکہ صحیح منصوبہ بندی، ذہنی سکون اور والدین کی مثبت رہ نمائی سے ہوتی ہے۔

نواں سوال: اگر بچہ پڑھائی میں پیچھے رہ جائے تو والدین کیا کریں؟

بعض بچے کلاس کی رفتار کے ساتھ چلنے میں مشکل محسوس کرتے ہیں، خاص طور پر جب انھیں زبان سمجھنے، نوٹس بنانے یا سبق یاد رکھنے میں دشواری ہو۔ اگر اس مسئلے پر بروقت توجہ نہ دی جائے تو بچہ آہستہ آہستہ پڑھائی سے بددل بھی ہو سکتا ہے۔ ایسی صورت میںوالدین کو چاہیے کہ بچے کو اضافی مدد فراہم کریں۔ گھر میں اس کے ساتھ بیٹھ کر سبق دہرائیں یا ضرورت پڑنے پر ٹیوشن کا انتظام کریں۔

بچے کو اچھی تعلیمی عادتیں (study habits)سکھائیں، جیسے نوٹس کو منظم رکھنا، روزانہ تھوڑا تھوڑا دہرانا اور اہم نکات کو الگ نوٹ کرنا۔ یہ عادتیں بچے کی سیکھنے کی صلاحیت بہتر بناتی ہیں۔

اساتذہ کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ بچے کی کم زوریوں اور مشکلات کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے اور مل کر حل نکالا جا سکے۔

اگر بچہ کو زبان سمجھنے اور بولنے میں دقت آرہی ہو اور اسی وجہ سے پڑھائی مشکل معلوم ہورہی ہو تو بچوں کو اس زبان میں مہارت دلانے کے لیے گھر پر اس زبان کی مشق کروائیں، جیسے آسان کتابیں پڑھوانا، تعلیمی ویڈیو دکھانا یا روزمرہ گفتگو میں اس زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا۔

دسواں سوال: بچوں کو دوستی کرنا کیسے سکھائیں؟

دوستی کرنا ایک اہم سماجی مہارت ہے جو بچے کو صرف اسکول ہی نہیں بلکہ پوری زندگی میں مدد دیتی ہے۔ لیکن ہر بچہ خود سے یہ ہنر نہیں سیکھ پاتا، اس کے لیے والدین کی رہ نمائی ضروری ہوتی ہے۔ بسا اوقات نئے اسکول یا نئی کلاس میں جانا بچوں کے لیے مشکل ہو سکتا ہے۔ انھیں یہ فکر ہوتی ہے کہ وہ دوسروں کے ساتھ کیسے گھل مل سکیں گے۔ اس لیے بچوں کو دوستی کرنے اور دوستی نبھانے کے بارے میں بنیادی رہ نمائی فراہم کریں۔

بچے کو بات چیت شروع کرنا اور پہل کرنا سکھائیں۔ بچے کو اپنا تعارف کرانا سکھائیں۔ اسے سادہ جملے سکھائیں جیسے:’’کیا میں تمھارے ساتھ کھیل سکتا ہوں؟‘‘ یا’’تمھارا نام کیا ہے؟‘‘ اس سے بچے کو پہلا قدم اٹھانے میں آسانی ہوتی ہے۔

بچے کو شیئرنگ (sharing)کی عادت ڈالیں۔ اسے سمجھائیں کہ کھلونے، چیزیں اور وقت دوسروں کے ساتھ بانٹنا دوستی کو مضبوط بناتا ہے۔

احترام اور عزت دوستی نبھانے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ بچے کو سکھائیں کہ دوسروں کی بات سننا، ان کی پسند ناپسند کا خیال رکھنا اور نرم لہجے میں بات کرنا اچھی دوستی کی بنیاد ہے۔

والدین خود بھی اچھی دوستی کی مثال بنیں۔ اپنے بچوں کے ہم درد دوست بنیں اور بچوں کے سامنے اپنے دوستوں سے ملتے جلتے رہیں اور اپنے دوستوں سے تعلقات نبھاتے رہیں۔

