امریکہ ایران جنگ

طاقت، معیشت اور عالمی سیاست کی نئی حرکیات

انسانی تاریخ میں جنگ ہمیشہ سے طاقت کے اظہار کا ایک ذریعہ رہی ہے، مگر جنگ کی نوعیت ہمیشہ ایک جیسی نہیں رہی۔ قدیم زمانے میں جنگ کا تصور بہت سادہ تھا۔ فوجیں آمنے سامنے آتی تھیں، میدانِ جنگ میں تلواریں اور نیزے ٹکراتے تھے اور نتیجہ طاقت کے براہِ راست تصادم سے طے ہوتا تھا۔ اس زمانے میں جنگ کا مرکز میدانِ جنگ ہی ہوتا تھا اور فتح یا شکست کا فیصلہ بھی وہیں ہوجاتا تھا۔

وقت کے ساتھ ساتھ جنگ کی صورت بدلتی گئی۔ بارود کی ایجاد نے جنگ کو نئی شکل دی۔ توپ اور بندوق نے فاصلے کو اہم بنا دیا۔ پھر صنعتی دور آیا تو جنگ صرف فوجوں کے درمیان نہیں رہی بلکہ پوری قوموں کے درمیان ہونے لگی۔ معیشت، صنعت اور وسائل جنگ کا حصہ بن گئے۔ پہلی اور دوسری عالمی جنگ نے یہ واضح کر دیا کہ جنگ صرف سپاہیوں کی نہیں بلکہ پوری معاشرتی اور اقتصادی قوتوں کی آزمائش ہوتی ہے۔

جدید دور میں جنگ کی نوعیت اس سے بھی زیادہ پیچیدہ ہو چکی ہے۔ اب جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں لڑی جاتی۔ اس کے کئی میدان ہیں۔ ایک میدان فوجی طاقت کا ہے، دوسرا معلومات اور بیانیے کا، اور تیسرا معیشت کا۔ آج کسی ملک کو کمزور کرنے کے لیے صرف فوجی حملہ ضروری نہیں رہ گیا۔ اقتصادی پابندیاں، مالیاتی دباؤ، تجارت کی بندش اور اطلاعاتی مہمات بھی جنگ کے اہم ہتھیار بن چکے ہیں۔

اسی لیے آج کی جنگ کو کثیر سطحی جنگ (multi-dimensional war)کہا جاتا ہے۔ ایک طرف میزائل اور ڈرون استعمال ہوتے ہیں، تو دوسری طرف عالمی مالیاتی نظام، میڈیا اور سفارت کاری بھی اس جنگ کا حصہ بن جاتے ہیں۔ کسی ملک کی کرنسی کو دباؤ میں لانا، اس کی تجارت کو محدود کرنا یا عالمی رائے عامہ کو اس کے خلاف ہموار کرنا بھی اسی جنگ کی مختلف صورتیں ہیں۔

اس بدلتی ہوئی صورتِ حال میں جنگ کا مقصد بھی پہلے سے مختلف ہو گیا ہے۔ پہلے جنگ کا مقصد دشمن کو میدان میں شکست دینا ہوتا تھا۔ اب مقصد اکثر یہ ہوتا ہے کہ دشمن کو طویل مدت تک کمزور رکھا جائے، اس کی معیشت اور سیاست کو دباؤ میں رکھا جائے اور اسے عالمی نظام میں محدود کر دیا جائے۔

اسی تناظر میں آج کے عالمی تنازعات کو سمجھنا ضروری ہے۔ جب ہم کسی جنگ کو دیکھتے ہیں تو ہمیں صرف فوجی محاذ نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اس کے پیچھے موجود اقتصادی، سیاسی اور اطلاعاتی پہلوؤں کو بھی سمجھنا چاہیے۔ جدید دنیا میں جنگ ایک پیچیدہ نظام بن چکی ہے جس میں طاقت صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ معیشت، علم اور حکمتِ عملی سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔

یہی وہ پس منظر ہے جس میں آج کی بڑی جنگوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ جدید دور میں جنگ کا اصل میدان صرف زمین نہیں بلکہ پورا عالمی نظام بن چکا ہے۔

جنگ صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتی جاتی — ارادے کی طاقت

جنگ کو عموماً ہتھیاروں، فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کے پیمانے سے سمجھا جاتا ہے۔ جدید دنیا میں تو یہ تصور اور بھی مضبوط ہو گیا ہے کہ جس کے پاس زیادہ جدید میزائل، ڈرون، سیٹلائٹ اور ایٹمی صلاحیت ہو گی، وہی جنگ جیتے گا۔ مگر تاریخ کا مطالعہ ہمیں ایک مختلف حقیقت بتاتا ہے۔ جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں جیتی جاتیں، بلکہ اصل فیصلہ کن عنصر انسانی ارادہ ہوتا ہے۔

