اسلام کو بازیچہ تاویل بناکر!!

جو لوگ بدلے ہوئے حالات میں ذاتی مفادات کی خاطر یا دوسرے نظریات سے متاثر یا حالات کے دباؤ سے مرعوب ہوکر اپنے اصول و نظریات میں ترمیم کرلیتے ہیں وہ اپنے نظریات کے وفا دار مومن سمجھے جانے کے بجائے منافق کہلائے جانے کے زیادہ مستحق ہیں۔ دنیا کا ہر دین اور ہر نظام ایسے ہی لوگوں کے ہاتھوں مسخ ہوتا اور مسخ ہوا ہے۔ یہ لوگ اتنی جرأت نہیں رکھتے کہ جن اصول و نظریات پر سے ان کا اعتماد اٹھ چکا ہے ان سے اعلان براءت کردیں اور کھل کر ان نظریات کو اپنالیں جن کو ان کے دل و دماغ نے قبول کرلیا ہے یا جن میں انھیں اپنا مفاد نظر آتا ہے۔ اس کے بجائے وہ ان اصول و نظریات کو توڑ مروڑ کر اپنی خواہشات کے مطابق بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور ساتھ ہی حلق کی پوری قوت کے ساتھ اعلان کرتے رہتے ہیں کہ وہ ان اصول و نظریات کے سب سے بڑے مومن اور سب سے زیادہ مخلص ہیں۔

مغرب کے فکری و سیاسی غلبہ سے عالمِ انسانی کو بہت سے نقصانات پہنچے ہیں مگر سب سے بڑا نقصان جو پہنچا ہے وہ یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں اسلام جیسے مکمل، متوازن اور عادلانہ نظامِ زندگی اور واحد دینِ حق کے مختلف اصولوں پر سے اُن بہت سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا جو اپنے آپ کو اس کا نام لیوا ظاہر کرتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اسلام سے زیادہ مغربی افکار و نظریات سے واقف و مرعوب اور اسلامی تہذیب سے زیادہ مغربی تہذیب کے دل دادہ ہیں۔ یہ حضرات اپنی جہالت اور مرعوبیت کا اعتراف کرنے کے بجائے مجتہدانہ انداز میں اسلامی تعلیمات کی نئی نئی تعبیریں پیش کرتے رہتے ہیں اور جو لوگ ان تعبیرات سے اختلاف کریں ان پر اسلام سے ناواقفیت اور حالاتِ زمانہ سے بے خبری کا الزام لگاتے ہیں۔ حالانکہ اگر ان لوگوں کی مختلف و متضاد تعبیرات کو صحیح باور کرلیا جائے تو نتیجہ صرف ایک نکلے گا اور وہ یہ کہ اسلام کسی متعین چیز کا نام نہیں ہے۔ وہ سب کچھ ہے اور کچھ بھی نہیں ہے۔ دنیا کی ہر چیز اس میں داخل بھی کی جاسکتی ہے اور خارج بھی۔ کھلی ہوئی بات ہے کہ یہ اسلام کی پیروی اور خدمت نہیں، اس کی دشمنی ہے۔  (ماہنامہ زندگی رام پور، جون ۱۹۶۰ء)

مزید

آپ پڑھ رہے ہیں مضمون:

اسلام کو بازیچہ تاویل بناکر!!

حالیہ شمارے

جولائی 2026

شمارہ پڑھیں
Zindagi-e-Nau

درج بالا کیو آر کوڈ کو کسی بھی یو پی آئی ایپ سے اسکین کرکے زندگی نو کو عطیہ دیجیے۔ رسید حاصل کرنے کے لیے، ادائیگی کے بعد پیمنٹ کا اسکرین شاٹ نیچے دیے گئے ای میل / وہاٹس ایپ پر بھیجیے۔ خریدار حضرات بھی اسی طریقے کا استعمال کرتے ہوئے سالانہ زرِ تعاون مبلغ 500 روپے ادا کرسکتے ہیں۔ اس صورت میں پیمنٹ کا اسکرین شاٹ اور اپنا پورا پتہ انگریزی میں لکھ کر بذریعہ ای میل / وہاٹس ایپ ہمیں بھیجیے۔

Whatsapp: 9818799223