بچے کو مسترد اور قبول کرنا بھی سکھائیں۔ ہر کوئی فوراً دوست نہیں بنتا، اس لیے اگر کوئی بچہ انکار کرے تو اسے دل پر نہ لینے کی تربیت دیں۔ ہر تعلق میں اختلاف بھی ہوتا ہے، چھوٹے بچوں میں کھیلتے کودتے نوک جھونک بھی خوب ہوتی ہے اس لیے بچوں کو سکھائیں کہ اگر وہ صحیح ہیں تو کس طرح اپنا موقف پیش کرسکتے ہیں اور کیسے انھیں عزت و احترام کے ساتھ اپنے دوستوں کی باتوں کو بھی قبول کرنا چاہیے خواہ نھیں ناگوار گزرے۔

گروپ میں ہونے والی سرگرمیوں میں بچوں کو شامل کریں جیسے مختلف اجتماعی کھیل، کھیل یا ہنر سیکھنے کی کلاس یا فیملی گیدرنگ، تاکہ بچے کو دوسروں سے ملنے اور دوستی کرنے کے مواقع ملیں۔

اگر کبھی بچوں کے درمیان جھگڑا ہوجائے تو فوراً مداخلت کے بجائے انھیں خود ہی بات چیت سے مسئلہ حل کرنا سکھائیں۔

بچے کو اچھے اور برے تعلقات میں فرق سمجھائیں۔ جس طرح بچوں کو یہ بتایا جاتا ہے کہ کون سی عادت اچھی ہے اور کون سی گندی ہے، اسی طرح بچوں کے لیے یہ سمجھنا بھی آسان کریں کہ کس طرح کا دوست اچھا ہوتا ہے اور کس طرح کا دوست مناسب نہیں ہوتا ہے۔

گیارہواں سوال:  اگر بچہ صحبت کے زیر اثر (peer pressure)کی وجہ سے نقصان دہ عادات کی طرف مائل ہو رہا ہو تو والدین کیا کریں؟

مڈل اسکول اور ٹین ایج کے دوران بچے دوستوں کے اثر میں جلد آ جاتے ہیں۔ بعض اوقات دوستوں کے دباؤ میں آکر وہ سگریٹ، جھوٹ، بدزبانی، بری صحبت یا دیگر نقصان دہ عادات کی طرف مائل ہو سکتے ہیں۔ اگر والدین بروقت توجہ نہ دیں تو یہ عادتیں بچے کی شخصیت، تعلیم اور مستقبل پر منفی اثر ڈال سکتی ہیں۔

ایسی صورت میں سب سے ضروری چیز بچوں سے مسلسل اور کھلی گفتگو کرنا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کے ساتھ صحیح اور غلط کے بارے میں محبت اور اعتماد کے ساتھ بات کریں تاکہ بچہ اپنی الجھنیں چھپانے کے بجائے شیئر کر سکے۔

گھر میں واضح اصول اور حدود مقرر کریں۔ بچے کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سے رویے ناقابل قبول ہیں اور ان کے کیا نتائج ہو سکتے ہیں۔

والدین کو بچے کی زندگی، دوستوں اور روزمرہ ماحول میں دل چسپی لینی چاہیے۔ یہ نگرانی شک کی بنیاد پر نہیں بلکہ رہ نمائی اور حفاظت کے لیے ہونی چاہیے۔

اس کے ساتھ ساتھ بچوں کو مثبت اور اچھے دوستوں کی طرف راغب کریں، کیوں کہ اچھی صحبت بچے کی سوچ، عادات اور فیصلوں پر مثبت اثر ڈالتی ہے۔

بارہواں سوال: اساتذہ اور بچوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کیسے کریں؟

اساتذہ اور بچوں کے درمیان مضبوط تعلق نہ صرف تعلیم کو بہتر بناتا ہے بلکہ بچے کی شخصیت، اعتماد اور سیکھنے کے شوق پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے۔ اس تعلق کو گہرا کرنے میں والدین، اساتذہ اور بچوں۔۔۔ تینوں کا اپنا اپنا کردار ہوتا ہے۔

سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ بچوں کو ہمیشہ استاذ کا احترام سکھائیں۔ انھیں یہ بتائیں کہ استاذ ان کی رہ نمائی کے لیے ہوتے ہیں، اس لیے ان کا ادب لازمی ہے۔

انھیں اپنے اساتذہ کی بطور مزاح نقل کرنے، مذاق اڑانے، برے القاب سے یاد کرنے اور اساتذہ کی غیبت کرنے سے روکا جائے۔ یہ ساری بظاہر چھوٹی لیکن نتائج کے لحاظ سے بہت خراب باتیں ہیں جو طلبہ و طالبات کھلے طور پر مزے کے لیے کر لیتے ہیں، ان کے پاس واضح رہ نمائی ہی نہیں ہوتی کہ استاذ کا مقام کیا ہے۔ والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اسکول کے بالکل شروع دور سے ہی بچوں کو ان تمام بری عادات سے روک کر استاذ کا لحاظ و احترام سکھاتے رہیں۔