انسانی تاریخ میں بے شمار مثالیں موجود ہیں جہاں کمزور سمجھی جانے والی قوتوں نے طاقتور سلطنتوں کو شکست دی۔ اس کی وجہ یہ نہیں تھی کہ ان کے پاس بہتر ہتھیار تھے، بلکہ اس لیے کہ ان کے اندر جینے یا مرنے کا ارادہ زیادہ مضبوط تھا۔ جب کسی قوم کے لیے جنگ محض ایک سیاسی مسئلہ نہ رہے بلکہ اس کی بقا اور شناخت کا سوال بن جائے تو اس قوم کے اندر ایک ایسی طاقت پیدا ہوتی ہے جو صرف فوجی طاقت سے نہیں ناپی جا سکتی۔

ایران کی موجودہ صورتحال کو اسی تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کے پاس دنیا کی سب سے جدید فوجی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ ان کے پاس جدید جنگی طیارے، عالمی انٹیلی جنس نیٹ ورک، سیٹلائٹ نگرانی اور بے مثال مالی وسائل ہیں۔ اس کے مقابلے میں ایران کی فوجی طاقت بظاہر محدود دکھائی دیتی ہے۔ لیکن ایران کی جنگ محض طاقت کے توازن کی جنگ نہیں ہے؛ یہ بقا کی جنگ ہے۔

جب کسی ریاست کو یہ احساس ہو جائے کہ اگر وہ پیچھے ہٹی تو اس کی خودمختاری، اس کا سیاسی نظام اور اس کی قومی شناخت خطرے میں پڑ جائے گی، تو اس کے فیصلوں کی نوعیت بدل جاتی ہے۔ ایسی حالت میں جنگ صرف فوجی میدان میں نہیں لڑی جاتی بلکہ پورا معاشرہ ایک نفسیاتی اور نظریاتی حالت میں داخل ہو جاتا ہے جسے قومی ارادہ کہا جا سکتا ہے۔

یہی وہ عنصر ہے جسے اکثر بڑی طاقتیں نظر انداز کر دیتی ہیں۔ جدید عسکری منصوبہ بندی میں ٹیکنالوجی، معاشی وسائل اور فوجی برتری کا حساب لگایا جاتا ہے، مگر کسی قوم کے اجتماعی ارادے کو پیمائش کے کسی فارمولے میں قید کرنا آسان نہیں ہوتا۔ تاریخ بتاتی ہے کہ یہی وہ عنصر ہے جو بظاہر طاقت کے تمام حسابات کو بدل دیتا ہے۔

اس لیے ایران اور اس کے مخالفین کے درمیان جاری کشمکش کو صرف میزائلوں اور حملوں کے زاویے سے دیکھنا ادھورا تجزیہ ہو گا۔ اصل سوال یہ ہے کہ اس جنگ میں کس کے پاس زیادہ مضبوط ارادہ ہے اور کون اس طویل کشمکش کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں جیتی جاتی۔ جنگ دراصل انسان کے ذہن، ارادے اور صبر میں جیتی جاتی ہے۔ جو قوم اس حقیقت کو سمجھ لیتی ہے، وہ بظاہر کمزور ہونے کے باوجود تاریخ کے رخ کو بدل سکتی ہے۔

اور یہی وہ سوال ہے جو آنے والے وقت میں مشرقِ وسطیٰ کی سیاست اور عالمی طاقت کے توازن کو بھی متاثر کرے گا۔

اقتصادی جنگ — پابندیاں، تیل اور عالمی مالیاتی نظام

ایران کی موجودہ طاقت کو صرف فوجی زاویے سے سمجھنا ایک ادھورا تجزیہ ہو گا۔ دراصل ایران کی اصل آزمائش پچھلے کئی برسوں سے اقتصادی جنگ کے میدان میں ہو رہی ہے۔ کسی بھی ریاست کو کمزور کرنے کا ایک مؤثر طریقہ یہ ہوتا ہے کہ اس کی معیشت کو نشانہ بنایا جائے، اس کی تجارت کو محدود کیا جائے اور اسے عالمی مالیاتی نظام سے کاٹ دیا جائے۔ ایران کے ساتھ یہی کچھ کرنے کی کوشش کی گئی۔

لیکن اس کہانی کا اہم پہلو یہ ہے کہ ایران اس اقتصادی دباؤ کے باوجود ٹوٹا نہیں۔ اس نے اپنے اوپر عائد پابندیوں اور محدود وسائل کو ایک حقیقت کے طور پر قبول کیا اور اسی کے اندر رہتے ہوئے نئی راہیں تلاش کرنا شروع کیں۔ اس عمل نے ایران کو یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ عالمی معیشت میں ایسے کون سے مقامات ہیں جہاں دباؤ ڈالا جائے تو پوری دنیا متاثر ہو سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خلیجِ فارس اور آبنائے ہرمز جیسے خطے جو عالمی سیاست میں غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں، ایران کی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔

مشرقِ وسطیٰ کی اکثر حکومتیں اپنی اقتصادی کامیابی ایک ایسے عالمی نظام کے اندر حاصل کرتی ہیں جس کی سلامتی اور نگرانی بڑی طاقتوں، خصوصاً امریکہ، کے ہاتھ میں ہے۔ اس صورتِ حال کو سمجھنے کے لیے تاریخ کی ایک مثال یاد آتی ہے۔ برصغیر میں ایسٹ انڈیا کمپنی نے ابتدا میں تجارت کے نام پر قدم رکھا۔ وہ مقامی حکمرانوں کو تحفظ اور تعاون کا یقین دلاتی تھی اور اس کے بدلے میں مالی اور سیاسی وفاداری چاہتی تھی۔ جو حکمراں اس نظام کو قبول کر لیتے وہ وقتی طور پر مستحکم رہتے، مگر جو اس سے اختلاف کرتے انہیں ختم کر دیا جاتا۔ ٹیپو سلطان کی مثال اکثر اسی تناظر میں پیش کی جاتی ہے، جس نے اس نظام کو قبول کرنے سے انکار کیا اور آخرکار شدید فوجی طاقت کا سامنا کرنا پڑا۔

بعض مبصرین موجودہ عالمی نظام میں امریکہ کے کردار کو اسی تاریخی مثال کے ساتھ جوڑ کر دیکھتے ہیں۔ امریکہ ایک ایسا عالمی اقتصادی و مالیاتی ڈھانچہ قائم رکھتا ہے جس کے ذریعے تجارت، مالیاتی لین دین اور سلامتی کے کئی نظام اس کے اثر و رسوخ کے دائرے میں آ جاتے ہیں۔ اس نظام کے اندر رہ کر بہت سی ریاستیں اقتصادی ترقی حاصل کرتی ہیں، لیکن جو ریاستیں اس سے باہر نکلنے کی کوشش کرتی ہیں انہیں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایران نے اسی دباؤ کے ماحول میں ایک مختلف راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی۔ پابندیوں اور محدود وسائل کے باوجود اس نے اپنی حکمتِ عملی کو اس طرح ڈھالا کہ وہ مکمل طور پر تنہا نہ رہے۔ چین اور روس کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا اسی حکمتِ عملی کا حصہ تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایران نے اپنی داخلی سطح پر ٹیکنالوجی، دفاعی صنعت اور متبادل اقتصادی راستوں کی تلاش جاری رکھی۔ اس عمل نے ایران کو یہ سکھایا کہ پابندیوں کے اندر رہتے ہوئے بھی ریاستیں اپنی بقا کے نئے طریقے پیدا کر سکتی ہیں۔

فنِ جنگ کے مطالعے میں یہ ایک اہم سبق ہے۔ بعض اوقات جنگ کا سب سے اہم مرحلہ میدانِ جنگ سے پہلے ہی طے ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی ریاست اقتصادی دباؤ کے باوجود اپنی داخلی قوت کو برقرار رکھ سکے اور نئے اتحادی تلاش کر لے تو وہ طویل مدت میں خود کو زیادہ مضبوط بنا سکتی ہے۔ ایران کی موجودہ حکمتِ عملی کو اسی زاویے سے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں اقتصادی پابندیاں ایک کمزوری کے بجائے ایک نئے راستے کی تلاش کا سبب بن گئیں۔

ٹیکنالوجی کی جنگ — میزائل، ڈرون اور سائبر میدان

جدید جنگ کا ایک اہم اور خاموش میدان سائبر جنگ ہے۔ اس میدان میں وہ ریاستیں سب سے زیادہ طاقتور سمجھی جاتی ہیں جن کے پاس اعلیٰ درجے کی تکنیکی مہارت، خفیہ نیٹ ورک اور جدید سافٹ ویئر صلاحیتیں موجود ہوں۔ اس تناظر میں اسرائیل کو اکثر دنیا کی سب سے ماہر سائبر طاقتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسرائیل کی خفیہ ایجنسیاں اور ٹیکنالوجی ادارے برسوں سے اس میدان میں کام کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ کی کئی کشمکشوں میں اس کا کردار نمایاں نظر آتا ہے۔

ایران اس حقیقت سے پوری طرح آگاہ ہے کہ اس میدان میں اس کا مقابلہ ایک ایسی قوت سے ہے جس کے پاس طویل تجربہ اور اعلیٰ سطح کی مہارت موجود ہے۔ اسی لیے ایران کی حکمتِ عملی یہ نہیں رہی کہ وہ اسی سطح کی مہنگی اور پیچیدہ ٹیکنالوجی کو فوراً حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ اس کے بجائے ایران نے یہ سوچ اختیار کی کہ کم لاگت کے طریقوں سے زیادہ پیچیدہ نظاموں کو چیلنج کیا جائے۔ اس حکمتِ عملی میں غیر متوازن ٹیکنالوجی، مقامی انجینئرنگ، اور بعض اوقات ایسے طریقے شامل ہوتے ہیں جن سے کم وسائل کے باوجود مؤثر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ اسی لیے ایران نے میزائل، ڈرون اور سائبر میدان میں ایسے طریقوں پر توجہ دی جن میں لاگت نسبتاً کم ہو مگر اثر زیادہ ہو۔

