یہ خبر افسوس کے ساتھ سُنی جائے گی کہ حلقہ دہلی و ہریانہ ﴿جماعت اسلامی ہند﴾ کے آفس سکریٹری جناب وقار کیفی کا ۴/اکتوبر ۲۰۱۲کی شب میں انتقال ہوگیا۔ اِنا للہ وانااِلیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، اُن کی خدمات کوقبول فرمائے اور پس ماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق دے۔
وقار کیفی صاحب جماعت کے ہمہ وقتی کارکن تھے اور ایک طویل عرصے سے آفس سکریٹری کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ اپنے طویل تنظیمی تجربے کی بِنا پر وہ نہ صرف تمام ارکانِ حلقہ سے واقف تھے بلکہ کارکنان وہم دردانِ جماعت کی بڑی تعداد سے بھی شخصی واقفیت رکھتے تھے۔ رفقا کو اہم پروگراموں سے واقف کرانے، منصوبوں کی یاد دہانی اور ضروری معلومات کی ترسیل کے کام کو وہ بڑی مستعدی کے ساتھ انجام دیتے تھے۔ کم زور صحت کے باوجود وہ سخت محنت کے عادی تھے اور تنظیمی مشین کو چُست رکھنے میں اُن کا نمایاں رول تھا۔ اُن کی زندگی امانت و دیانت، احساسِ ذمّہ داری اور فرض شناسی کی آئینہ دار تھی۔ اُن کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا عرصے تک محسوس کیاجاتا رہے گا۔ اللہ جماعت کو اُن کا نعم البدل عطا فرمائے۔﴿ادارہ﴾ **
مشمولہ: شمارہ نومبر 2012