بچوں میں کھل کر بات کرنے کی عادت ڈالیں۔ اگر وہ استاذ سے ڈر کر سوال نہیں پوچھ پاتے تو وہ سیکھ نہیں پائیں گے۔ انھیں حوصلہ دیں کہ وہ اپنی مشکل یا الجھن استاذ کے سامنے بیان کریں اور سکھائیں کہ کس طرح بیان کریں۔

والدین کو چاہیے کہ وہ اساتذہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ باقاعدگی سے میٹنگوں میں شرکت کریں اور بچے کی کارکردگی اور رویے کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ بہت سے امور اور مسائل ایسے ہوتے ہیں جو والدین اور اساتذہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں جس سے بچوں میں خوشی اور اعتماد بڑھتا ہے اور وہ اپنے اساتذہ سے قریب ہوتے اور ان سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔

اگر کبھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو والدین فوراً ردِعمل دینے کے بجائے مثبت انداز میں بات کریں۔ الزام تراشی کے بجائے مسئلے کا حل تلاش کریں۔

بچے کی تعریف استاذ کے سامنے اور استاذ کی تعریف بچے کے سامنے کیا کریں۔ اس سے دونوں کے درمیان اعتماد اور مثبت تعلق پیدا ہوتا ہے۔

یاد رکھنا چاہیے کہ جب استاذ اور والدین ایک ٹیم کی طرح کام کرتے ہیں تو بچہ زیادہ بہتر سیکھتا ہے، خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے اور اس کی شخصیت متوازن انداز میں پروان چڑھتی ہے۔

تیرہواں سوال: اگر بچے کو استاذ کا رویہ یا پڑھانے کا انداز پسند نہ آئے تو والدین کیا کریں؟

کبھی کبھی بچوں اور اساتذہ کے درمیان مزاج، رویے یا پڑھانے کے انداز کی وجہ سے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ بعض بچے استاذ سے خوف زدہ ہو جاتے ہیں یا ان کے کلاس میں دل چسپی لینا چھوڑ دیتے ہیں، جس کا اثر ان کی تعلیم اور اعتماد دونوں پر پڑ سکتا ہے۔

ایسی صورت میں سب سے پہلے بچے کو یہ سکھائیں کہ وہ ہر حال میں ادب اور احترام کے ساتھ بات کرے۔ اختلاف ہونے کے باوجود بدتمیزی یا ضد مسئلے کو مزید بڑھاسکتی ہے۔

اگر مسئلہ مسلسل جاری رہے تو والدین کو چاہیے کہ وہ جلدی اور مثبت انداز میں استاذ سے بات کریں۔

اکثر اوقات کھل کر گفتگو کرنے سے غلط فہمیاں دور ہوجاتی ہیں اور بہتر حل نکل آتا ہے۔

اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہو اور بچے کی تعلیم یا ذہنی سکون متاثر ہو رہا ہو تو اضافی تعلیمی مدد، کونسلنگ یا ضرورت پڑنے پر کلاس تبدیل کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

چودہواں سوال: اگر کلاس میں بہت زیادہ طلبہ ہوں اور بچے کو انفرادی توجہ نہ مل رہی ہو تو کیا کریں؟

بہت سے اسکولوں میں کلاسیں زیادہ بچوں کی وجہ سے اژدحام کا شکار رہتی ہیں۔ ایسی صورت میں ہر بچے کو الگ سے توجہ دینا اساتذہ کے لیے مشکل ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے کچھ بچے پڑھائی میں پیچھے رہ جاتے ہیں یا اپنی مشکلات بیان نہیں کر پاتے۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے والدین کو چاہیے کہ وہ باقاعدگی سے اساتذہ سے رابطے میں رہیں اور بچے کی کارکردگی، رویے اور کم زوریوں کے بارے میں معلومات لیتے رہیں۔

بچے کو کلاس میں سوال پوچھنے، جواب دینے اور سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ خود کو الگ تھلگ محسوس نہ کرے۔