کچھ تجزیہ نگار یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اس راستے میں ایران نے بعض بڑی طاقتوں کے ساتھ تعاون کے امکانات تلاش کیے۔ چین اور روس کے ساتھ تعلقات کو اکثر اسی زاویے سے دیکھا جاتا ہے، اگرچہ اس نوعیت کے تعاون کی مکمل تفصیلات عموماً واضح نہیں ہوتیں۔ اس لیے اس بارے میں حتمی بات کہنا مشکل ہے۔

تاریخ میں اس طرزِ فکر کی مثالیں پہلے بھی ملتی ہیں۔ اسلامی تاریخ میں حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کی قیادت میں جب مسلمان ایران کی ساسانی سلطنت کے مقابلے میں میدان میں اترے تو اس وقت حالات کا فرق واضح تھا۔ ایرانی سلطنت کے پاس بڑی فوج، بہتر سازوسامان اور زیادہ ترقی یافتہ جنگی ڈھانچہ موجود تھا، جبکہ مسلمانوں کے پاس محدود وسائل اور سادہ ہتھیار تھے۔ مگر انہوں نے جنگ کے انداز میں لچک پیدا کی، غیر روایتی حکمتِ عملی اختیار کی اور ایسی جنگی تکنیکیں استعمال کیں جنہوں نے بڑی سلطنت کی برتری کو کمزور کر دیا۔

یہ مثال ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جنگ میں ہمیشہ صرف ٹیکنالوجی ہی فیصلہ کن عنصر نہیں ہوتی۔ بعض اوقات حکمتِ عملی، لچک اور غیر متوقع طریقے بڑی طاقت کے توازن کو بدل دیتے ہیں۔ ایران کی موجودہ حکمتِ عملی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں کم وسائل کے باوجود ایسے راستے تلاش کیے جا رہے ہیں جو زیادہ پیچیدہ اور مہنگے نظاموں کو چیلنج کر سکیں۔

علاقائی جنگ — نگرانی اور کنٹرول کا نظام

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کو سمجھنے کے لیے صرف میزائلوں اور فوجی طاقت کو دیکھنا کافی نہیں ہے۔ اس جنگ کا ایک اور اہم پہلو نگرانی اور کنٹرول کا نظام ہے۔ خلیجی ممالک میں امریکہ کے مختلف فوجی اڈے دراصل صرف فوجی موجودگی نہیں بلکہ ایک طرح کے نگرانی کے مینار ہیں۔ ان اڈوں کے ذریعے پورے خطے کی فضائی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی ہے۔ سیٹلائٹ، ریڈار، جدید سینسر اور مختلف قسم کی ٹیکنالوجی کے ذریعے یہ نظام پورے فضائی علاقے کی مسلسل نگرانی کرتا ہے۔

یہ نظام امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو ایک بڑی برتری دیتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف دشمن کی حرکت کو پہلے سے دیکھا جا سکتا ہے بلکہ جنگی حکمتِ عملی بھی اسی بنیاد پر ترتیب دی جاتی ہے۔ جب تک یہ نگرانی کا نظام مضبوط رہے، اس وقت تک کسی بھی مخالف قوت کے لیے کھلے میدان میں براہِ راست مقابلہ کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

اس طرح کے نظام کو براہِ راست اور مرکزی حملے سے ختم کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کے لیے اکثر غیر مرکزی یا گوریلا طرز کی حکمتِ عملی زیادہ مؤثر سمجھی جاتی ہے۔ یعنی مختلف مقامات سے چھوٹے مگر مسلسل حملوں کے ذریعے ایسے نظام کو دباؤ میں رکھا جائے۔ اس طرح مخالف قوت کو ہر جگہ بیک وقت اپنی توجہ تقسیم کرنی پڑتی ہے اور اس کی برتری آہستہ آہستہ کمزور ہونے لگتی ہے۔ بعض تجزیہ نگاروں کے مطابق ایران اسی طرح کی حکمتِ عملی کو مختلف سطحوں پر آزمانے کی کوشش کرتا رہا ہے۔

تاریخ میں بھی نگرانی کے ایسے نظام موجود رہے ہیں۔ قدیم زمانوں میں قلعوں اور سرحدوں پر واچ ٹاور بنائے جاتے تھے جہاں سے دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاتی تھی۔ جنگ کی حکمتِ عملی میں اکثر یہ سمجھا جاتا تھا کہ اگر ان نگرانی کے مراکز کو کمزور کر دیا جائے تو دشمن کی طاقت کا بڑا حصہ خود بخود متاثر ہو جاتا ہے۔

اسی اصول کو جدید دور میں نئے انداز سے دیکھا جا سکتا ہے۔ آج کے واچ ٹاور پتھر کے مینار نہیں بلکہ سیٹلائٹ، ریڈار اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام ہیں۔ لیکن جنگ کا اصول اب بھی وہی ہے: اگر نگرانی کی آنکھ کمزور ہو جائے تو میدانِ جنگ کا توازن بدل سکتا ہے۔ ایران کی حکمتِ عملی کو اسی تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے، جہاں مقصد یہ ہوتا ہے کہ طاقت کے موجودہ توازن کو اس حد تک تبدیل کیا جائے کہ جنگ یک طرفہ نہ رہے بلکہ ایک حقیقی مقابلے کی صورت اختیار کر سکے۔

