اونچے مقصد کی پائیدار بنیاد

دین حق کی علم برداری کا نصب العین اپنی نوعیت کا ایک ہی نصب العین ہے اور اس کی راہ جن دشواریوں سے ہوکر گزرتی ہے ان کو کسی اور کام کی دشواریوں پر قیاس ہی نہیں کیا جاسکتا۔ ایسی انتہائی اونچائی رکھنے والے مقصد کا یہ فطری مطالبہ ہوگا کہ اس کے لیے جو جدوجہد کی جائے اس کی بنیاد بھی انتہائی گہری اور پائیدار بنائی جائے تاکہ وہ اس بھاری بھرکم آہنی عمارت کی دیواروں اور چھتوں کا پورا بوجھ اٹھاسکے، ورنہ اگر غفلت یا جلدبازی سے کام لیتے ہوئے اس بنیاد کو کم زور رہ جانے دیا گیا اور الٹے سیدھے کچھ کنکر پتھر رکھ کر آگے تعمیر شروع کردی گئی تو یہ ایک خطرناک غلط کاری ہوگی اور اس کا انجام ایک زبردست المیہ کی شکل میں نمودار ہوگا۔ایسی تعمیر سے ایک مضبوط عمارت بن جانے کی توقع صرف وہی کرسکتا ہے جو احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ ناقص تیاریوں سے دین حق کے پھیلاؤ اور غلبے کی جدوجہد کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی، اللہ کی سنت اب تک یہی رہی ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ اب وہ ہمارے اور آپ کے لیے بدل جائے۔

٭٭٭

جس طرح کسی عمارت کی بنیادیں بھرنے سے پہلے دیواریں اور چھتیں نہیں بنائی جاتیں، اسی طرح کسی شخص کی عقل وفہم کو دین کی اصولی تعلیمات پر دلیلوں سے مطمئن کئے بغیر اس کے قلب کو ایمانی کیفیتوں سے لبریز کرنے کی کوشش کوئی حکیمانہ فعل نہیں ۔ اس طرح جو ایمان پیدا ہوگا اس کی مثال اس جسم سے مختلف نہ ہوگی جو باہر سے تو بڑا خوبصورت اور دلکش نظر آتا ہو مگر اس کا اندرون ، زندگی کی توانائیوں سے بڑی حد تک خالی ہو۔ ظاہر ہے کہ ایسے ایمان پر کبھی بھی پورے اطمینان کا اظہار نہیں کیا جاسکتا، اور نہ اس سے ان ثمرات کی توقع کی جاسکتی ہے جو قرآن حکیم کے بتائے ہوئے طریق تعلیم وتربیت سے حاصل ہوتے ہیں۔  چنانچہ یہ جو آپ دیکھتے ہیں کہ بہت سی بلند پایہ ہستیوں کے دینی کارناموں میں ایک محدودیت سی ہوتی ہے، اور دین کے وسیع تقاضوں میں سے چند ہی پر ان کے شوق اور توجہ کی نگاہیں جم کر رہ جاتی ہیں، تو اس عجیب صورت حال کی اصل وجہ ان کے انداز فکر کے سوا کچھ نہیں۔  (اساس دین کی تعمیر)

مشمولہ: شمارہ ستمبر 2019

مزید

حالیہ شمارے

نومبر 2024

شمارہ پڑھیں

اکتوبر 2024

شمارہ پڑھیں
Zindagi e Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 400 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223