اگر محسوس ہو کہ بچے کو مزید مدد کی ضرورت ہے تو اضافی وسائل جیسے ٹیوشن، اسٹڈی گروپس یا after-school programs سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے تاکہ بچے کی سیکھنے کی رفتار بہتر ہو سکے۔

پندرہواں سوال: بچوں کو اسکول میں کن نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے؟

اسکول بچوں کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جہاں وہ صرف تعلیم ہی نہیں بلکہ مختلف ذہنی، جذباتی اور سماجی تجربات سے بھی گزرتے ہیں۔ بعض اوقات یہی تجربات بچوں میں نفسیاتی مسائل پیدا کر دیتے ہیں۔ اگر والدین اور اساتذہ بروقت ان مسائل کو سمجھ لیں تو بچے کو سنبھالنا آسان ہو جاتا ہے۔

احساسِ کمتری (inferiority complex)

بعض بچے اپنے دوستوں کے نمبر، کپڑے، ذہانت یا مقبولیت دیکھ کر خود کو کم تر سمجھنے لگتے ہیں۔ مسلسل موازنہ ان کی شخصیت کو چوٹ پہنچاتا ہے۔

تدارک:بچے کا دوسروں سے موازنہ ہرگز نہ کریں۔ غور کریں، کیا وہ خود کا کسی سے موازنہ کرتا ہے یا خود کوکسی سے کم تر سمجھتا ہے تو اس کی خوبیوں اور صلاحیتوں کو سراہنے کے مواقع پیدا کریں اور اس کے اندر پوشیدہ مہارتیں اور صلاحیتیں ابھاریں۔

بچوں میں یہ احساس ضرور جگائیں کہ ہر انسان منفرد ہوتا ہے اور انفرادیت پہچان اور حسن ہے۔

 خوف (fear and anxiety)

کچھ بچے استاذ کے ڈر، امتحانات، سزا یا دوستوں کے رویے کی وجہ سے خوف کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بعض بچوں کو اسکول جانے سے بھی گھبراہٹ ہوتی ہے۔

تدارک:بچے کے خوف کو نظر انداز نہ کریں، نہ ہی اس کا مذاق بنائیں اور یہ بھی نہ سمجھیں کہ بچہ ڈر گیا ہے تو اب خاموش رہے گا اور تنگ نہیں کرے گا۔ بچہ کیوں خوف زدہ ہے، اس کی وجہ جانیں۔ کیا وہ کسی انسان سے ڈر رہا ہے، اور پھر کیوں ڈر رہا ہے، کیا وہ اندھیرے یا بھوت جیسی قیاس آرائیوں سے ڈرتا ہے، ایسا ہے تو اس کی کیا وجہ ہے، کیا کسی حادثہ نے کوئی خوف دلایا ہے، بہرحال والدین کی ذمہ داری بنتی ہے کہ خوف کی وجہ معلوم کریں اور مسئلہ کو حل کریں۔

 خود اعتمادی کی کمی (low self-confidence)

بار بار ڈانٹ، ناکامی یا دوسروں سے موازنہ بچے کے اعتماد کو کم کر دیتا ہے۔ ایسے بچے کلاس میں سوال پوچھنے یا حصہ لینے سے بھی گھبراتے ہیں۔

تدارک: خوداعتمادی شخصیت سازی کے لیے بہت ضروری ہے۔  اگر والدین کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کے کسی بچے میں خوداعتمادی کی کمی ہے تو گھبرائیں نہیں، نہ خود پریشان ہوں نہ بچوں پر پریشر بنائیں۔ بچوں کے ساتھ دوستی کریں اور انھیں ڈھیر سا پیار اور توجہ دیں۔ معلوم کریں کہ بچوں میں خوداعتمادی کی کمی کی وجہ کیا ہے؟ وہ خود پر کیوں بھروسا نہیں کرتے یا خود کو دوسروں سے کم تر کیوں سمجھتے ہیں؟ کیا کسی جسمانی نقص کی وجہ سے؟ کیا پڑھائی میں پیچھے رہنے یا کم نمبر لانے کی وجہ سے؟ کیا دوسروں کو باصلاحیت دیکھ کر اپنے بارے میں شرمندگی ہوتی ہے؟ کسی مقابلے میں ہارنے کی وجہ سے؟ خوداعتمادی کی کمی کی کوئی بھی وجہ ہوسکتی ہے اور اسے حل کرنے کے لیے ایک بہترین قدم بچوں سے دوستی ہے۔