امریکہ اور اسرائیل — عالمی طاقت اور علاقائی منصوبہ

اسرائیل کی ریاستی سوچ کا بنیادی محور سلامتی ہے۔ لیکن سلامتی کے اس تصور کے ساتھ ایک توسیع پسندانہ سیاسی خیال بھی جڑا ہوا ہے جسے بعض حلقے “گریٹر اسرائیل” کے تصور کے طور پر بیان کرتے ہیں۔ اس تصور کے مطابق اسرائیل کو خطے میں اس قدر مضبوط ہونا چاہیے کہ کوئی علاقائی طاقت اس کے وجود کے لیے حقیقی خطرہ نہ بن سکے۔ اس مقصد کے راستے میں اگر کوئی بڑی رکاوٹ سمجھی جاتی ہے تو وہ ایران ہے، کیونکہ ایران خود کو خطے کی ایک خودمختار اور بااثر طاقت کے طور پر پیش کرتا ہے۔

اسرائیل اکیلے اس طرح کے بڑے جغرافیائی اور سیاسی توازن کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ اسی لیے اسے ایک ایسی عالمی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے جو اس کے لیے سیاسی، عسکری اور اقتصادی سطح پر پشت پناہی فراہم کرے۔ یہاں امریکہ کا کردار مرکزی ہو جاتا ہے۔ امریکہ صرف اسرائیل کا اتحادی نہیں بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے پورے نظام میں ایک فیصلہ کن طاقت ہے۔

خلیجی ممالک میں امریکہ کی فوجی موجودگی اور نگرانی کے نظام کو اسی وسیع تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ اڈے اور ٹیکنالوجی ایک طرف اسرائیل کی سلامتی کے لیے ایک حفاظتی دائرہ فراہم کرتے ہیں، اور دوسری طرف امریکہ کو یہ صلاحیت دیتے ہیں کہ وہ پورے خطے کی سیاسی اور اقتصادی سمت کو متاثر کر سکے۔ توانائی کے ذخائر، سمندری راستے اور عالمی تجارت — یہ سب عوامل امریکہ کی اس موجودگی کو مزید اہم بنا دیتے ہیں۔

اسی لیے مشرقِ وسطیٰ کی سیاست میں امریکہ اور اسرائیل کا تعلق صرف دو ریاستوں کا تعلق نہیں رہتا بلکہ ایک بڑے عالمی نظام کا حصہ بن جاتا ہے۔ اسرائیل خطے میں ایک مضبوط تکنیکی اور عسکری قوت کے طور پر کام کرتا ہے، جبکہ امریکہ عالمی سطح پر اس نظام کو سیاسی اور اقتصادی طاقت فراہم کرتا ہے۔

ایران کے نقطۂ نظر سے یہی وہ ڈھانچہ ہے جسے چیلنج کرنا اصل مسئلہ ہے۔ کیونکہ جب تک یہ عالمی اور علاقائی طاقتیں ایک دوسرے کے ساتھ جڑی رہیں، اس وقت تک خطے میں طاقت کا توازن ایک مخصوص سمت میں جھکا رہتا ہے۔ اسی وجہ سے مشرقِ وسطیٰ کی کشمکش کو صرف ایک علاقائی تنازعہ کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا؛ یہ دراصل عالمی طاقت کے ڈھانچے اور اس کے مستقبل کا سوال بھی بن چکی ہے۔

ایران کی حکمتِ عملی — بقا، صبر اور طویل جنگ

مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشمکش کو اگر ایران کے زاویے سے دیکھا جائے تو ایک بات واضح ہوتی ہے: ایران اس جنگ کو فوری فتح یا فوری شکست کے طور پر نہیں دیکھتا۔ اس کی حکمتِ عملی زیادہ تر طویل مدت کی بقا پر مبنی نظر آتی ہے۔ ایران جانتا ہے کہ وہ فوجی طاقت، اقتصادی وسائل اور عالمی اثر و رسوخ کے اعتبار سے امریکہ کے برابر نہیں ہے۔ اسی لیے اس کی سوچ براہِ راست تصادم کے بجائے ایک ایسی حکمتِ عملی کی طرف جاتی ہے جس میں وقت اور صبر مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔

ایران کی پالیسی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ جنگ کو صرف ایک میدان تک محدود نہ رکھا جائے۔ اقتصادی میدان میں پابندیوں کا مقابلہ، ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانا اور علاقائی سطح پر مختلف روابط قائم کرنا، یہ سب ایک وسیع حکمتِ عملی کا حصہ بن جاتے ہیں۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد یہ نہیں کہ فوری طور پر طاقت کا توازن بدل دیا جائے، بلکہ یہ ہے کہ طویل مدت میں ایسا توازن پیدا ہو جائے جس میں ایران اپنی جگہ برقرار رکھ سکے۔