تنہائی اور سماجی اضطراب

کچھ بچے دوست نہ بنا پانے یا شرمیلے مزاج کی وجہ سے الگ تھلگ رہنے لگتے ہیں۔

تدارک:ان بچوں کو دوسروں سے میل جول بنانے کے لیے انھیں مختلف سرگرمیوں میں شامل کریں جیسے اسپورٹ کلب اور مقابلوں میں شرکت۔ سماجی مہارتیں سمجھنے میں اور سیکھنے میں بھی ان کی مدد کریں۔ اور ان بچوں پر کبھی بھی زبردستی نہ کریں، ان کی رہ نمائی کرتے رہیں اور انھیں وقت دیں۔

پڑھائی کا دباؤ اور ذہنی تناؤ

زیادہ ہوم ورک، امتحانات اور اچھے نمبروں کی توقع بچوں کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کرسکتی ہے۔

تدارک: بچوں کو شروع سے ہی زیادہ نمبرات لانے کا دباؤ نہ بنائیں، اچھے نمبرات پر     حوصلہ افزائی ضرور کریں لیکن کم نمبر لانے پر بچوں سے خفگی مت جتائیں۔ تعلیم کے معاملے میں انھیں اس بات کی تربیت دی جائے کہ سیکھنے پر زیادہ توجہ دیں اور جو کچھ بھی وہ پڑھ رہے ہیں اس پر عمل کریں اور اس میں مہارت حاصل کریں۔

وہ بچے جو پڑھائی کا دباؤ محسوس کرتے ہیں ان کے لیے کھیل کھیل میں پڑھائی کرانے کا اور مختلف دل چسپ سرگرمیوں کا اہتمام کریں۔

کام یابی کا دباؤ: طلبہ کو درپیش عام اسکولی مسئلہ

بچپن ہی سے بچوں کو تعلیمی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اچھے نمبر لانے، ہر میدان میں نمایاں ہونے اور سب سے آگے نکلنے کی توقعات اب صرف ہائی اسکول یا کالج کے طلبہ تک محدود نہیں رہیں۔ ابتدائی اور مڈل اسکول کے بچے بھی اس دباؤ کو محسوس کرنے لگے ہیں، خاص طور پر جب کم عمری ہی سے انھیں کالج کے داخلہ امتحانات اور سخت مقابلے کے بارے میں سننے کو ملتا ہے۔

تدارک: توقعات کو متوازن رکھیں: اپنے بچے سے اس بات پر گفتگو کریں کہ اصل اہمیت محنت اور کوشش کی ہے، نہ کہ ہر بار امتیازی نمبرات حاصل کرنے کی۔ انھیں سمجھائیں کہ ان کی قدر صرف نمبروں سے وابستہ نہیں۔

پیش رفت اور پیش قدمی والی سوچ (growth mindset) کی حوصلہ افزائی کریں: بچوں کو سمجھائیں کہ غلطیاں سیکھنے اور بہتر بننے کے عمل کا ایک فطری حصہ ہیں۔

بیرونی دباؤ کو کم کریں: بعض اوقات دباؤ صرف اسکول کی طرف سے نہیں بلکہ والدین کی توقعات کی وجہ سے بھی بڑھ جاتا ہے۔ اپنے بچے کے ساتھ حقیقت پسندانہ اہداف پر بات کریں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ ان پر بہت زیادہ ہم نصابی سرگرمیوں یا تعلیمی ذمہ داریوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔

 hyperactivity اور توجہ کی کمی

کچھ بچوں کو ایک جگہ بیٹھنے یا توجہ برقرار رکھنے میں مشکل ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ بار بار ڈانٹ کھاتے ہیں۔

تدارک:بچے کے اس طرح کے رویے کو صرف’’شرارت‘‘نہ سمجھیں۔ hyperactive بچے کو ٹریننگ دینے کے طریقے سیکھیں اور بچوں کے ڈاکٹر اور ضرورت ہو تو ماہرِ نفسیات سے مشورہ کیا کریں۔

 احساسِ تنقید اور مسترد ہونے کا احساس

اگر بچے کو بار بار ڈانٹا جائے یا اس کی بات کو اہمیت نہ دی جائے تو وہ خود کو غیر اہم محسوس کرنے لگتا ہے۔

تدارک:والدین جس زاویے سے چیزوں کو دیکھتے ہیں، بچوں کی آنکھیں اس قابل نہیں ہوتیں کہ وہ اس معیار پر ان چیزوں کو سمجھ سکیں، لہٰذا اپنے بچوں پر برے طریقے سے تنقید کرنے، انھیں جھڑکی دینے اور بار بار ڈانٹ ڈپٹ کرنے سے پرہیز کریں۔

بچے کی بات غور سے سنیں، اس کے جذبات کو اہمیت دیں، اس کی بات کو درمیان سے کاٹ کر اپنی بات نہ گھسائیں۔ عزت و احترام کے ساتھ اپنے بچوں کی اصلاح و تربیت کریں۔

گھر کی یاد آنا: جذباتی مسئلہ

چھوٹے بچوں کے لیے اسکول کا پہلا دن بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ وہ جدائی کا اضطراب (separation anxiety)یا گھرکی شدید یاد (home sickness)محسوس کرتے ہیں۔

تدارک:یہ احساس بہت ہی عام ہے، اس بات کو والدین بھی سمجھیں اور اپنے بچوں کو بھی سمجھائیں۔ بچوں کو گھر سے باہر اسکول میں رہنے کے لیے داخلہ سے پہلے ان کی ذہن سازی کریں اور انھیں سماجی مہارتیں جیسے بڑوں کی بات ماننا، بڑوں کا احترام کرنا، دوستی کرنا، اپنی چیزیں شیئر کرنا بھی سکھائیں۔ بچوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے کام کرنا بھی سکھائیں جیسے بوتل سے پانی پینا، اپنے ہاتھ سے کھانا کھانا، کپڑے صاف رکھنا، چیزوں کی حفاظت کرنا، بیت الخلا جانا وغیرہ۔ بچوں کو اسکول میں داخل کرانے سے پہلے بچوں کو اپنے ساتھ اسکول دکھانے لے جائیں اور انھیں اسکول سے مانوس کرنے کی کوشش کریں۔

اگر والدین کو لگتا ہے کہ بچہ بہت دنوں تک اسکول میں گھل مل نہیں پارہا ہے تو اسکول کا دورہ کریں اور اساتذہ سے ملاقات کریں۔

بچوں کے نفسیاتی مسائل اکثر خاموشی سے بڑھتے ہیں۔ ہر ضد، خاموشی یا غصہ صرف بدتمیزی نہیں ہوتا بلکہ کبھی یہ بچے کے اندر کی پریشانی کی آواز بھی ہو سکتی ہے۔ اگر والدین اور اساتذہ محبت، توجہ اور سمجھداری کے ساتھ بچوں کو سنبھالیں تو بچے ذہنی طور پر مضبوط، پُراعتماد اور خوش مزاج بن سکتے ہیں۔

سولہواں سوال: بُلنگ (bullying) کے سلسلے میں بچوں کی کونسلنگ کیسے کریں؟

بُلنگ ایک ایسا رویہ ہے جس میں ایک بچہ دوسرے بچے کو بار بار تنگ کرتا ہے، مذاق اڑاتا ہے، دھمکاتا ہے، مارتا ہے یا اس کی اہانت کرتا ہے۔ یہ جسمانی، زبانی یا جذباتی ہوسکتی ہے، آج کل آن لائن cyber bullying عام ہے۔ اگر بروقت اس مسئلے پر توجہ نہ دی جائے تو یہ بچے کی ذہنی صحت، اعتماد اور شخصیت پر گہرا اثر ڈال سکتی ہے۔

بچوں کو بُلنگ کے بارے میں کیا سکھائیں؟

  1. اچھے اور برے رویے کا فرق سمجھائیں۔ بچے کو بتائیں کہ مذاق، دھمکی، بار بار چھیڑنا یا کسی کو رُلانا غلط رویہ ہے۔ دوسروں کو تکلیف دینا بہادری نہیں بلکہ اخلاقی خرابی ہے۔
  2. اپنے جذبات بیان کرنا سکھائیں۔ بچے کو یہ اعتماد دیں کہ اگر کوئی اسے تنگ کرے تو وہ خاموش نہ رہے بلکہ والدین، استاذ یا کسی بڑے کو بتائے۔
  3.  ’’نہیں‘‘ کہنا سکھائیں۔ بچے کو مؤدبانہ مگر مضبوط انداز میں’’یہ غلط ہے‘‘یا’’مجھے یہ پسند نہیں‘‘کہنا سکھائیں۔