ایران کی سوچ میں ایک اور عنصر بھی نمایاں نظر آتا ہے، اور وہ ہے جنگ کی نوعیت کو تبدیل کرنا۔ اگر جنگ صرف روایتی فوجی طاقت کے پیمانے پر ہو تو بڑی طاقتوں کو ہمیشہ برتری حاصل رہتی ہے۔ لیکن اگر جنگ کئی مختلف میدانوں میں پھیل جائے — معیشت، ٹیکنالوجی، علاقائی سیاست اور سفارت کاری — تو پھر طاقت کا توازن زیادہ پیچیدہ ہو جاتا ہے۔ ایران اسی پیچیدگی کو اپنی حکمتِ عملی کا حصہ بناتا ہے۔

اس طرزِ فکر میں وقت ایک اہم عنصر بن جاتا ہے۔ فوری نتائج کے بجائے طویل مدت کی استقامت اہم ہو جاتی ہے۔ ایران کے لیے اصل کامیابی یہ نہیں کہ وہ کسی ایک مرحلے میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لے، بلکہ یہ ہے کہ وہ مسلسل دباؤ کے باوجود قائم رہ سکے۔ کیونکہ تاریخ میں کئی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ جو ریاستیں طویل دباؤ کو برداشت کر لیتی ہیں، وہ بالآخر سیاسی اور تاریخی توازن کو بدل دیتی ہیں۔

نیا عالمی نظام — اگر ایران قائم رہتا ہے

ہر بڑی جنگ صرف میدانِ جنگ کا فیصلہ نہیں کرتی بلکہ وہ عالمی نظام کے توازن کو بھی متاثر کرتی ہے۔ تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ جب کوئی نسبتاً کمزور سمجھی جانے والی ریاست ایک بڑی عالمی طاقت کے دباؤ کے باوجود قائم رہتی ہے تو اس کے اثرات پورے عالمی نظام میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ اسی تناظر میں بعض مبصرین ایران اور امریکہ کے درمیان کشمکش کو صرف ایک علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ عالمی طاقت کے توازن کے ایک امتحان کے طور پر دیکھتے ہیں۔

بعض ماہرین اس مسئلے کو گیم تھیوری کے زاویے سے بھی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ چینی نژاد ماہرِ جغرافیائی سیاست پروفیسر جیانگ شوے چن (Jiang Xueqin)نے اپنی بعض گفتگوؤں میں یہ استدلال پیش کیا ہے کہ عالمی سیاست کو مختلف طاقتوں کے درمیان ایک طویل اسٹریٹیجک کھیل کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس کھیل میں فوری فوجی برتری ہمیشہ فیصلہ کن نہیں ہوتی بلکہ اصل سوال یہ ہوتا ہے کہ کون سی ریاست طویل دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پروفیسر جیانگ کے مطابق اگر کسی جنگ میں ایک بڑی طاقت اپنے مخالف کو مکمل طور پر شکست دینے میں ناکام رہتی ہے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس جنگ میں اس بڑی طاقت کی اسٹریٹیجک برتری ٹوٹ چکی ہے۔ ان کے الفاظ میں امریکہ شاید ایران پر حملہ کر سکتا ہے، لیکن اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ وہ اس جنگ کو جیت سکے گا۔ اس صورت میں ممکن ہے کہ ایران مکمل فتح حاصل نہ کرے، مگر وہ شکست بھی نہ کھائے — اور یہی صورت حال عالمی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے۔

اسی طرح امریکی فوج کے سابق کرنل اور جیو اسٹریٹیجک مبصر ڈگلس میکگریگر بھی اس خطے کی کشمکش کو ایک بڑے عالمی تغیر کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر ایران طویل دباؤ کے باوجود قائم رہتا ہے تو یہ صرف ایک علاقائی واقعہ نہیں ہوگا بلکہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کا توازن بنیادی طور پر تبدیل ہو رہا ہے، اور ایک نیا عالمی مرحلہ شروع ہو سکتا ہے جس میں امریکہ کی بالادستی کو پہلی بار حقیقی چیلنج ملے گا۔

ان آراء کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ جدید دنیا میں جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں جیتی جاتی۔ بعض اوقات کسی ریاست کی صرف بقا ہی ایک بڑی اسٹریٹیجک کامیابی بن جاتی ہے۔ اگر ایک ریاست مسلسل اقتصادی پابندیوں، سیاسی دباؤ اور فوجی خطرات کے باوجود قائم رہتی ہے تو وہ عالمی سیاست کے حسابات کو بدل دیتی ہے۔

مصنوعی ذہانت (AI)اور ڈیٹا کی جنگ

آج کی جنگ صرف بندوق، ٹینک اور میزائل کی جنگ نہیں رہی۔ دنیا ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے جہاں جنگ کا ایک نیا میدان سامنے آیا ہے، اور وہ ہے ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت کی جنگ۔ اب طاقت کا اندازہ صرف فوج کی تعداد یا ہتھیاروں سے نہیں لگایا جاتا، بلکہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ کس کے پاس زیادہ معلومات ہیں اور کون انہیں بہتر طریقے سے استعمال کر سکتا ہے۔