اگر بچہ بُلنگ کا شکار ہو تو کیا کریں؟

بچے کی بات سنیں۔ اس کی بات کو نظر انداز نہ کریں اور نہ یہ کہیں کہ ’’یہ تو معمولی بات ہے‘‘۔ بچے کو احساس دلائیں کہ آپ اس کے ساتھ ہیں۔

  1.  اعتماد بڑھائیں۔ بچے کی حوصلہ افزائی کریں اور اسے احساس دلائیں کہ وہ کم زور نہیں ہے۔
  2.  اسکول سے رابطہ کریں۔ اساتذہ اور انتظامیہ کو مسئلہ بتائیں تاکہ بروقت کارروائی ہوسکے۔
  3.  بچے کو تنہا نہ چھوڑیں۔ اسے اچھے دوست بنانے اور گروپ میں رہنے کی ترغیب دیں۔

اگر آپ کا بچہ دوسرے بچوں کو ستاتا ہو تو کیا کریں؟

بعض اوقات بچہ خود بُلنگ کرنے لگتا ہے۔ اس صورت میں صرف ڈانٹنا کافی نہیں بلکہ وجہ سمجھنا ضروری ہے۔

  1. بچے کو ہمدردی سکھائیں۔ اسے سمجھائیں کہ دوسروں کو تکلیف دینے سے ان کے دل پر کیا اثر پڑتا ہے۔
  2.  سختی کرنے کے بجائے بہتر ذہن سازی کریں۔ صرف سزا دینے کے بجائے بچے سے بات کریں کہ وہ ایسا کیوں کرتا ہے۔
  3.  گھر کے ماحول کا جائزہ لیں۔ بعض بچے گھر میں غصہ، سختی یا مسلسل تنقید دیکھ کر وہی رویہ باہر اپنانے لگتے ہیں۔
  4.  مثبت رویے کی تعریف کریں۔ جب بچہ نرمی، تعاون یا اچھا رویہ دکھائے تو اس کی تعریف کریں۔

بُلنگ صرف’’بچوں کی لڑائی‘‘نہیں بلکہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے۔ بچوں کو یہ سکھانا ضروری ہے کہ نہ کسی کو تکلیف دیں اور نہ خاموشی سے خود تکلیف برداشت کریں۔ محبت، اعتماد اور صحیح تربیت کے ذریعے ہم بچوں کو ایک محفوظ، پُراعتماد اور ہم درد انسان بنا سکتے ہیں۔

سترہواں سوال: بچوں کو وقت کا صحیح استعمال اور پڑھائی، کھیل و دیگر سرگرمیوں میں توازن کیسے سکھائیں؟

آج کل بچوں کی زندگی میں اسکول، ہوم ورک، امتحانات، ہم نصابی سرگرمیاں اور ذاتی مصروفیات سب ایک ساتھ شامل ہوتی ہیں۔ ان تمام چیزوں کو متوازن طریقے سے انجام دینا بچوں کے لیے مشکل ہو سکتا ہے، جس کی وجہ سے وہ تھکن، دباؤ یا پریشانی کے شکار ہوجاتے ہیں۔

اس مسئلے کے حل کے لیے والدین کو چاہیے کہ بچوں کے لیے ایک منظم شیڈول بنائیں، جس میں پڑھائی، کھیل کود، آرام، کھانے اور سونے کے اوقات واضح ہوں۔ باقاعدہ روٹین بچوں میں نظم و ضبط پیدا کرتا ہے۔

بچوں کو ترجیحات طے کرنا سکھائیں، یعنی اہم کام پہلے مکمل کرنا ہے اور غیر ضروری چیزوں کو بعد میں رکھنا ہے۔ یہ عادت مستقبل میں بھی ان کے بہت کام آتی ہے۔

مطالعے کے وقت موبائل، ٹی وی یا دیگر توجہ بھٹکانے والی چیزوں کو کم کریں اور بچے کے لیے پرسکون ماحول فراہم کریں تاکہ وہ بہتر توجہ کے ساتھ پڑھ سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ شیڈول کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیتے رہیں اور بچے کی ضرورت، عمر اور مصروفیات کے مطابق اس میں تبدیلی کرتے رہیں تاکہ بچہ خود کو بوجھ تلے دبا ہوا محسوس نہ کرے۔

انیسواں سوال: بچوں کو جنسی تعلیم کیسے دیں؟

بچوں کو جنسی تعلیم دینا آج کے دور کی ایک اہم ضرورت ہے، لیکن اس کا مطلب صرف جسمانی معلومات دینا نہیں بلکہ بچوں کو ان کے جسم، حدود (boundaries)، حفاظت، احترام اور ذمہ داری کے بارے میں عمر کے مطابق صحیح رہ نمائی دینا ہے۔ والدین کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر بچے کو صحیح معلومات گھر سے نہیں ملیں گی تو وہ غلط ذرائع سے معلومات حاصل کر سکتا ہے۔ اس لیے اس موضوع پر شرمندگی یا خوف کے بجائے حکمت اور سادگی کے ساتھ بات کرنا ضروری ہے۔

عمر کے مطابق رہ نمائی دیں: کمسن بچوں میں اس بات کا احساس جگائیں کہ ان کا جسم ان کی اپنی امانت ہے۔ کچھ معلومات good touch اور bad touch کے بارے میں دیں۔ نو عمر بچوں کو جسمانی تبدیلیوں (puberty) کے بارے میں آگاہ کریں اور ان کی جذبات، حدود اور احترام کے بارے میں تربیت کریں۔

محفوظ ماحول بنائیں: بچے کو یہ احساس دیں کہ وہ کوئی بھی سوال آپ سے پوچھ سکتا ہے۔ اگر والدین غصہ یا شرمندگی دکھائیں گے تو بچہ سوال چھپانا شروع کر دے گا۔ اور اسے یہ بھی احساس تحفظ دیا جائے کہ اس کے ساتھ کچھ بھی ہوتو وہ فوراً بنا کسی خوف کے آپ سے رجوع کرے۔

اخلاق اور اقدار سکھائیں: جنسی تعلیم کا مطلب صرف معلومات دینا یا آگاہ کرنا ہی نہیں ہے بلکہ اخلاق، ذمہ داری، شرم و حیا، احترام اور حفاظت کی تعلیم و تربیت بھی ہے۔ بچوں کو ابتدا سے ہی ہر رشتہ کے احترام اور حدود سکھاتے رہیں۔

ڈر کے بجائے اعتماد دیں: جنسی تعلیم دینے کا مطلب بچوں کو خوف زدہ کرنا نہیں ہے بلکہ انھیں اپنی حفاظت کرنا سکھانا ہے۔ بچوں کی حفاظت کے لیے والدین ہمیشہ ساتھ میں نہیں رہ سکتے، اس لیے بچوں کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ سمجھ سکیں کہ ان کے ساتھ کیا کچھ غلط ہورہا ہے اور ان کاموں میں شمولیت سے وہ بچ جائیں اور اپنے ساتھ ہونے والی غلط حرکت کو روک سکیں، وہاں سے ہٹ جائیں، بھاگ جائیں اور گھر آکر اپنے والدین کو ضرور بتائیں۔

ڈیجیٹل حفاظت بھی سکھائیں: آج کے دور میں بچوں کو آن لائن سیفٹی، غیرمناسب مواد اور اجنبی لوگوں سے محتاط رہنے کی تربیت دینا بھی ضروری ہے۔ بچوں کو جنسی تعلیم دینے کا مقصد بے حیائی سے مانوس کرنا نہیں بلکہ بچوں کو باشعور بنانا اور انھیں اپنی حفاظت کے قابل بنانا ہے۔

آخری بات

یہ بچوں کی اسکول کی زندگی کے حوالے سے کچھ اہم اور بنیادی امور تھے، جن کو سوال و جواب کی شکل میں یہاں پیش کیا گیا۔

اس تحریر کا مقصد والدین کو بچوں کے سلسلے میں شروع سے ہی فکرمند بنانا اور بچوں کی فکری، ذہنی اور عملی نشوونما کے لیے حساس اور ذمہ دار بنانا ہے۔ موجودہ وقت میں جب کہ ایک طرف بدی کا طوفان کھڑا ہے اور دوسری طرف مادیت کا دور دورہ ہے، ایسے میں بچوں کے مستقبل اور ان کے دین کی حفاظت کے سلسلے میں والدین کی فکرمندی اور ان کا ذمہ دارانہ رویہ ایک صالح، مضبوط اور کارآمد نئی نسل کو جنم دینے کے لیے از حد ضروری ہے۔  ◼

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

اسکول کی زندگی اور والدین کا رول

حالیہ شمارے

جولائی 2026

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 500 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223