دنیا کی بڑی طاقتیں اس حقیقت کو سمجھ چکی ہیں کہ مستقبل کی جنگ میں ڈیٹا اور الگورتھم فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔ جس کے پاس زیادہ ڈیٹا ہوگا اور جو اس ڈیٹا کو بہتر طریقے سے سمجھ کر فیصلے کر سکے گا، وہی برتری حاصل کرے گا۔ اسی لیے امریکہ، چین اور اسرائیل اپنی فوجی حکمت عملی میں مصنوعی ذہانت کو مرکزی مقام دے رہے ہیں۔

آج کے جدید جنگی نظام میں سیٹلائٹ، ڈرون اور مختلف سینسر مسلسل معلومات جمع کرتے رہتے ہیں۔ یہ معلومات ایک بڑے نظام میں پہنچتی ہیں جہاں مصنوعی ذہانت چند سیکنڈ میں ان کا تجزیہ کر کے ہدف کا تعین کر دیتی ہے۔ یہ وہ کام ہے جس کے لیے پہلے ہزاروں فوجیوں اور ماہرین کی ضرورت ہوتی تھی، مگر اب AI یہ کام لمحوں میں انجام دے سکتی ہے۔

ایران بھی اس بدلتی ہوئی حقیقت سے پوری طرح واقف ہے۔ اسے یہ بات سمجھ میں آ چکی ہے کہ اگر وہ صرف روایتی جنگی طاقت پر انحصار کرے گا تو امریکہ اور اسرائیل جیسی طاقتوں کے مقابلے میں کمزور رہے گا۔ اسی لیے ایران نے اپنی حکمت عملی میں نئے میدانوں پر توجہ دی ہے، خاص طور پر سائبر جنگ، معلوماتی جنگ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ہتھیاروں کے میدان میں۔

اسی طرح ایک اور اہم میدان معلوماتی جنگ کا ہے۔ آج جنگ صرف میدانِ جنگ میں نہیں لڑی جاتی بلکہ سوشل میڈیا اور اطلاعات کے نظام میں بھی لڑی جاتی ہے۔ مصنوعی ذہانت کی مدد سے جعلی ویڈیو بنانا، سوشل میڈیا پر منظم مہم چلانا اور عوامی رائے کو متاثر کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ اس طرح جنگ کا ایک حصہ لوگوں کے ذہنوں میں بھی لڑا جاتا ہے۔

تیسرا میدان خودکار ہتھیاروں کا ہے۔ ایران نے ڈرون، میزائل اور دیگر دفاعی نظاموں میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنا شروع کر دیا ہے۔ AI سے چلنے والے ڈرون، ہدف کی شناخت کرنے والے میزائل اور مختلف روبوٹک نظام اب جدید جنگ کا حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ اس سے جنگی فیصلے تیز ہو جاتے ہیں اور حملے زیادہ درست ہو سکتے ہیں۔

درحقیقت ایران کی اصل حکمت عملی یہ ہے کہ وہ اپنے محدود وسائل کے باوجود ایک ایسا نظام تیار کرے جس میں مصنوعی ذہانت، سائبر صلاحیت اور غیر روایتی جنگی طریقے ایک ساتھ کام کریں۔ اس طرح ایک نسبتاً کمزور ملک بھی ایک بڑی فوجی طاقت کو چیلنج کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکتا ہے۔ اسی وجہ سے بہت سے ماہرین کا خیال ہے کہ ایران مصنوعی ذہانت کو asymmetric warfare یعنی غیر متوازن جنگ کا ایک اہم ہتھیار سمجھتا ہے۔

آخر میں اصل سوال یہی ہے کہ مستقبل کی جنگ میں حقیقی طاقت کس کے پاس ہوگی۔ کیا صرف میزائل اور فوج فیصلہ کریں گے؟ شاید نہیں۔ آنے والے دور میں اصل طاقت اس کے پاس ہوگی جس کے پاس ڈیٹا، الگورتھم اور مصنوعی ذہانت کا امتزاج ہوگا۔ جو قوم ان تینوں کو سمجھ لے گی اور انہیں اپنی حکمت عملی کا حصہ بنا لے گی، وہی آنے والی جنگوں کے نقشے کو بدلنے کی صلاحیت رکھے گی۔

ڈیٹا کی سلطنت: آنے والی جنگوں کا اصل میدان

آنے والے زمانے کی جنگ کو سمجھنے کے لیے ایک بنیادی حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے، اور وہ یہ ہے کہ دنیا تیزی سے ڈیٹا کے دور میں داخل ہو چکی ہے۔ پہلے طاقت کا اندازہ زمین، فوج اور ہتھیاروں سے لگایا جاتا تھا، مگر اب ایک نئی طاقت ابھر رہی ہے جسے ڈیٹا کی طاقت کہا جا سکتا ہے۔ جس کے پاس زیادہ معلومات ہوں گی اور جو انہیں بہتر طریقے سے استعمال کر سکے گا، وہی آنے والے زمانے میں برتری حاصل کرے گا۔

ڈیٹا دراصل وہ خام مواد ہے جس پر مصنوعی ذہانت کام کرتی ہے۔ جتنا زیادہ ڈیٹا ہوگا، اتنا ہی بہتر انداز میں الگورتھم فیصلے کر سکیں گے۔ اسی لیے آج کی بڑی طاقتیں صرف ہتھیار نہیں بنا رہیں بلکہ وہ معلومات جمع کرنے کے وسیع نظام بھی بنا رہی ہیں۔ سیٹلائٹ، ڈرون، نگرانی کے نظام، انٹرنیٹ پلیٹ فارم اور مختلف ڈیجیٹل نیٹ ورک دراصل اسی بڑے ڈیٹا کے نظام کا حصہ ہیں۔

جنگ کے میدان میں اب یہ ڈیٹا فوری طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ مختلف سینسروں سے آنے والی معلومات ایک مرکزی نظام میں پہنچتی ہیں جہاں مصنوعی ذہانت ان کا تجزیہ کر کے چند لمحوں میں یہ طے کر سکتی ہے کہ دشمن کہاں ہے، کس سمت میں حرکت کر رہا ہے اور کس جگہ حملہ کرنا زیادہ مؤثر ہوگا۔ اس طرح فیصلہ سازی کا عمل انتہائی تیز ہو جاتا ہے۔

مگر ڈیٹا کی جنگ صرف فوجی میدان تک محدود نہیں ہے۔ اس کا ایک بڑا حصہ معاشرے اور ذہنوں پر اثر انداز ہونے سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم، معلوماتی مہمات اور بیانیہ سازی دراصل اسی ڈیٹا کے نظام کا حصہ ہیں۔ جو طاقت لوگوں کی سوچ اور رائے کو متاثر کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے، وہ براہ راست جنگ کے بغیر بھی اپنے مقاصد حاصل کر سکتی ہے۔

اسی پس منظر میں ایران کی حکمت عملی کو سمجھنا ضروری ہے۔ ایران کو اس بات کا ادراک ہے کہ وہ روایتی فوجی طاقت میں امریکہ کے برابر نہیں ہو سکتا۔ اس لیے وہ ایسے میدانوں پر توجہ دے رہا ہے جہاں معلومات، سائبر صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے توازن پیدا کیا جا سکے۔ ایران نے سائبر میدان، ڈرون ٹیکنالوجی اور معلوماتی جنگ کے شعبوں میں اسی سوچ کے تحت سرمایہ کاری کی ہے۔

ڈیٹا کی اس نئی دنیا میں طاقت کا مطلب صرف فوجی قوت نہیں رہا بلکہ یہ معلومات پر کنٹرول سے بھی وابستہ ہو گیا ہے۔ جو ریاستیں بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کرنے، اس کا تجزیہ کرنے اور اسے حکمت عملی میں استعمال کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گی، وہ عالمی سیاست اور جنگ کے نقشے کو بدل سکتی ہیں۔

اسی لیے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ آنے والے زمانے کی جنگیں صرف زمین، سمندر اور فضا میں نہیں لڑی جائیں گی بلکہ ایک چوتھا میدان بھی ہوگا — اور وہ ہے ڈیٹا کی سلطنت۔ یہاں اصل مقابلہ ہتھیاروں کا نہیں بلکہ معلومات، الگورتھم اور ذہانت کا ہوگا۔ جو قوم اس میدان کو سمجھ لے گی، وہی مستقبل کی جنگوں میں اپنی جگہ مضبوط بنا سکے گی۔

فنِ جنگ کا آخری سبق — طاقت، معیشت اور تہذیب

فنِ جنگ کا آخری سبق شاید یہی ہے کہ طاقت صرف ہتھیاروں میں نہیں ہوتی۔ طاقت معیشت میں بھی ہوتی ہے، علم میں بھی، ٹیکنالوجی میں بھی، اور سب سے بڑھ کر انسانی ارادے اور تہذیبی اعتماد میں ہوتی ہے۔ جب کوئی معاشرہ ان مختلف طاقتوں کو ایک ساتھ جوڑنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ بظاہر کمزور ہونے کے باوجود تاریخ کے دھارے کو بدلنے کی صلاحیت پیدا کر لیتا ہے۔

اسی لیے ایران کی کہانی کو صرف ایک جنگ کے طور پر نہیں بلکہ ایک بڑے سوال کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے: آنے والے زمانے میں دنیا کا نظام کس بنیاد پر قائم ہوگا — صرف طاقت کے زور پر یا طاقت، معیشت اور تہذیبی ارادے کے ایک نئے توازن پر۔

اور شاید یہی وہ سوال ہے جو مستقبل کی عالمی سیاست کو بھی شکل دے گا۔

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

امریکہ ایران جنگ

حالیہ شمارے

فروری 2026

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223